بھارت کا سرجیکل اسٹرائیک یا ثقافتی حملہ


\"benish\"بھارت نے پاکستان پر سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ کیا جسے پاکستان نے مسترد کردیا، بلکل صحیح مسترد کیا، بھارت نے واقعی پاکستان پر سرجیکل اسٹرائیک نہیں کیا۔ کیا آپ کو معلوم ہے کہ سرجیکل اسٹرائک ہوتا کیا ہے؟ تو ریٹائرڈ ایئرمارشل شہزاد چوہدری کے مطابق سرجیکل اسٹرائیک اچانک ہوتا ہے اور یہ انتہائی مہارت کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ سرجیکل اسٹرائیک اس وقت ہوتا ہے جب کوئی اپنا کام مکمل کرے اور واپس آجائے، اس میں کوئی پیچیدگی نہیں ہوتی اور نہ ہی اس میں اضافی نقصان ہوتا ہے\’\’۔

اگر اس جواب کے تناظر میں دیکھا جائے تو تسلی کرلیں کہ بھارتی نے سرجیکل اسٹرائیک نہیں کیا۔

بھارت کے \’\’سرجیکل اسٹرائیک\’\’ کے بعد سے ہمارے سیاستدان، دانشور، تجزیہ نگار غرض سب ہی کافی گرم جوشی سے ہر فورم پر پاکستان کا دفاع کرنے میں مصروف ہیں، پاک فوج بھی کسی سے پیچھے نہیں، پاک فوج ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم بھی جوابی کارروائی کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

پاک فوج ہو یا پھر سیاستدان یا پھر وہ تمام افراد جو پاکستان سے محبت کرتے ہیں ان سب کی باتیں سر آنکھوں پر لیکن میرا ایک سوال ہے کہ آخر یہ جنگ کس سے ہے؟

بھارت سے؟ لیکن بھارت تو ہمارے انگ انگ میں بسا ہوا ہے، جی ہاں یہ سچ ہے۔

ہوسکتا ہے آپ کو میری اس بات سے اختلاف بھی ہو لیکن اپنے ایمان سے بتائیے کہ کیا ابھی گاڑی چلاتے ہوئے جو گانے سنتے ہوئے آئے ہیں وہ بھارتی نہیں تھے؟

یا پھر گھر میں چلتے ٹی وی پر 99 میں سے 70 بھارتی چینل ٹیون نہیں کیے ہوئے؟

اسے بھی چھوڑیے درجن بھر سے زائد گلوکار اور اداکار تو بھارت جا کر ہی مشہور ہوئے ہیں کیونکہ پاکستان میں تو انہیں کوئی پوچھتا بھی نہیں تھا۔

ہمارے ملک میں جتنے بھی سینما گھر ہیں ان سب کا کاروبار تو چلتا ہی ہندی فلموں سے ہے۔

ہمارے میڈیا پر بھی بھارت کا ہی قبضہ ہے۔ ہر چینل پر آخری ہیڈ لائن ہندی فلم کی ریلیز کی ہی ہوتی ہے اور بعض چینلز کے بینر تلے تو فلمیں ریلیز کی جاتی ہیں۔

پیمرا کی جانب سے اس بات کی پابندی کے باوجود کہ خاص حد سے زیادہ ہندی مواد نشر نہیں کیا جاسکے گا دن بھر ٹی وی چینلز پر ڈرامے چلتے رہتے ہیں اور ہماری خواتین تو \’\’کم کم بھاگیہ \’\’ہو یا پھر \’\’ساتھ نبھانا ساتھیا\’\’ ریپیٹ ٹیلی کاسٹ بھی دیکھتی ہیں۔

یہی نہیں بہترین آوازوں کے جو مقابلے کیے جاتے ہیں ان میں ہندی گانوں کے ذریعے ہی بہترین آواز یا بہترین گائک کا چناؤ کیا جاتا ہے، پھر کیا لتا جی ہوں اور کیا کشور کمار ہر کسی کے گلے میں بھگوان بولتا ہو۔ معاف کیجئے گا، اگر میری تحریر میں ہندی کے الفاظ ہوں تو برا نہ مانیے گا کیا کروں اب تو کارٹون چینلز پر بھی کارٹونز ہندی زبان میں ڈب ہو کر نشر کیے جاتے ہیں۔

کہانی یہاں پر ختم نہیں ہوتی۔ اب تو اشتہاروں پر بھی ہندی اداکاروں کا قبضہ ہے۔ وہ کیا ہے کہ مارکیٹنگ اچھی ہو جاتی ہے اور پھر اشتہار بھی خوب بِکتا ہے۔

اب آپ بتائیے کہ بھارت نے سرجیکل اسٹرائیک نہیں کیا؟ جناب بھارت نے حملہ تو کیا ہے، اور یہ کوئی چھوٹا حملہ نہیں بلکہ کافی بڑا حملہ ہے اور ایسا حملہ ہے کہ آئندہ رہتی نسلیں تک یاد رکھیں گی۔

بھارت نے وہ میٹھا زہر آپ کی رگوں میں بھر دیا ہے کہ اس کے بغیر آپ نہ تو جی سکتے ہیں اور نہ ہی مر سکتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments