حضرت عمرؓ: ایک جدت پسند روشن خیال حکمران


\"adnan-khan-kakar-mukalima-3b4\"حضرت عمرؓ کی حکمرانی کا زمانہ، دور نبوتؐ کے بعد اسلام کی تاریخ کا مثالی زمانہ مانا جاتا ہے۔ چاہے عدل و انصاف کی مثال دینی ہو، یا بیت المال کو عوام الناس کی بہتری کے لئے استعمال کرنے کا معاملہ، یا حکمران کے ایک عام شہری کے سامنے جوابدہ ہونے کی روایت، حضرت عمرؓ ہی کا دور مثال کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ آئیے مولانا شبلی نعمانی کی مشہور کتاب سے حضرت عمرؓ کے دور کی ان اولیات کی مختصر فہرست پر نگاہ ڈالتے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ حضرت عمرؓ عوام کی فلاح اور نظام حکومت کو بہتر انداز میں چلانے کے لئے کس طرح جدت اختیار کرتے تھے۔ نظام میں مسلسل بہتری اور جدت کا معاملہ دکھائی دیتا ہے۔

حضرت عمرؓ کو رعایا کی بہتری کا کس قدر خیال تھا، اس کے بہت سے قصے آپ نے سنے ہوں گے۔ بھوکی عورت اور بچوں کا قصہ بھی بہت مشہور ہے اور وہ بھی جس میں ایک لڑکی اپنی ماں کو دودھ میں پانی ملا کر بیچنے سے منع کرتی ہے۔ لیکن ایک واقعہ دلچسپ ہے جس سے خلافت اسلامیہ کے فوجی نظام میں ایک بڑی اصلاح ہوئی۔ ایک دفعہ حضرت عمرؓ رات کو گشت کررہے تھے۔ ایک عورت اپنے بالاخانے پر بیٹھی یہ اشعار گا رہی تھی:

رات کالی ہے اور لمبی ہوتی جارہی ہے
اور میرے پہلو میں یار نہیں ہے جس سے خوش فعلی کروں

اس عورت کا شوہر جہاد پر گیا تھا اور اس کے فراق میں یہ درد انگیز اشعار پڑھ رہی تھی۔ حضرت عمر کو بہت قلق ہوا اور کہا کہ میں نے زنان عرب پر بڑا ظلم کیا۔ حضرت حفصہ کے پاس آئے اور پوچھا کہ عورت کتنے دن مرد کے بغیر بسر کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار مہینے۔ صبح ہوئی تو ہر جگہ حکم بھیج دیا کہ کوئی سپاہی چار مہینے سے زیادہ باہر نہ رہنے پائے۔
(الفاروق از شبلی نعمانی، حصہ دوئم، صفحہ 166)

حضرت عمرؓ نے ہر صیغہ میں جو باتیں نئی ایجاد کیں ان کو اولیات سے تعبیر کرتے ہیں چنانچہ ہم ان کے حالات کو انہی اولیات کی تفصیل پر ختم کرتے ہیں کہ اول بالآخر نسبتے وارد

1۔ بیت المال یعنی خزانہ قائم کیا
2۔ عدالتیں قائم کیں اور قاضی مقرر کیے
3۔ تاریخ اور سنہ قائم کیا جو آج تک جاری ہے
4۔ امیر المومنین کا لقب اختیار کیا
5۔ فوجی دفتر ترتیب دیا
6۔ والنٹیروں کی تنخواہیں مقرر کیں
7۔ دفتر مال قائم کیا
8۔ پیمائش جاری کی
9۔ مردم شماری کرائی
10۔ نہریں کھدوائیں
11۔ نئے شہر آباد کرائے یعنی کوفہ، بصرہ، جیزہ، فسطاط، موصل
12۔ ممالک مقبوضہ کو صوبوں میں تقسیم کیا
13۔ عشور یعنی دہ یکی مقرر کی
14۔دریا کی پیداوار مثلاً عنبر وغیرہ پر محصول لگایا اور محصل مقرر کیے
15۔ حربی تاجروں کو ملک میں آنے اور تجارت کرنے کی اجازت دی۔
16۔ جیل خانہ قائم کیا
17۔ درہ کا استعمال کیا
18۔ راتوں کو گشت کرکے رعایا کے دریافت حال کا طریقہ نکالا
19۔ پولیس کا محکمہ قائم کیا
20۔ جا بجا فوجی چھاونیاں قائم کیں۔
21۔ گھوڑوں کی نسل میں اصیل اور مجنس کی تمیز قائم کی جو اس وقت تک عرب میں نہ تھی۔
22۔ پرچہ نویس مقرر کیے۔
23۔ مکہ معظمہ سے مدینہ منورہ ک مسافروں کے آرام کے لیے مکانات بنوائے۔
24۔ راہ پر پڑے ہوئے بچوں کی پرورش اور پرداخت کے لیے روزینے مقرر کیے۔
25۔ مختلف شہروں میں مہمان خانے تعمیر کرائے۔
26۔ یہ قاعدہ قرار دیا کہ اہل عرب [گو کافر ہوں] غلام نہیں بنائے جا سکتے۔
27۔ مفلوک الحال عیسائیوں اور یہودیوں کے روزینے مقرر کیے۔
28۔ مکاتب قائم کیے۔
29۔ معلموں اور مدرسوں کے مشاہرے مقرر کیے۔
30۔ حضرت ابوبکرؓ کو اصرار کے ساتھ قرآن مجید کی ترتیب پر آمادہ کیا اور اپنے اہتمام سے سے اس کام کو پورا کیا۔
31۔ قیاس کا اصول قائم کیا۔
32۔ فرائض میں عول کا مسئلہ ایجاد کیا۔
33۔ فجر کی اذان میں الصلوۃ خیر من النوم اضافہ کیا۔ چنانچہ موطا امام مالک میں اسکی تفصیل مذکور ہے۔
34۔ نماز تراویح جماعت سے قائم کی۔
35۔ تین طلاقوں کو جو ایک ساتھ دی جائیں طلاق بائن قرار دیا۔
36۔ شراب کی حد کے لیے اسی کوڑے مقرر کیے۔
37۔ تجارت کے گھوڑوں پر زکوۃ مقرر کی۔
38۔ بنو تغلب کے عیسائیوں پر بجائے جزیہ کے زکوۃ مقرر کی۔
39۔ وقف کا طریقہ ایجاد کیا۔
40۔ نماز جنازہ میں چار تکبیروں پر تمام لوگوں کا اجماع کرا دیا۔
41۔ مساجد میں وعظ کا طریقہ قائم کیا چنانچہ ان کی اجازت سے تمیم داری نے وعظ کہا اور یہ اسلام میں پہلا وعظ تھا۔
42۔ اماموں اور موذنوں کی تنخواہیں مقرر کیں۔
43۔ مساجد میں راتوں کو روشنی کا انتظام کیا۔
44۔ ہجو کہنے پر تعزیر کی سزا قائم کی۔
45۔ غزلیہ اشعار میں عورتوں کے نام لینے سے منع کیا حالانکہ یہ طریقہ عرب میں مدتوں سے جاری تھا ان کے سوا اور بہت سی انکی اولیات ہیں جن کو ہم طوالت کے خوف سے قلم انداز کرتے ہیں۔

الفاروق از شبلی نعمانی، جلد دوئم، صفحہ 238

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments