جنگ سے نفرت، جہالت اور تباہی پھیلتی ہے


 \"kalsoom\"جب میں پیدا ہوئی تب ہی ابّا جی نے سوچ لیا تھا یہ والی بچی تو بس ڈاکٹر بنے گی اور تقریباً تیرا سال اس امید اور خواب میں گزارے کہ یہ پیاری بچی ان کی بات مانے گی، لیکن خدا نے اور زندگی نے مجھے ایک بار نہیں بلکہ دو بار بغاوت کا موقع دیا ۔ سکول میں تو جان جاتی تھےکہ مینڈک کو ہاتھ لگانا ہوگا لیکن جب کالج میں آئی تو بورڈ کے فارم میں بائیولوجی بھرنے سے پہلے ہسپتال کا کوئی چکّر لگ گیا۔

ہلکا سا بخار چڑھا تھا توگھر کے قریبی ہسپتال کی OPD میں بیٹھی تھی جب میں نے ایک ماں کو رکشے سے اترتے دیکھا اور اسکی گود میں بمشکل ڈھائی یا تین سال کا بچا ہوگا جس کا سر پھٹ گیا تھا۔ بچے کو تو ہسپتال کا عملہ تیزی سے اندر لے گیا لیکن اس کی ماں کی حالت مجھے آج بھی یاد ہے۔ تب ہی مجھے احساس ہوگیا کہ اگر میں ڈاکٹر بنی تو سوائے رونے کے کسی اور چیز کی اسپیشلسٹ نہیں بن سکتی۔

اس ماں کا بیٹا تو ٹانکے لگوا کر پھر سے اپنی ماں کی گود میں چڑھ گیا ہوگا۔ اگلے کئی دنوں تک ماں باپ سے نخرے بھی اٹھوائے ہوں گے۔ کبھی ان بچوں کا سوچیں جو خود یا ان کے والدین کا سوچیں جو بمباری، شیلنگ، اور فائرنگ کا شکار ہوتے ہیں۔ انسان اپنی کی غلطی کی بھی چوٹ کھائے تو غصّہ اور تکلیف ہوتی ہے، پھر یہ تو مسلط کردہ جنگیں ہیں جو آنے والی نسلوں کو یتیم، جوان کو بیوہ، اور بوڑھوں کا سہارا چھین لیتی ہیں۔

جب کبھی میڈیا پر شام میں ہونے والی جنگ اور اس کے نتیجے میں زخمی اور ہلاک بچوں کی خبر یا ویڈیو چلتی ہے تو میرا فیس بک، اور ٹویٹر ہمدردیوں سے بھر جاتا ہے۔ الان کردی، عمر دقنیش، اور کئی شامی بچوں پر ہماری قوم کا کلیجہ کٹ جاتا ہے، آنسوؤں کے سمندر بہ جاتے ہیں، اپنی اولاد کی سلامتی کے لئے دعائیں ہوتی ہیں۔ یہ تمام جذبات اس وقت نیند کی گولی کھا لیتے ہیں جب کشمیر کے LOC پر حملہ یا فائرنگ کا واقعہ پیش آتا ہے۔ قوم کا بس نہیں چلتا کہ اپنے کمپیوٹر کی سکرین سے ہی ایک عدد نیوکلیئر بم ہندوستان پر دے ماریں اور کچھ ایسے ہی جذبات پڑوسی ملک بھی ہمیں دکھاتا ہے۔

جنگ ۔۔۔۔ یہ تین حروف آپ کی تین نسلیں تباہ کرنے کی حیثیت رکھتا ہے۔ آپ کا گزرا ہوا کل، آنے والا کل، اور ان کا رکھوالا آج۔۔۔۔۔۔۔ سب جنگ کی نذر!

سوشل میڈیا اور میڈیا کا المیہ ایک یہ بھی ہے کہ، اس پر موجود نسل نے جنگ کا ج بھی نہیں دیکھا اور جنہوں نے جھلک دیکھی یا سنی ہے وہ اس کے نقصانات سے آشنا نہ ہو سکے۔

بدقسمتی سے میرے ماں باپ نے 71 کی جنگ دیکھی بھی اور سہی بھی، بدقسمتی اس لئے کیوںکہ ان کے پاس شہادت، قومیت سے جڑی کوئی کہانیاں نہیں ہیں، ہاں سبق ضرور ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ میری تربیت میں انسانیت کو ہر چیز پر فوقیت ہے۔

اور پھر کیوں نہ ہو؟ 1400 سال پہلے امام وقت نے بھی کربلا میں قدم جنگ کی نیت سے نہیں رکھا تھا بلکہ آخری وقت تک صلح اور گفتگو کی روش اپنائی تھی۔ تاریخ گواہ ہے جنگوں سے کسی عام آدمی کو کوئی فائدہ نہیں ہوا سوائے اس کے کہ اس کو لاشیں اٹھانی پڑیں، گھر بار چھوڑنا پڑا اور فاقہ کاٹنا پڑا۔

 لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف وہ لوگ بستے ہیں جنہوں نے آپس میں شادیاں کر رکھی ہیں، یادیں، نسلیں جوڑ رکھی ہیں۔ کبھی ان سے پوچھیں کیا وہ جنگ کے خواہش مند ہوں گے؟ اس ماں سے پوچھیں جس کا بیٹا فوج کی وردی پر سرحد پر محافظ بنا کھڑا ہے۔ وہ روز اس کی لمبی عمر کی دعا کرتی ہوگی، اس کا سہرا سجانے سے لے کر اس کے بچوں کو گود میں کھلانے کا سوچتی ہوگی۔

میں تو یہ بھی نہیں مانتی کہ کوئی فوجی جو انسان پہلے ہے، شوق شہادت رکھتا ہوگا۔ زندگی کے ارمان اس کو بھی پیارے ہوں گے، گھر پر کئی انتظار ہوں گے۔

خدارا اس دنیا میں اگر کسی چیز کی کمی ہے تو وہ امن و محبت کی ہے، آپ اس کو بالکل ہی ناپید نہ کردیں۔ نفرت کا بیج زمین بنجر کرتا ہے اور میں آپ اسی زمین کا باسی ہیں۔  قوم پرستی اچھی بات ہے لیکن انسانیت کی قیمت پر اس کا پرچار کرنا یقیناً عقلمندی نہیں ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments