تھی خبر گرم، کہ ”باغی“ کے اڑیں گے پرزے


\"zeffer05\"

برطانوی پولیس اسکاٹ لینڈ یارڈ نے، اس بات کی تصدیق کی ہے، کہ منی لانڈرنگ کیس میں ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین سمیت چھہ افراد کے خلاف تحقیقات ختم کر دی گئی ہیں۔۔ وزیر اعظم پاکستان جن پہ ان دنوں‌ Leaks حملے ہو رہے ہیں، یہ خبر سنتے ہی خوشی سے جھومنے لگے۔ اٹھایا فون، اور لگایا الطاف بھائی کو، پھر جو کہا، وہ ان سائڈ نیوز ہے، بوجوہ قومی مفاد کے منافی ہونے کے، اسے یہاں‌ شائع نہیں کرسکتے۔ الطاف بھائی نے مستی مں گانا شروع کر دیا، ”تیرا غم میرا غم، اک جیسا صنم۔ ہم دونوں کی ایک کہانی۔ آ جا لگ جا گلے، او دل جانی“ گانا ختم ہوا، تو مشورہ دیا کہ پارٹی کو عابد شیر علی کے حوالے کر کے یہیں لندن آ جاؤ، اُدھر فارق ستار، اور عابد شیر علی جانیں، اِدھر ہم دونوں بھائی مل کے موج کریں گے۔ وزیر اعظم نے یہ سب سننے کے بعد کہا، یہ پتا کرو، کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ پاناما لِیکس کی تحقیقات میں تعاون کرنے کا کیا لے گی؟

\"altaf-hussain-2\"

بھائی نے کہا، کہ تمام ثبوتوں کی تحقیقات کے بعد اسکاٹ لینڈ یارڈ اس نتیجے پر پہنچی ہے، کہ اس بات کے ناکافی ثبوت ہیں کہ دو ہزار بارہ اور چودہ کے درمیان ملنے والی پانچ لاکھ پاؤنڈ کی رقم جرائم کے ذریعے حاصل کی گئی تھی، اور یا اس رقم کو غیر قانونی کاموں کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔ وزیر اعظم صاحب نے منہ بسورتے کہا، یار۔ بھائی۔ اتنا بور مت کرو، کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے کیا کہا، کیا نہیں۔ میں تو اس ادارے کا گرویدہ ہو گیا ہوں۔ تمھیں تو یاد ہی ہوگا، کہ اسی اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بے نظیر بھٹو قتل کی تحقیقات کیں تھیں؟ بھائی بولے، بالکل؛ اسی لیے تو میں مطمئن تھا، کہ کوئی ثبوت نہیں ملنے والا۔

اس موقع پہ شہباز شریف صاحب نے فون جھپٹ کر، الطاف بھائی سے کہا، آپ کی خوش قسمتی تھی، کہ یہ کیس اسکاٹ لینڈ یارڈ کے پاس تھا؛ یہی مقدمہ اگر پنجاب پولِس کے پاس ہوتا، تو ایک ادارے کے سوا، آپ کو کوئی نہ چھڑوا سکتا۔ الطاف بھائی ہکا بکا رہ گئے۔ ایسے میں وزیر اعظم صاحب نے شہباز شریف صاحب سے فون واپس لیتے ڈانٹا، یار زرا سوچ سمجھ کر بولا کرو، پہلے بھی تمھی نے مشکل میں ڈالا۔ پھر الطاف بھائی کو تسلی دی، ہمیں آپ پر بھروسا ہے۔ جیسا کہ پہلے بھی تھا۔

\"nawaz-ishaq-speech\"

الطاف بھائی نے خوش ہوتے ہوئے، یہ خبر دی، کہ ایان علی یہاں‌ لندن میں بوتیک کھولنے جا رہی ہیں۔ ممکن ہے، اس کا افتتاح، انھی کے با مشرف ہاتھوں سے ہو۔ وزیر اعظم صاحب نے دوبارہ مبارک باد دیتے کہا، ایک پپی اِدھر سے، ایک پپی، اُدھر سے۔ آخر میں الطاف بھائی نے یقین دلایا، کہ کہ وہ اسکاٹ لینڈ یارڈ‌ کو پاناما لِیکس کی تحقیقات کے لیے راضی کریں گے۔

دُبئی سے خبر آئی ہے، کہ اظہر علی نامی کسی ٹیسٹ کرکٹر نے پاکستان کی طرف سے کھیلتے ٹرپل سینچری بنائی ہے۔ یوں ٹرپل سنچری بنانے والے وہ چوتھے پاکستانی بیٹسمین بن گئے ہیں۔ ان سے قبل حنیف محمد، انضمام الحق، اور یونس خان یہ کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں۔۔ ہمارے نمایندے نے جب سرل المیڈا سے ان کی ماہرانہ رائے لی، تو وہ سخت نالاں دکھائی دیے۔ اُن کا کہنا تھا، میں نے یہ یادگار ٹیسٹ میچ دیکھنے کے لیے دُبئی کے لیے بکنگ کرائی تھی، اور کیا کیا فسانے بنا دیے گئے۔ ان کا کہنا تھا، میرے پاس یہ ایکسکلوزو اسٹوری تھی، کہ یہ سینچری ہو کر رہے گی، لیکن مجھے سازش کے تحت روک لیا گیا۔

\"azhar-ali\"

اُن کے اس دعوے کے بعد، وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے اسلام آباد میں اخبارات کی دو تنظیموں کونسل آف نیوز پیپز ایڈیٹرز اور آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے مشترکہ وفود سے ایک ملاقات میں، اخبار ڈان کے نامہ نگار سرل المیڈا کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس کے بعد بتایا گیا کہ سرل المیڈا کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ ہوا ہے۔ ایک غیر سرکاری بیان کے مطابق، اظہر علی کی اس ٹیسٹ سینچری سے پاناما لیکس، یا سرل المیڈا سے جاری تحقیقات کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، اور اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ سرل المیڈا نے اس پہ اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے کہا، کہ اب کیا فائدہ؛ ٹیسٹ میچ کے دو دن گزر گئے، میرے جانے کی تیاری میں، یہ میچ ختم ہو جائے گا۔

ظفر عمران

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

ظفر عمران

ظفر عمران کو فنون لطیفہ سے شغف ہے۔ خطاطی، فوٹو گرافی، ظروف سازی، زرگری کرتے ٹیلی ویژن پروگرام پروڈکشن میں پڑاؤ ڈالا۔ ٹیلی ویژن کے لیے لکھتے ہیں۔ ہدایت کار ہیں پروڈیوسر ہیں۔ کچھ عرصہ نیوز چینل پر پروگرام پروڈیوسر کے طور پہ کام کیا لیکن مزاج سے لگا نہیں کھایا، تو انٹرٹینمنٹ میں واپسی ہوئی۔ آج کل اسکرین پلے رائٹنگ اور پروگرام پروڈکشن کی (آن لائن اسکول) تربیت دیتے ہیں۔ کہتے ہیں، سب کاموں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑا تو قلم سے رشتہ جوڑے رکھوں گا۔

zeffer-imran has 323 posts and counting.See all posts by zeffer-imran

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments