سادہ چائے، دو پراٹھے۔۔ سُلیمانی !!



\"ahsan
بھائیوں دیکھ لی سوشل میڈیا پر اسلام آباد والی تصویر؟ ہوگیا اندازہ ؟

اب تمام لڑکے میری بات غور سے سنیں، یہ جو اب تک آپ کوئٹہ ہوٹلوں پر چائے کی پیالیاں اور ساسریں جماتے، پراٹھے بناتے پٹھان بچوں، لڑکوں کو اوئے، اِدھر آ بے او۔۔ یا بات سُن بیٹا کہہ کر بلاتے آئے تھے، یہ اب نہیں چلے گا۔۔ ہرگز نہیں چلے گا۔

ٹیبل لگانے، کپڑا مارنے، پانی کا جگ لانے اور سگریٹ منگانے کے وقت بھی آواز نیچی اور لہجہ تمیز کے دائرے میں رکھنا ہوگا۔۔ کسی تردد کے بغیر یہ بات مان لینی چائیے کہ چائے خانوں میں کام کرتے پردیسی نوجوان ماڈلنگ مٹیریل ہیں۔۔ گورے چٹے، ورزشی جسم، توندیں اندر، پہاڑی نقش، ہری نیلی آنکھیں اور پھر سب سے بڑھ کر کم گو۔۔ شرمیلے ایسے کہ 5 سکینڈ ٹکٹکی باندھ کر دیکھتے رہیئے، مسکرا کر پہلو بدل لیں گے۔ بعض اوقات بات دیر سے سمجھتے ہیں لیکن بحث نہیں کرتے، بدتمیزی سے پیش نہیں آتے۔ ایماندار ایسے کہ ایک بار بطور ٹِپ 50 میں سے 20 روپے چھوڑ دئیے، تو بھاگا بھاگا گیا اور سادہ چائے پارسل باندھ لایا۔

یار مان لیجئے نا۔ اول تو ہمارے فیَس کٹس میں ویسے ہی کچھ خاص نہیں رکھا، باقی کسر چھالیوں اور گٹکوں نے پوری کر دی۔ بھرم مارتے ہوئے آسمان کی طرف منہ کر کے کتنی سگرٹیں سلگا لیں لیکن یہ حقیقت ہے کہ کوئٹہ ہوٹلوں پر کام کرتے لڑکے نہ صرف ہم سے خوبرو ہیں بلکہ محنتی اور سخت جان بھی ہیں۔

\"chai-wala\"میں لکھ کر دے سکتا ہوں کہ ارشد خان نامی حالیہ دریافت کے بعد اِس کی طرح کہ فیشل فیچرز والے ماڈلنگ انڈسٹری میں انقلاب برپا کرسکتے ہیں، بشرطیکہ مناسب پلیٹ فارم اور ٹریننگ میسر آئے، اور سب سے بڑھ کر موقع دیا جائے۔ مطلب آپ لے آئیے کسی پشتون بچے کو ارمانی کا سوٹ پہنا کر اور کہیے اپنی بچی سے کہ میرا فیس بُک فرینڈ ایڈورڈ کل ہی اسکاٹ لینڈ سے آیا ہے، وہ اسلام علیکم بھائی کے بجائے شرما کر نہ کہے، ہائے ایڈورڈ، ہاو آر یو۔۔۔ تو میرا نام بدل دیجئے گا۔

میں نے ارشد کا ایک انٹرویو ٹی وی پر چلتے دیکھا جس میں رپورٹر نے پوچھا کہ لڑکیوں نے آپ کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں، آپ کو کیسا لگا؟ جواب میں کہتا ہے۔۔ صبح سے رش لگا ہوا ہے گلی میں، اتنی لڑکیاں تو زندگی میں نہیں دیکھیں جتنی مجھے ملنے ہوٹل آرہی ہیں۔

تو بھیا سو باتوں کی ایک بات۔۔ عزت کر لو، کسی کو ہلکا نہ لو، وقت کا کچھ پتہ نہیں ہوتا، چائے والے کو ریمپ پر بڑے شوز ملنے لگ گئے تو ایک سال بعد تمہاری سی ڈی سیونٹی کے برابر اس کی وِٹز آکر رُکا کرے گی۔ تب تمہیں کہیں یہ سننے کو نہ مل جائے۔۔ ہاں بیٹا۔۔ سادہ چائے، دو پراٹھے۔ سُلیمانی!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments