سٹی ہائٹس ۔۔۔۔۔ ایک درخت کا نوحہ


\"naseer-ahmad-nasir\"زمیں نے خواب دیکھا تھا
مجھے پیدا کرے گی ، پرورش میری کرے گی
موسموں کی سختیاں، تبدیلیاں برداشت کرنے کا
ہوا سے عہد باندھا تھا
مری خاطر غصیلے بادلوں سے، بارشوں سے دوستی کی تھی

زمیں ماں ہے
ہر اک ماں کی طرح
تخلیق سے پہلے ہی بچوں کے لیے
سرسبز خوابوں کی ردا ئیں بُنتی رہتی ہے
خود اپنی کوکھ کے شاداب ریشوں سے
کئی رنگوں کے مخمل \’ ریشمی موزے \’ سوئیٹر \’ ٹوپیاں \’ کپڑے
گھنی گہری مناجاتیں\’ دعائیں بُنتی رہتی ہے

زمیں نے خواب دیکھا تھا \’ یہ سوچا تھا
جواں ہوکر
مَیں جب پھولوں پھلوں گا تو
مِری خوشبو سے مہکیں گے تنفس موسموں کے
ذائقے میرے پھلوں کے نام سے منسوب ہوں گے
شاخچوں پر دھوپ چمکے گی\"UrbanPk.com
پرندے آشیانوں سے نکل کر گیت گائیں گے
پروں کو گدگدائیں گے
محبت کرنے والے خوبرو جوڑے

مِری چھاؤں میں بیٹھیں گے
ہمیشہ ساتھ رہنے کے ہرے وعدے
سلگتے سرخ ہونٹوں کی زمینوں پر اگائیں گے
مِرے بھورے تنے پر
پیار سے اک دوسرے کا نام لکھیں گے
مِرے بیجوں سے دھرتی پر
نئے جنگل اگیں گے، پھیل جائیں گے

زمیں ماں ہے، زمیں کا خواب تھا لیکن
زمیں زادوں کی آنکھوں میں
فلک بوسی کا سپنا ہے جسے تعبیر ہونا ہے
یہاں اب پارک کے بدلے پلازا اک نیا تعمیر ہونا ہے
زمیں مجبور ہے
دکھ سے مجھے کٹتے ہوئے چپ چاپ تکتی ہے!!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments