نواز شریف دھوکے باز ہے، کیونکہ عمران خان باکردار ہے


\"adnan-khan-kakar-mukalima-3b4\"

میرے عزیز لاہوریو۔ اسلام آبادیو۔ ہم وطنو۔ میری بات سنو۔
تم بھی میری طرح ناقص جمہوریت سے خوب تنگ ہو گے۔
لیکن آج ہم یہاں جمہوریت کی برائی کرنے اکٹھے نہیں ہوئے ہیں۔
بلکہ ہم جمہوری وزیراعظم کے عہدے کو دفن کرنے آئے ہیں۔
بندوں کی برائیاں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔
بندوں کی اچھائیاں ان کی ہڈیوں کے ساتھ دفن ہو جاتی ہیں۔

آج ہم یہاں عمران خان کی اجازت سے بات کرنے اکٹھے ہوئے ہیں۔
عمران خان کہتے ہیں کہ وزیراعظم نے جمہوریت کو کمزور کیا ہے۔
اور اس بات کی بھاری قیمت وزیراعظم نے چکائی ہے۔
عمران خان نے غیر جمہوری طریقے سے حکومت گرانے کی چاہ کی ہے۔
لیکن عمران خان درست کہتے ہیں کہ نواز شریف دھوکے باز ہے۔
ہم مانتے ہیں، کیونکہ عمران خان ایک سچا اور باکردار آدمی ہے۔

\"zia

عمران خان کہتے ہیں کہ نواز شریف کو ڈکٹیٹر نے حکمران بنایا۔
نواز شریف جمہوریت کو بھی آمریت بنائے ہوئے ہیں۔
عمران خان ڈکٹیٹر جنرل پرویز مشرف سے ملتے ہیں۔
عمران خان جمہوری حکومت کے خلاف ایمپائر کی انگلی کے منتظر ہیں۔
لیکن عمران خان درست کہتے ہیں کہ نواز شریف جمہوریت دشمن ہے۔
ہم مانتے ہیں، کیونکہ عمران خان ایک سچا اور باکردار آدمی ہے۔


\"imran-khan-musharraf-fazal-ur-rehman\"

عمران خان کہتے ہیں کہ نواز شریف قانون کو نہیں مانتا۔
نواز شریف نے ماڈل ٹاؤن کے کمیشن کو دفن کر دیا۔
وہ عدالت کا رخ نہیں کرتے ہیں۔
عمران خان اسلام آباد کی عدالت میں اشتہاری ہیں۔
وہ عدالت کا رخ نہیں کرتے ہیں۔
لیکن عمران خان درست کہتے ہیں کہ نواز شریف دھوکے باز ہے۔
ہم مانتے ہیں، کیونکہ عمران خان ایک سچا اور باکردار آدمی ہے۔

\"election-2013-paksitan-rigging\"

عمران خان کہتے ہیں کہ نواز شریف نے انتخابات میں خوب دھاندلی کی۔
نواز شریف نے پینتیس پنکچر لگوائے۔
جسٹس وجیہ الدین کہتے ہیں کہ تحریک انصاف کے الیکشن میں خوب دھاندلی ہوئی۔
جسٹس وجیہ اب گھر بیٹھے اپنی جد و جہد پر غور کر رہے ہیں۔
لیکن عمران خان درست کہتے ہیں کہ نواز شریف دھوکے باز ہے۔
ہم مانتے ہیں، کیونکہ عمران خان ایک سچا اور باکردار آدمی ہے۔

\"panama-nawaz\"

عمران خان کہتے ہیں کہ آف شور کمپنیاں کالا دھن چھپانے کے لئے بناتے ہیں۔
شریف فیملی کی آف شور کمپنیاں ہیں۔ وہ کالے دھن میں کھیلتے ہیں۔
عمران خان آف شور بنانے والے پہلے معلوم پاکستانی نکلے۔
ان کی آف شور کمپنی 1983 سے 2015 تک موجود رہی۔
عمران خان کو سال کی تقریباً ایک کروڑ روپے فارن ریمیٹنس آمدنی آتی ہے۔
ہمیں نہیں پتہ کہ اس آمدنی کا خفیہ ذریعہ کیا ہے۔
لیکن عمران خان درست کہتے ہیں کہ نواز شریف دھوکے باز ہے۔
ہم مانتے ہیں، کیونکہ عمران خان ایک سچا اور باکردار آدمی ہے۔

\"JusticeSm\"

میں یہاں یہ کہنے نہیں آیا ہوں کہ عمران خان غلط کہتا ہے۔
لیکن میں وہ کہنے آیا ہوں جو کہ میں جانتا ہوں۔
ایک وقت تھا کہ ہم اسے چاہتے تھے۔
ایک وقت تھا کہ ہم نواز شریف کو بھی چاہتے تھے۔
آہ، ہمیں انصاف چھوڑ چکا ہے۔
انصاف ظالموں کو چھوڑ دیتا ہے۔
میں صبر کرتا ہوں، تاوقتیکہ ہم انصاف نہ کرنے لگیں۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments