لاک ڈاون سے پہلے کریک ڈاون


\"shafiq-bhatti\"دو نومبر کے اسلام آباد لاک ڈاؤن کی تیاریاں عروج پر تھیں۔ بینر، فلیکس اور جوشیلے کارکن اس کی چکا چوند کو بڑھا رہے تھے۔ ہر طرف کرپشں فری اسٹیٹ کی آوازیں بلند ہورہی تھیں، لیکن اس تمام صورت احوال کے دوران ایک بات سب کے ذہن میں تھی، کہ آیا عمران خان کی تحریک کامیاب ہوگی؟ کیا یہ تحریک اپنے اہداف پورے کرے گی؟ یہ سوچ بچار جاری تھی، تحریک کی کامیابی پر شکوک کے بادل چھائے ہوئے تھے، کہ اتنے میں دفعہ ایک سو چوالیس کا نفاذ عمل میں آتا ہے، اور ساتھ ہی اسلام آباد ہائی کورٹ مفاد عامہ کا ایک ایسا فیصلہ جاری کرتی ہے، کہ جس سے حکومت کو کافی فائدہ ہونا تھا۔ لیکن اس حکومت کے سیانوں نے اپنی ایک غلطی سے اپنے آپ کو پھر بند گلی میں دھکیل دیا۔ فوج سے آپ کی بنتی نہیں اور آپ اقدامات حسنی مبارک جیسے کر رہے ہو۔

اختلاف رائے جمہوریت کا حسن اور احتجاج کسی بھی قوم کے جمہوری ہونے کی علامت ہوتا ہے۔ یہ ایک الگ بحث ہے کہ عمران کے باربار احتجاج نے ان کی وقعت داؤ پر لگا دی ہے، لیکن آج جو اسلام آباد میں دفعہ ایک سو چوالیس یا نقضِ امن کی آڑ میں ہوا، نون لیگ نے جو ریاستی درندگی کی ہے۔ نون لیگ کی یہ سیاسی غلطی آنے والے دنوں میں اس کو بہت مہنگی پڑنے والی ہے۔ ایک ایسی تحریک جو شکوک میں گھری ہوئی تھی۔ اس کے یوتھ کنونشن پر پولیس سے دھاوا بول دینا، دراصل اس کو عوامی سطح پر پذیرائی بڑھانا ہے۔ سیاست دان کبھی ایسی غلطی نہیں کرتا، لیکن نون لیگ نے جو سیاسی پلیٹ فارم تحریک انصاف کو سجا کر دے دیا ہے، اس کے نتائج بھیانک ہوں گے۔

تحریک انصاف کا نوجوان پڑھا لکھا، اور پرامن ہے لیکن نون لیگ کا آمرانہ رویہ، اس کو تشدد پر اکسائے گا۔ دانیال عزیز کا کہنا کہ یہ سب دفعہ ایک سوچوالیس کی خلاف ورزی پر کیا گیا۔ میرا ان سے ایک سوال ہے! جناب ایک سو چوالیس کی تعریف آتی ہے؟ نقضِ امن چاردیواری سے باہر ہوتا ہے، چار دیواری کے اندر نہیں اور یہ یوتھ کنونشن ایک بند کمرے میں ہورہا تھا۔ پولیس نے جس قدر درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کو زدوکوب کیا کسی بھی جمہوری معاشرے میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ پرامن اجتجاج ہر بندے کا حق ہے، لیکن اس کے ساتھ اس طرح کا رویہ کون سی جمہوریت ہے؟ نعیم الحق کے بقول تمام ہوٹلوں کی بکنگ منسوخ کروائی جارہی ہیں۔ مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن جاری ہیں۔ ہم اس ریاست کو کس جانب لے کر جارہے ہیں؟ حکومت برداشت کا نام ہے، لیکن حکومت وقت میں اس چیز کی خاصی کمی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments