علی امین گنڈا پور نے پولیس کی غنڈہ گردی ناکام بنا دی


\"gp05w\"

تحریک انصاف کے پرجوش اور متحرک کارکن، وزیر، اور طویل فاصلے کی دوڑ کے ممتاز کھلاڑی جناب علی امین گنڈاپور صاحب اس وقت مسلم لیگ ن (نروس) کی آنکھوں میں کانٹا بن کر کھٹک رہے ہیں۔ کل پرسوں عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید صاحب نے موٹر سائیکل پر بیٹھ کر پنجاب پولیس کی جو دوڑیں لگائی تھیں، اس پر وہ بیٹھی ابھی تک ہانپ رہی ہے۔ ہر طرف نروس لیگ کے میڈیا سیل نے یہ خبر پھیلا دی تھی کہ اصل عوامی لیڈر تو شیخ رشید ہے اور تحریک انصاف میں ویسا کوئی نہیں ہے۔ ایسے میں تحریک انصاف کے علی امین گنڈا پور صاحب قومی منظر نامے پر نمودار ہوئے اور نروس لیگ کو ایسا منہ توڑ جواب دیا کہ ان کو دیکھ کر آج کسی کو یاد بھی نہیں رہا ہے کہ شیخ رشید نامی کوئی شخص کبھی دوڑا بھی تھا۔

\"g03\"

صورت حال سے باخبر ہونے کا دعوی رکھنے والے ہمارے ایک نہایت خفیہ صحافتی ذریعے نے، جو کہ اپنا نام عبدل المیدا بتاتا ہے، ہمیں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ المیدا کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین جناب عمران خان صاحب کے حکم پر تحریک انصاف کے لاکھوں کارکنان بنی گالا میں جمع ہو رہے تھے تاکہ وہاں سے اکٹھے نکل کر دو نومبر کو اسلام آباد جام کر سکیں۔ اتنے میں ان کو اطلاع ملی کہ پولیس کے چند اہلکار ایک چھوٹی سی گاڑی میں شراب کی بوتلیں، کلاشنکوفیں اور بلٹ پروف جیکٹیں لے کر آ رہے ہیں تاکہ ان کو تحریک انصاف کے کارکنان میں تقسیم کر سکیں۔

ویسے تو تحریک انصاف کے کارکنان بالکل پرامن ہیں اور کسی پولیس والے کو پتھر تک نہیں مارتے، مگر خدشہ تھا کہ اگر پولیس والوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں کو بلیک لیبل نامی مہنگی ولایتی شراب اس حد تک پلا دی کہ وہ نشے میں ہوش و حواس کھو بیٹھیں، تو وہ یہ اسلحہ لینے اور استعمال کرنے پر مائل ہو سکتے تھے۔ تحریک میں کسی کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ نروس لیگ کی اس بھیانک سازش کا کیسے مقابلہ کیا جائے۔

\"gp0\"

اس موقعے پر تحریک انصاف کے مشہور کھلاڑی علی امین گنڈا پور اٹھے۔ وہ لمبی دوڑ کے مشہور کھلاڑی ہیں اور جب بھی پارٹی کو بھاگ جانے والے کارکن کی ضرورت پڑے تو انہیں کا نام سامنے آتا ہے۔ سنہ 2015 میں وہ ڈیرہ اسماعیل کے ایک پولنگ بوتھ میں دھاندلی کی شکایت موصول ہونے پر بھی وہاں پہنچے تھے اور خیبر پختونخوا کی نروس لیگی انتظامیہ کے مطابق وہاں سے ووٹوں سے بھرا ہوا بیلٹ باکس اپنی گاڑی میں رکھ کر بھاگ رہے تھے تاکہ گھر جا کر خود تسلی سے دیکھ سکیں کہ اس کے اندر دھاندلی شدہ ووٹ تو نہیں پڑے ہوئے ہیں، کہ نروس لیگ، جمعیتی اور دوسرے غنڈوں نے ان کی گاڑی کو گھیر لیا اور پھر پولیس و انتظامیہ کے اعلی افسران نے ان کو ووٹروں کی جانچ پڑتال سے بمشکل بچایا۔

\"g04\"

بہرحال اس موقعے پر بھی علی امین گنڈا پور ہی نے نروس لیگ کی اس بھیانک سازش کا مقابلہ کرنے کے لئے خدمات پیش کیں۔ وہ اسلحے اور بوتلوں سے لدی ہوئی اس گاڑی تک پہنچے، اور ایک پولیس والے کا کان زور سے کھینچ کر سڑک پر بھاگ نکلے۔ پولیس والوں نے گاڑی وہیں چھوڑی، اور ان کے پیچھے پیچھے بھاگنے لگے۔ مگر صاحب، کہاں گنڈا پور جیسا عادی بھاگ جانے والا شخص، اور کہاں یہ تھکے ہوئے پولیس والے۔ گنڈاپور کہیں کے کہیں نکل گئے۔

اتنی دیر میں وہاں میڈیا پہنچ چکا تھا۔ پولیس نے اپنی خفت مٹانے کو ایک راہگیر کو پکڑ لیا اور اس کے خلاف پرچہ کاٹ لیا کہ وہ گنڈاپور صاحب کا ڈرائیور ہے اور ان کے ساتھ یہ سارا اسلحہ وغیرہ وغیرہ لے کر جا رہا تھا، کہ پولیس نے گاڑی روک کر چیکنگ کا مطالبہ کیا تو علی امین صاحب نے دوڑ لگا دی۔ پولیس کی خفت مٹانے کی خاطر کی جانے والی یہ احمقانہ حرکت دیکھ کر لوگوں کی ہنسی نہیں رک رہی ہے اور وہ بے ساختہ کہہ رہے ہیں کہ اسے کہتے ہیں کہ الٹا کوتوال چور کو ڈانٹے۔

\"g06\"

میڈیا پر جب پولیس کے گمراہ کن موقف پر مبنی یہ خبر چلی تو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان صاحب نے واشگاف لفظوں میں بتا دیا کہ یہ اسلحہ پولیس نے پلانٹ کیا ہے۔ اس پر علی امین گنڈا پور صاحب نے مزید اضافہ کیا کہ نہ صرف یہ اسلحہ پولیس نے پلانٹ کیا ہے، بلکہ یہ باقاعدہ لائسنس یافتہ ہے جس کا لائسنس وہ پولیس کو دکھا کر اسے خوب شرمندہ بھِی کرنے کا ارادہ رکھتے تھے مگر بدقسمتی سے لائسنس پیچھے گاڑی میں ہی رہ گیا۔ انہوں نے نروس لیگ کو خبردار کیا کہ ویسے تو وہ اسلام آباد میں پرامن ہنگامہ آرائی کرنے کی نیت رکھتے ہیں، مگر پولیس نے ان کو روکنے کی کوشش کی یا ان پر آنسو گیس کی شیلنگ کی، تو وہ خاموش نہیں بیٹھ سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پولیس نے ان کے ساتھ زیادتی کی ہے۔ ان کا ملک بھر میں طویل مدت تک بھاگنے والے کے طور پر اتنا زیادہ نام ہے، اس کے باوجود پولیس نے ان کے ساتھ زیادتی کرتے ہوئے ان کا تعاقب کرنے کے لئے ایسے اہلکار کیوں بھیجے جو کہ پانچ منٹ میں ہی تھک کر ہمت ہار گئے۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments