دھرنا منسوخ، سپریم کورٹ نوازشریف کی تلاشی شروع کر رہی ہے، آج پریڈ گرائونڈ میں یوم تشکر منائیں گے: عمران، بنی گالہ میں جشن


\"imran-khan\"

اسلام آ باد (اپنے سٹاف رپورٹر سے + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس کے خلاف دائر رٹ پر کارروائی کے بعد 2 نومبر کو اسلام آباد لاک ڈائون اور دھرنے کا پروگرام منسوخ کردیا تاہم اعلان کیا کہ آج ہم پریڈ گرائونڈ میں اللہ تعالیٰ سے اظہار تشکر کیلئے جلسہ منعقد کریں گے۔ عمران نے دعویٰ کیا کہ آج دس لاکھ لوگ آئیں گے ہمارا جلسہ آئین اور قانون کے اندر ہوگا۔ میری بہنیں بھی بچوں کے ساتھ جلسہ میں آئیں گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بنی گالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کل سے نواز شریف کی تلاشی لینا شروع کر دینی ہے۔ ہمارا یہی مطالبہ تھا کہ نواز شریف استعفیٰ دیں یا تلاشی۔ عمران نے کہا کہ آج سپریم کورٹ کی کارروائی سے اتنی خوشی ہوئی ہے جو بیان نہیں کرسکتا۔ نواز شریف سات مہینے سے کہہ رہے تھے کہ میں احتساب کیلئے تیار ہوں لیکن عملاً وہ اس سے بھاگ رہے تھے۔ نواز شریف نے کہا کہ جہانگیر ترین، عمران خان، علیم خان، خورشید شاہ کرپٹ ہیں اور عمران کے احتجاج سے سی پیک کو نقصان ہورہا ہے، ترقی کا نقصان ہو رہا ہے جبکہ نواز شریف ملک کو کرپشن کرکے نقصان پہنچا چکے ہیں۔ نواز شریف پہلے تلاشی دیں گے میں آج اپنے سارے کارکنوں کو مبارکباد دیتا ہوں جو کانٹوں سے گذر کر پہاڑیاں چڑھ کر بنی گالہ آتے تھے۔ میں پرویز خٹک اور ان کی ٹیم کو سب سے زیادہ خراج تحسین پیش کرتا ہوں وہ اس ملک کے مجاہد ہیں جنہوں نے اپنے ملک اپنے ملک کے بچوں کیلئے جدوجہد کی۔ صوابی میں جو میرے ٹائیگرز بیٹھے ہیں میں سارے پاکستان کی طرف سے انہیں اپنا اور پورے ملک کا مجاہد اور ہیرو قرار دیتا ہوں وہ اپنے گھروں کو جائیں تھکاوٹ دور کریں کیونکہ پھر آج آپ نے اسلام آباد آنا ہے۔ آج دن دو بجے پریڈ گرائونڈ پہنچیں جہاں میں پیغام بھی دوں گا کہ ہم نے آگے کیا کرنا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کا حکم آگیا ہے جس میں نواز شریف کو کہا گیا ہے کہ کنٹینر سڑکوں سے ہٹا دو۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ شہباز شریف نے برہان انٹر چینج پر بڑا ظلم کیا ہے اگر شیلنگ سے ہمارا کوئی بھی آدمی شہید ہوا تو میں شہباز شریف آپ پر ایف آئی آر کٹوائوں گا پہلے ہی تم نے ماڈل ٹائون میں بندے مروائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور جو ہمارا صوبائی وزیر ہے میں انہیں اپنا مجاہد قرار دیتا ہوں۔ ان کی گاڑی اور اسلحہ پولیس نے ضبط کر رکھے ہیں اس کا بھی جواب لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ20 سال کی میری پارٹی کی کرپشن کے خلاف جدوجہد رنگ لائی ہے اور نواز شریف کی تلاشی ہو رہی ہے۔ پہلی بار سپریم کورٹ کل سے تلاشی شروع کر رہی ہے جس پر ہم آج دھرنا نہیں دیں گے۔ شیلنگ کا مقابلہ کرنے والے پرویز خٹک ٗ قافلے کے ارکان اور امین گنڈا پور پاکستان کے ہیرو اور مجاہد ہیں۔ غیر قانونی کام کر نے والے تمام کرپٹ لوگوں کو جیلوں میں ڈالیں گے۔ جدو جہد میں جو لوگ میرے ساتھ چلے ہیں ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں ٗ عوام میرے ساتھ نکلے جن پر عوام کا شکر گزار ہوں۔ عدالتی فیصلے اور عمران کے اعلان کے بعد بنی گالہ میں کارکنوں نے جشن منایا۔ عمران خان نے کہا ہے کہ آج پاکستان کی تاریخ بنی ہے، بہت خوش ہوں عدالتی کمشن کا فیصلہ تسلیم کروں گا، سپریم کورٹ نے نیب کی کھینچائی کی، میں نیب اور ایف بی آر کوایکشن لینے کا کہہ رہا تھا، سپریم کورٹ نے وقت نہیں دیا۔ آج ہم جشن منائیں گے مجھے معلوم ہے کارکنان مایوس ہیں ان کا خون کھولا ہوا ہے وعدہ کیا تھا نواز شریف اور عوام کو پانامہ بھولنے نہیں دیں گے اب جوکچھ ہوا ہے اس پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کل غلط اطلاع ملی تھی کہ دو کارکن شہید ہوئے دونوں ہی کارکن زخمی ہیں۔ ہم اداروں کے انصاف نہ دینے کے خلاف سڑکوں پر نکل رہے تھے۔ شیخ رشید کے جلسہ میں شرکت نہ کرنے کے سوال پر کہا کہ ہم نے دو نومبر کو طاقت دکھانی تھی پنڈی جلسہ تو وارم اپ میچ تھا نیٹ پریکٹس تھا شیخ رشید نے جیسے گاڑی پر چڑھ کر سگار لگایا میں ان کا ایکسٹرا فین بن گیا ہوں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے عمران خان کی کال پر صبح دس بجے یوم تشکر منانے کیلئے اسلام آباد کیلئے روانہ ہونے کا اعلان کیا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ تھا کہ نواز شریف تلاشی دے۔ عدالت عظمیٰ نے اس کی تلاشی کا عمل شروع کردیا اور نواز شریف اور اس کے حواریوں نے خود کو تلاشی کیلئے پیش کر دیا۔ عدالت نے تحریک انصاف کے موقف کی تائید کی ہے جو تحریک انصاف کی فتح ہے۔ ہم عدالت عظمیٰ کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ عمران خان نے 5 روز بعد بنی گالہ سے نکل کر پریڈ گرائونڈ میں جلسہ گاہ کا معائنہ کیا۔ احتجاج کے حالیہ دنوںمیں وہ اپنی رہائش گاہ سے صرف پریس کانفرنس کیلئے باہر آتے رہے۔

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments