میں ناچ کیوں نہیں سکتی؟


مجھے ہمیشہ سے ایسا لگتا ہے کہ میں غلط جگہ پیدا ہوئی ہوں۔ شاید مجھے کسی ایسے خطے میں پیدا ہونا تھا جہاں ہر شخص کو اپنے دل کی آواز سننے کی آزادی ہوتی ہے۔ زمین کا ایسا ٹکرا جہاں میں خود کو مجبور نہ سمجھتی۔ مجھے ایسا لگتا ہے جو آزادی میری روح کو نصیب ہے، ویسی آزادی میرے جسم کو حاصل نہیں ہے۔ میری روح کی پرواز کو میرے جسم کی بیڑیاں اپنی طرح محصور کرنا چاہتی ہیں معاشرے کے اُن گُھٹن زدہ رواجوں میں جہاں کوئی اپنی مرضی سے سانس لے تو راندہ درگاہ شمار کیا جائے۔

موسیقی کی دُھن سن کر خود پر قابو رکھنا میرے لیئے بہت مشکل ہوتا ہے۔ مجھے ایسے لگتا ہے رقص میری رگوں میں دوڑتے خون کی طرح میرے اندر موجود ہے۔ مگر کسی بھی تقریب میں ناچتی گاتی لڑکیاں یا تو یہاں کنجریاں ہوتی ہیں یا مراسنیں اور ایسی “نازیبا” حرکتیں کرنے والیاں نا صرف اپنے گھر والوں بلکہ اُن کے لئے بھی “تذلیل” کا باعث بنتی ہیں جن کے ساتھ وہ کام کرتی ہیں۔ رکھ رکھاؤ، تمیز اور تہذیب جیسے الفاظ مجھے ناجانے کیوں سب لڑکیوں کے کاندھوں پر بھاری بوجھ کی طرح لگتے ہیں جس کے نیچے دب کر اُن کے سارے خواب ہی مر جاتے ہیں۔

حقیقت ہے کہ سوشل میڈیا پر ہم میں سے بہت سی عورتیں اکثر تصاویر صرف اس لئے اپ لوڈ نہیں کر سکتی کیونکہ “اچھی لڑکیاں” ایسی ناچتی گاتی تصاویر نہیں بنواتی ہیں۔ یقین کریں میڈیا سے تعلق رکھنے والے بے شمار مرد حضرات جیسی چاہیں تصاویر لگاتے ہیں مگر خواتین رپورٹرز سہیلیوں کے ساتھ بھی تصویر لگا لیں تو طوفانِ بد تمیزی سے بچنا ممکن نہیں ہوتا۔ مجھے افسوس ہوتا ہے جب لوگ رقص کرتی خواتین کے بارے میں واہیات باتیں کرتے ہیں مگر مردوں کو بے شمار پذیرائی ملتی ہے۔ بدن کے بجرے کو سُر کی پتوار سے ہم آہنگ کرنا ایسا غلط تو نہیں۔ غلط کیا ہے اس میں؟ جسم غلط ہے یا جسم کی حرکت غلط ہے؟ یا ان دو کے ایک تال پر جھومنے سے جو خوشی حاصل ہوتی ہے، وہ خوشی غلط ہے؟ اپنے وجود کو موسیقی کی دُھن سے ہم کنار کرنے میں کیا برائی ہو سکتی ہے؟ لوگوں کو اُن کی فطری آزادی کے ساتھ جینے دیں۔

والٹیئر نے کہا تھا

انسانوں کو کتاب پڑھنے دو اور انہیں ناچنے دو۔ کتاب اور رقص سے کبھی کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔

آج میں سوال کر رہی ہوں۔

کل میرے جیسی بہت سی بیٹیاں سوال کریں گی

“میں ناچ کیوں نہیں سکتی؟”


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
3 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments