بھارت میں جشن‘ جرمن‘ فرانسیسی رہنماﺅں یورپی یونین کی تنقید : مل کر چلیں گے : روس چین‘ امریکہ میں مظاہرے‘ پرچم نذر آتش


\"news-1478734713-5556\"

واشنگٹن‘ ماسکو‘ بیجنگ (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر منتخب ہونے پر دنیا بھر کے رہنماﺅں کا ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ کوئی مبارکباد دے رہا تو کوئی صدمے میں ہے۔ روس کے صدر پیوٹن نے ٹرمپ کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید کرتا ہوں اب امریکہ سے تعمیری مذاکرات ہوں گے اور تعلقات کی بحالی اور مل جل کر کام کی صورتحال پیدا ہو گی۔ مودی نے کہا ہے کہ بھارت امریکہ تعلقات کو بلندیوں پر لے جانے کے لیے ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے میں خوشی ہو گی۔ نیٹو چیف اسٹولٹن برگ کا کہنا ہے کہ نومنتخب امریکی صدر سے جلد ملاقات کروں گا۔ انہیں 2017ءکے نیٹو اجلاس میں خوش آمدید کہیں گے۔ جرمن وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا امریکی صدر بننا بڑا صدمہ ہے۔ فرانسیسی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ امریکی انتخابات کے نتائج سے یورپ امریکہ کے تعلقات کمزور نہیں ہونے چاہئیں۔ فرانس بدستور امریکا کا اتحادی رہے گا۔ جاپان کے وزیراعظم نے ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہوئے امریکہ سے قریبی تعلقات برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ پیوٹن نے ٹرمپ کو ایک پیغام ارسال کیا ہے جس میں انھوں نے ’روس اور امریکہ کے تعلقات کو بحران کی کیفیت سے نکالنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی امید ظاہر کی۔ ادھر چین کی وزارت خارجہ کے مطابق چین کو امید ہے کہ وہ نئی امریکی حکومت کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنائے گا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’چین اور روس کے تجارتی تعلقات میں دونوں ممالک کا فائدہ ہے۔ ہم نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد کا پیغام بھیجا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور برطانیہ کے تعلقات خصوصی‘ ہیں۔ ٹرمپ کی کامیابی ’آزادی، جمہوریت، اور کاروبار‘ جیسی مشترکہ اقدار کا تسلسل ثابت ہو گی۔ فلسطینی صدر محمد عباس نے ایک بیان میں مسٹر ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ’ان کے دور صدارت میں امن کا حصول ممکن ہوگا۔‘ ایرانی وزیرِ خارجہ محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ نو منتخب امریکی صدر کو ایران کے ساتھ امریکہ کے جوہری معاہدے کی پاسداری کرنی چاہیے۔ ملائشیا اور سنگا پور کے رہنماﺅں نے ٹرمپ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ یورپ کی دائیں بازوں کی سیاسی جماعتوں کے کئی رہنماو¿ں نے بھی ٹرمپ کے صدر منتخب پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹس ٹرووڈ نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی۔ اسرائیل کے وزیراعظم نے ٹرمپ کی جیت پر ردعمل میں کہا ہے کہ فلسطینی ریاست کا تصور ختم ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ بیت المقدس کا ایشو اہم مسئلہ ہے۔ وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ طویل مذاکرات میں اب کوئی حاصل نہیں ہو گا۔ ٹرمپ کی کامیابی پر بھارت میں انتہا پسند ہندو¶ں کی تنظیم ہندو سینا نے نئی دہلی میں جشن منایا۔ انتہا پسند ہندو تنظیم ہندو سینا کے سربراہ وشنو گپتا نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی ان کی فتح کا اعلان ہونے سے قبل ہی سڑکوں پر نکل پڑے۔ روایتی ڈھول اور باجوں کی دھن پر رقص کرت رہے جبکہ اس موقع پر مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد امریکہ کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق کیلفیورنیا واشنگٹن اور مختلف ریاستوں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ وائٹ ہاﺅس کے باہر ٹرمپ اور ہلیری کے حامی آمنے سامنے آ گئے۔ مشتعل مظاہرین کو پولیس نے روکنے کی کوشش کی۔ پورٹ لینڈ میں بھی مظاہرین نے سڑک بلاک کر کے مظاہرہ کیا اور امریکی پرچم کو آگ لگا دی۔ متعدد کو گرفتار کر لیا گیا۔ مظاہرے میں لیڈی گاگا بھی شامل تھیں۔ کیلی فورنیا میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا فائرنگ مظاہرے کے دوران ہوئی۔ اسرائیل کے وزیراعظم نیتن باہو نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی اور کہا ہے کہ دونوں ملکوں کا اتحاد مضبوط ہو گا۔ دریں اثناءیورپی یونین کی امور خارجہ کی سربراہ نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی جیت بڑا اپ سیٹ ہے۔ ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے صدر بننے کے باوجود امریکہ سے تعلقات میں تبدیلی نہیں آئے گی اقوام متحدہ کے موسمیات کی تنظیم کے سربراہ نے بھی ٹرمپ کو مبارکباد پیش کی۔ مصر کے صدر السیسی نے بھی مبارکباد دی اور نئے دور میں تعلقات مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ صباح نیوز کے مطابق یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے ٹرمپ کی جیت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کرنا مشکل ہو گا۔ ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے ٹویٹ میں ان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ وہ ترکی میں بغاوت کے پیچھے امریکہ میں مقیم فتح الہ گلن کو ترکی کے حوالے کریں گے۔ فرانسیسی صدر فرانسیو اور لاندے کے امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ امریکی انتخابات نے بے یقینی کو جنم دیا۔ اب فرانس کو مضبوط اور یورپ کو متحد ہونا ہو گا۔ ترجمان بھارتی وزارت خارجہ وکاس سوارپ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کیا۔ سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکا کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں دوست ممالک کے درمیان تاریخی اور قریبی تعلقات ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون نے بھی ٹرمپ کو کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے دنیا میں درپیش مسائل پر دنیا کے مل کر کام کرنے پر بھی زور دیا۔ ویٹی کن سٹی کے کیتھولک چرچ کی طرف سے بھی ٹرمپ کو ان کی صدارتی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ واضح رہے کہ پوپ فرانس نے ری پبلکن امیدوار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ تنظیم نے نومنتخب امریکی صدر پر زور دیا ہے کہ وہ حکمرانی کے دوران انسانی حقوق کی پاسداری یقینی بنائیں۔
عالمی ردعمل


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments