توہین کے قوانین پر نظرثانی ہو گی تبدیلی نہیں: مولانا شیرانی


\"sherani\"اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رکن قومی اسمبلی مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا ہے کہ ’توہین‘ کے قوانین پر نظرثانی کا یہ مطلب نہیں ہے کہ اس میں کوئی تبدیلی یا ترمیم کی جائے گی۔
ایک نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں بننے والے تمام قوانین پر نظرثانی کرے، لیکن اگر حکومت متعلقہ وزارت کے ذریعے \’توہین\’ کے قوانین میں کوئی ترمیم بھیجتی ہے تو کونسل اس پر ضرور غور کرے گی۔
واضح رہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کو یہ مینڈیٹ حاصل ہے کہ وہ ملک کے تمام قوانین کا جائزہ لے اور انہیں قرآن کی تعلیمات کے مطابق بنانے کے لیے ترامیم تجویز کرے۔مولانا شیرانی نے چند روز قبل ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل ملک میں توہین کے قوانین پر نظرثانی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ توہین کے قوانین پر نظرثانی کا یہ مطلب نہیں کہ کونسل معاشرے کے مخصوص طبقے کی خواہش کے مطابق اس میں ترمیم کردے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کئی مسائل ملک میں قانون پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے جنم لیتے ہیں اور جہاں تک توہین کے قوانین کے غلط استعمال کی بات ہے تو ہم دیکھ سکتے ہیں ملک میں تقریباً تمام قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔
خیال رہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل ماضی میں توہین کے قوانین میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی تمام تجاویز کو مسترد کرچکی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments