ٹیم کو اعتماد دینے والے شخص کی ضرورت ہے: یونس خان


younas khanپاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز یونس خان کا کہنا ہے کہ ٹیم کو ایک ایسے آدمی کی ضرورت ہے جو انھیں اعتماد دے۔
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کامیاب بلے باز یونس خان نے خبر رساں ادارے اے پی پی سے گفتگو میں ٹیم کی پے درپے شکستوں پر الزامات کی بوچھاڑ سے باہر نکل کر کھلاڑیوں کو اعتماد دینے پر زور دیا۔یونس خان کا کہنا تھا کہ “قومی ٹیم کے سابق کوچ باب وولمر کامیاب اور مقبول کوچ تھے کیونکہ وہ ہر کھلاڑی سے مختلف انداز میں پیش آتے تھے”۔
انہوں نے ٹیم انتظامیہ کے کردار کو بہت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو صرف ایک ایسے آدمی کی ضرورت ہے جو انھیں مکمل اعتماد دے. “اب وقت ہے کہ ہم ہر شکست کے بعد ایک دوسرے پر الزامات لگانے کا سلسلہ بند کردیں، ہر کھلاڑی کو احترام دینے کی ضرورت ہے، شکست کے بعد ایک یا دو کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا”۔
پاکستان سپرلیگ(پی ایس ایل) میں ان کے کردار کے حوالے سے سابق کپتان نے کہا کہ انھیں لیگ کے سفیر یا چیئرمین کے مشیر جیسے عہدوں سے کوئی دلچسپی نہیں۔واضح رہے یونس خان کی قیادت میں پاکستان نے 2009 میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل جیتا تھا تاہم ملکی تاریخ کی پہلی ٹی ٹوئنٹی لیگ کی کسی بھی ٹیم میں انھیں جگہ نہیں دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ”لوگوں کی جانب سے بے حد پیار اور احترام ملنے کے بعد میں ایسی چیزوں کے لیے فکرمند نہیں ہوتا”۔
یونس خان نے کہا کہ “جب میں سمجھوں گا کہ یہ صحیح وقت ہے میں ٹیسٹ کرکٹ سے بھی کنارہ کش ہو جاو¿ں گا”۔یونس خان نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں جاوید میانداد کے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیاتھا، تجربہ کار بلے باز کو ٹیسٹ کرکٹ میں 31 سنچریوں اور 30نصف سنچریوں کی مدد سے 9 ہزار 116 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔


Comments

FB Login Required - comments