میرٹ پرآرمی چیف کا تقررادارے کیلئے بہتر ہوگا بلاول :سینئرترین کو آرمی چیف بنایا جائے :خورشید شاہ


\"bilawal-khurseed-shah\"

لاہور+ اسلام آباد (خبرنگار+وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ ناکام ہوچکے ہیں، نیشنل ایکشن پلان کو بند کر دیا گیا ہے۔ بلاول کی لاہور میں صحافیوں سے دلچسپ گفتگو ہوئی جب انہوں نے صحافیوں کو سلام کیا اور ان کی خیریت کے ساتھ موسم کا احوال بھی پوچھا۔ ایک صحافی نے بلاول کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’لاہور کا موسم آپ نے گرما دیا ہے‘‘۔ بلاول نے کہا کہ ’’گرما دیا؟ مجھے لگتا ہے ابھی موسم اور گرم ہوسکتا ہے، ابھی تو ماحول کافی ٹھنڈا ہے، ابھی اور گرما گرمی ہوسکتی ہے۔ میں چاچا پر بات نہیں کرنا چاہتا تھا لیکن آپ لوگ مجھے پھنسوا دیتے ہو، اس ملک میں اس سے بڑے بڑے مسائل ہیں۔ جمہوری احتساب کے لئے 4نکات پیش کئے، حکومت ان پر عمل کرے، میں حکومت سے کئے گئے مطالبات پر بات کرنا چاہتا ہوں۔ سابق صدر آصف زرداری کے واپس آنے کا فیصلہ ہو گیا ہے، وہ واپس آئیں گے، میں دیکھ رہا ہوں کہ ان کی واپسی کے لئے لاہور کا موسم اچھا ہوگا یا کراچی کا۔ پنجاب میں پارٹی کو عروج لانے کیلئے اس کی تنظیم نو پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں‘ میں جیالوں کے درمیان آ گیا ہوں میں اور زرداری مل کر کام کر رہے ہیں۔ نئے آرمی چیف کے بارے میں سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ اس سلسلے میں اگر وزیراعظم نے میرٹ پر فیصلہ کیا ہے تو یہی ادارے کی بہتری کیلئے ہو گا۔ صحافی نے سوال کیا آپ کو دلہن کی تلاش ہے۔ آپ کو چاند چاہئے یا چاندنی۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سینئر ترین افسروں کو نیا آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقرر کیا جائے، ایسا کرنے سے فوجی افسران کا مورال بلند ہوگا جنرل راحیل شریف نے تاریخی دور گزارا ہے۔ بہت سے چلینجز کا مقابلہ کیا ہے ، راحیل شریف باوقار انداز میں رخصت ہو رہے ہیں۔ غیر متنازعہ سربراہوں میں شامل ہیں، انتہائی صلاحیت اور شاندار طریقے سے پاک فوج کو کمانڈ کیا ہے اور وہ ان چند سپہ سالاروں میں سے ہیں کہ جنہوں نے ملک و قوم کیلئے ایک عالی ہمت، بلند نظر اور ولولہ انگیز سپہ سالار کے طور خدمات سر انجام دیں مگر وہ اپنی ذاتی حیثیت میں کبھی کسی رعایت کے خواہاں نہیں رہے۔ ان کی یہی خوبیاں دیکھتے ہو ئے میں نے ہمیشہ کہا کہ وہ اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہیں لیں گے۔ میری خواہش ہے کہ وہ کسی نہ کسی طرح ملک و قوم کی خدمت جاری رکھیں۔ راحیل شریف کے اقدامات کا تسلسل ضروری ہے اور اسی طریقے سے ہم ملک دشمنوں اور دہشت گردوں سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments