پی پی78 جھنگ حق نواز جھنگوی کا بیٹا مسرور نواز کامیاب


\"masroor-nawaz\"

جھنگ (نامہ نگار) جھنگ کے حلقہ پی پی 78میں اہلسنت و الجماعت کے حمایت یافتہ اور حق نواز جھنگوی کے بیٹے آزاد امیدوار مسرور نواز جھنگوی نے میدان مار لیا جبکہ مسلم لیگ ن کے آزاد ناصر انصاری ہار گئے۔ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہو گئیں۔ واضح رہے کہ کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار مسرور نواز حق نواز جھنگوی کے بیٹے ہیں۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق اہلسنت و الجماعت کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار مسرور نواز نے 48563 ووٹ لیکر میدان مار لیا جبکہ مسلم لیگ ن کے آزاد ناصر انصاری 35469ووٹ لیکر ہار گئے۔ دوسرے نمبر پر رہے پاکستان تحریک انصاف کے میاں ارفع مجید2820،پاکستان پیپلز پارٹی کے سرفراز ربانی3671،پاکستان عوامی تحریک کے رانا نسیم قادری778ووٹ حاصل کیے۔جھنگ کے حلقہ پی پی 78میں ہونیوالے ضمنی انتخاب کی یہ نشست راشدہ یعقوب شیخ کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی ۔ تحریک انصاف کے میاں ارفع مجید، پیپلز پارٹی کے سرفراز ربانی،پاکستان عوامی تحریک کے رانا نسیم قادری اور جھنگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواجہ سرا میڈم عارف بوٹاسمیت 25امیدوار میدان میں تھے ۔171 پولنگ سٹیشن بنائے گئے تھے جن میں 17پولنگ سٹیشن کو حساس قرار دیا گیا تھا ۔ جب صبح پولنگ شروع ہوئی تو سرد موسم کی وجہ سے ووٹرز کی آمد کم رہی لیکن 12بجے ووٹرز کا پولنگ سٹیشنوں پر رش دیکھنے میں آیا ۔ تمام دن ووٹنگ کا عمل پر امن طور پر رہا ۔ اکا دوکا پولنگ سٹیشنوں پر جھگڑے کے واقعات سامنے آئے جس کے نتیجہ میں 2افراد زخمی ہوئے۔ الیکشن کمشن کی جانب سے تمام پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر رینجرز کے اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ امیدواروں نے اپنے اپنے مقررہ پولنگ سٹیشنوں میں ووٹ کاسٹ کیا ۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار آزاد ناصر انصاری نے پولنگ سٹیشن نمبر 13،ایم سی پرائمری سکول جھنگ سٹی، آزاد امیدوارمولانا مسرور نواز ، پیپلز پارٹی کے سرفراز ربانی نے پولنگ سٹیشن نمبر108طور پبلک ماڈل سکول کھتیانوالہ بازار ، تحریک انصاف کے ارفع مجید شیخ پولنگ سٹیشن نمبر55گورنمنٹ حسینیہ ہائی سکول اور میڈم عارف بوٹا نے پولنگ سٹیشن نمبر34چلڈران پراڈئز ماڈل سکول محلہ شیریفانوالہ میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ منڈی شاہ جیونہ کے نامہ نگار کے مطابق شہید حق نواز جھنگوی کے بیٹے مسرور نواز کی کامیابی پر شہر میں جشن کا سماں رہا۔ کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے یوں سابق رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم جنہوں نے ضابطہ الیکشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کھلے عام بیلٹ پیپر پر مہر لگائی تھی ان کی کاوشیں بھی مسلم لیگی امیدوار کو شکست سے نہ بچا سکی۔ شیخ وقاص اکرم جنہوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔ شیخ وقاص نے سب کے سامنے بیلٹ پیپر پر مہر لگائی۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ڈویژنل کمشنر مومن آغا اور آر پی او بلال صدیق کمیانہ نے پی پی 78 کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا۔ڈی سی او غازی امان اللہ،ڈی پی او ہمایوں مسعود سندھو،اسسٹنٹ کمشنر جنرل مہر شفقت اللہ مشتاق بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈویژنل کمشنر اور آر پی او مختلف علاقوں میں واقع پولنگ سٹیشنز پر گئے اور انتظامی و حفاظتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے بعض حساس پولنگ سٹیشنز پر بھی سکیورٹی کے انتظامات کو چیک کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments