کراچی: منی چینجر جاوید خانانی زیر تعمیر اپنی عمارت سے گر کر جاں بحق، واقعہ خودکشی لگتا ہے : پولیس


\"javedkhanani\"

کراچی (کرائم رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ + نیٹ نیوز) کراچی کے علاقے بہادر آباد میں معروف کرنسی ڈیلر اورخانانی اینڈ کالیا منی ایکسچینج کے مالک جاوید خانانی اپنے زیر تعمیر ٹاور کی چوتھی منزل سے گر کر جاں بحق ہو گئے۔ وہ اتوار کی دوپہر محمد علی سوسائٹی میں زیر تعمیر عمارت کی چوتھی منزل سے نیچے جا گرے جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے۔ انہیں لیاقت نیشنل ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہوں نے دم توڑ دیا۔ پولیس نے ابتدائی طورپر ان کی موت کو خودکشی ہی قراردیا ہے اور بظاہر اس کی وجہ ان کی اور ان کی کمپنی کے منی لانڈرنگ کے الزام میں ہونے والی تفتیش ہی نظر آرہی ہے۔ جاوید خانانی کے بھائی الطاف خانانی کو ستمبر 2015ء میں امریکہ میں منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور بعدازاں امریکی عدالت نے گزشتہ ماہ الطاف خانانی کو 20 سال قید اور ڈھائی لاکھ ڈالر جرمانے کی سزا سنائی‘ جبکہ ادھر پاکستان میں ایف آئی اے بھی خانانی اینڈ کالیا منی ایکسچینج اور جاوید خانانی کے خلاف منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے بارے میں تحقیقات کررہا ہے۔ جاوید خانانی سے غیر قانونی ذرائع سے چین‘ کولمبیا اور میکسیکو سرمایہ منتقل کرنے کے بارے میں تفتیش کی جارہی تھی جبکہ مالیاتی کرپشن کے ایک مقدمہ میں وہ ضمانت پر بھی تھے۔ ٹوئن ٹاور نامی جس زیر تعمیر عمارت کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگا کر جاوید خانانی نے خودکشی کی اس کی چھت سے پولیس کو جاوید خانانی کی چپل‘ چشمہ اور پرس بھی ملا‘ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق جاوید خانانی عمارت کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے لئے اکثر و بیشتر وہاں آتے تھے اور اتوار کو بھی واقعہ سے قبل وہ اپنے دفتر میں اپنے پارٹنر سلیم ذکی اور دیگر چند افراد کے ساتھ موجود تھے جبکہ واقعہ کے بعد انہیں ہسپتال بھی سلیم ذکی کی گاڑی میں پہنچایا گیا۔ ایس پی گلشن ڈاکٹر فہد مختار کے مطابق واقعہ خودکشی لگتا ہے، واقعہ کی تحقیقات کیلئے پوسٹ مارٹم کرایا جائیگا۔ جبکہ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ جاوید خانانی بجلی کا جھٹکا لگنے سے نیچے گرے وہ اس وقت کام کا معائنہ کر رہے تھے۔ پولیس نے عمارت کے چوکیدار اور 2 مزدوروں کو حراست میں لے لیا جبکہ جاوید خانانی کے پارٹنر سلیم ذکی کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments