خوش آمدید واحد بلوچ ۔۔۔۔ کیا اسیری ہے، کیا رہائی ہے


\"wahidپاکستان کے ہر خیر خواہ، ہر آزادی پسند اور ہر جمہوریت نواز کے لئے اس سے زیادہ خوشی کی خبر کوئی ہو نہیں سکتی کہ معروف سیاسی کارکن، علم دوست اور انسان دوست واحد بلوچ \”مبینہ حراست\” سے گھر واپس آ گئے ہیں۔  بلوچستان، سندھ، پنجاب اور پختون خواہ کے ہر جمہوری کارکن کو واحد بلوچ کی آزادی مبارک ہو۔ خاص تبریک ہانی بلوچ اور ان کے بہادر رفقا کے لئے جنہوں نے سخت خطرات مول لے کر واحد بلوچ کے لئے آواز اٹھائی۔ پاکستان کو اپنی بیٹی ہانی بلوچ پر فخر ہے۔

درویش کے کچھ احباب نے خوشی سے فون کر کے واحد بلوچ کی رہائی پر مبارک باد دی ہے اور تجویز کیا ہے کہ اب میں اپنی فیس بک ڈی پی سے واحد بلوچ کی تصویر ہٹا دوں۔ کیونکہ اس احتجاج کا مقصد پورا ہو چکا ہے۔ ان قابل احترام دوستوں سے گزارش ہے کہ واحد بلوچ کی تصویر ابھی کچھ روز اور میری ڈی پی پر جگمگاتی رہے گی۔ ہم نے صرف واحد بلوچ کے لئے احتجاج نہیں کیا تھا، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے کسی شہری کو ماورائے قانون ریاست جبر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ واحد بلوچ کی تصویر ہمیں یاد دلاتی تھی کہ ہمارے بھائی کو غیر قانونی طور پر 26 جولائی کو اس کی آزادی سے محروم کیا گیا۔ اسے بغیر اطلاع کے نامعلوم مقام پر زیر حراست رکھا گیا۔ اس کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا، ہمیں کچھ خبر نہیں۔ اس کے اہل خانہ اور ساتھیوں کو  ناقابل بیان اذیت میں مبتلا کیا گیا۔ واحد بلوچ کو رہا کر دیا گیا ہے۔ واحد بلوچ کی گم شدگی، حراست اور اسیری کی قانونی جواب دہی باقی ہے۔ واحد بلوچ کی تصویر اب پاکستان کے شہریوں کے حقوق، آزادیوں اور احترام کا نشان بن گئی ہے۔

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments