بدعنوان عناصر سے 279 ارب روپے نکلوا کرکے خزانے میں جمع کرا چکے ہیں: چیئرمین نیب
اسلام آباد(آن لائن) قومی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین قمر زمان چودھری نے کہا ہے کہ نیب بد عنوانی کی روک تھام کے حوالے سے ایشیا میں بہترین ادارے کے طور پر ابھر کر سامنے آیاہے، نوجوان بد عنوانی سے انکار کا پیغام گھروں، گلی محلوں اور کمیونٹی سنٹر تک پہنچائیں جس سے ملک سے بد عنوانی کے خاتمے میں مدد ملے گی، نیب زیرو ٹالیرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بد عنوانی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے، نیب کی بد عنوانی کے خلاف آگاہی مہم کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی اسلام آباد بیوروز کے زیر اہتمام \”بد عنوانی کا انجام معاشرتی اقدار کی تباہی\” کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین نیب قمر زمان چودھری نے کہاکہ بد عنوانی سے سماجی اور اقتصادی اقدار کو نقصان پہنچتا ہے اور اس سے ترقیاتی عمل متاثر ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے بد عنوانی کے خلاف کنونشن کے تحت بدعنوانی کی روک تھام کے لئے قانون سازی کی گئی ہے۔ 192 ملکوں نے اس کنونشن کی توثیق کی ہے ۔ اقوام متحدہ کے اس کنونشن کے تحت یہ وعدہ کیا گیا ہے کہ تمام ممالک بد عنوانی کے خاتمے کے لئے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف ہمارے ملک کا فائدہ ہو گا بلکہ اقوا م عالم کو فائدہ پہنچے گا۔ پاکستان اقوام متحدہ کے بد عنوانی کے خلاف کنونشن کے حامی ابتدائی ملکوں میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بد عنوانی کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن پر من و عن عمل کررہا ہے جس کے باعث وہ کرپشن کو روکنے کے لئے علاقائی ممالک میں نمایاں مقام حاصل کرچکاہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کوگزشتہ سال 40 ہزار شکایات موصول ہوئیں جن پر شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائری اور انویسٹی گیشن میرٹ پر نمٹائی جا رہی ہیں ، ہر کیس کے لئے 10ماہ کا عرصہ مقرر کیا گیا ہے۔ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک بد عنوان عناصر سے لوٹے گئے 279ارب روپے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔کرپشن جو تباہی پھیلارہی ہے اس کے متعلق عوام میں آگاہی پیدا کرنا ضروری ہے۔ بدعنوانی کے خلاف جنگ ہمارا فرض ہے اور ہم اس کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں اور نیک نیتی سے کام کر رہے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).