سینما پر بھارتی فلموں کی نمائش کا اعلان


\"\"سینما مالکان نے 19 دسمبر سے پاکستانی سینما پر ایک بار پھر ہندی فلموں کی نمائش کا اعلان کیا ہے۔ اس سے پہلے پاک بھارت گولا باری کے ردعمل میں ہندی فلموں کی نمائش روک دی گئی تھی۔ حالیہ خبر سے پاکستانی شوبز انڈسٹری میں اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے۔ یاد رہے کہ 30 ستمبر کو پاکستانی سینما کی مینجمنٹ، جس میں لاہور کے سپر سینما، نیوپلیکس کراچی اور ایٹریئم سینما شامل ہیں نے ہندستان میں پاکستانی اداکاروں کے ساتھ ناروا سلوک پر احتجاج کرتے اور افواج پاکستان کے ساتھ یک جہتی کا مظاہرہ کرتے بھارتی فلموں کی نمائش کو معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ مبینہ طور پر انہیں ایسا کرنے کے لیے کہیں اور سے مجبور کیا گیا تھا۔

حقیقت یہ ہے کہ ہندی فلموں کی ریلیز روک دینے سے سینما انڈسٹری بحران کا شکار ہو گئی تھی۔ ایسے میں پاکستانی فلم ساز پریشان تھے کہ یہ پابندی دیر تک رہی تو سینما ہال بند ہونا شروع ہو جائیں گے۔ وہ فلم پروڈیوسر جن کی فلمیں زیر تکمیل تھیں، انہیں اپنے سرمائے کی فکر ہونے لگی تھی۔ جب سینما ہال ہی نہیں رہیں گے، جب شائقین سینما کا رُخ ہی نہیں کریں گے، تو اُن کی فلمیں کون دیکھے گا۔ تاریخی طور پہ دیکھا جائے تو 1965ء کی جنگ کے بعد پاکستان اور ہندوستان نے سینما ہال میں ایک دوسرے کی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کر دی تھی۔ اس کے بعد 2008 میں یہ پابندی اٹھا لی گئی۔

حالیہ تعطلی کے حوالے سے سینما ہال مالکان کی نمائندگی کرتے ندیم مانڈوی والا نے کہا کہ ہم نے بھارتی فلموں کو بین نہیں کیا تھا، بلکہ ان کی نمائش معطل کی تھی۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ فلمیں جو تعطل کے باعث ریلیز ہونے سے رہ گئی تھیں، پہلے ان کی نمائش کی جائے گی۔ مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے ڈائریکٹر عادل مانڈوی والا نے کہا کہ ہم نے بھارتی سینما کے فروغ کے لیے یہ اقدام کیا اور چاہتے ہیں کہ بھارت بھی ایسا ہی اقدام کرے (جس سے پاکستانی انڈسٹری کو فروغ حاصل ہو) کیوں کہ تالی دونوں ہاتھ سے بجتی ہے؛ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، کہ ایک ہاتھ چھوٹا ہے یا بڑا۔

19 دسمبر کو جو پہلی فلم ریلیز کی جائے گی، وہ نواز الدین صدیقی کی \’\’فریکی علی\’\’ ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments