مسواک کے بل پر ہندوستان کو شکست دینے والے جواری


\"\"

سولہ دسمبر کا دن تھا۔ وہ سازشی نظریوں کا جال بُن رہا تھا جبکہ میں چسکے لے رہا تھا۔
جب مزا دو بالا ہوجاتا تو مدد کی خاطر اس کے لئے ایک اضافی دلیل بھی ڈھونڈ لیتا اور خوشی سے اس کی بانچھیں کھل جاتیں۔
باپ پشاور اور ماں کوہاٹ کی ہے۔ اور گزشتہ پینتیس سال سے امریکہ میں مقیم ہے۔
ناشتے کے کمرے میں میری آٹھ سالہ بیٹی نے بڑی خوشی سے بتایا، بابا یہاں ایک پشتون بھی کام کرتا ہے۔
علیک سلیک ہوئی۔
اس کا باپ ریٹائرڈ فوجی تھا اور خود نیشنل کالج آف آرٹس سے ڈیزائنگ میں ڈگری حاصل کی ہے۔
بیک راؤنڈ جاننے کے بعد سوچا، کیوں نہ اس کی سوچ اور فکر سے آگاہی حاصل ہو۔
شروعات اس نے افغانستان سے کی۔
”افغان نمک حرام ہیں، ہندوستان کے ایجنٹ ہیں اور جو کوئی پیسے دے بس اسی کا ہوا“
جب بھی باچا خان، جی ایم سید، محمودخان اچکزئی، اور نواب اکبر خان بگٹی کا نام لیتا تو شیطان کا لاحقہ اور سابقہ ضرور لگاتا۔
حرامی اور“مہا“ حرامی تو اس کا تکیہ کلام تھا
وہ اس عقیدے کے ساتھ جی رہا ہے کہ پاکستان کو کوئی بھی توڑ نہیں سکتا کیونکہ یہ ملک کلمے کی بنیاد پر وجود میں آیا ہے۔
میں نے ارادتاً اس کو چیلنج نہیں کیا کہ آج ہی کے دن تو پاکستان دو لخت ہوا تھا۔
اس کی نظر میں پاکستان کو ایٹم بم کی ضرورت نہیں کیونکہ مسواک کرنے سے بھی ہندووں کو شکست دی جاسکتی ہے۔
اس کے لئے اس نے ایک غزوے کا حوالہ دیا کہ جب دشمن نے صحابہ کرام کو مسواک کرتے دیکھا اور اسے دانت تیز کرنے کا عمل سمجھ کر جنگ چھڑنے سے قبل ہی بھاگ نکلا۔
میں ہر بات پر ڈیر شہ ڈیر شہ( بہت خوب ) کہتا رہا۔
اس نے میری واہ واہ کو جاہلانہ آہ سمجھ لیا اور ہونٹوں پر طنزیہ مسکراہٹ بکھیرتے ہوئے مشورہ دیا ” تم صحافی ہو لہذا جو کچھ میں نے تمہیں بتایا ہے اس سے لکھ ڈالو“
میں نے خدا حافظ کہا اور جاتے جاتے اس نے موضوع بدلا اور اپنی تعریف میں کہا کہ میں واحد شخص تھا جس نے ایک ہی دن میں جوئے میں تیرہ سو ڈالر کا چیک جیتا تھا۔
پھر ہنس کر کہا ”جوانی بھی خوب گزاری ہے“۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عبدالحئی کاکڑ

عبدالحئی کاکڑ صحافی ہیں اور مشال ریڈیو کے ساتھ وابستہ ہیں

abdul-hai-kakar has 42 posts and counting.See all posts by abdul-hai-kakar

Subscribe
Notify of
guest
2 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments