کرپشن کی بات کرنے والے بلاول سرے اوردبئی کے محل بھول گئے، چوہدری نثار


\"\"

اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ وہ وفاقی کابینہ سے مطالبہ کریں گے کہ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے۔

اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثارنے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ 2 سال میں ایف سی اوررینجرزپر75 ارب روپے خرچ کیے، ماضی میں بم دھماکے ہوتے رہے حکمران عوام کو میٹھی گولیاں دیتے رہے، پولیس کی تربیت کمانڈوز کی طرزپرکی گئی ہے، دہشت گردی کے واقعات میں کچہری کے وکلا بھی شہید ہوئے، مجھ پران کا کیا دباؤ ہوگا جن کے پلے کچھ نہیں اور مجھ پراگرکوئی دباؤ ہوا بھی تووہ بس میرے ضمیرکا ہوگا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ کابینہ میں مطالبہ کروں گا کہ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ پبلک کی جائے، سرے محل اورمحلات ہیں دبئی میں کیا ہم بھول گئے ہیں، جس شخص کی والدہ کانام پانامالیکس پرہے وہ دوسروں پربات کرتا ہے، عجب کرپشن کی غضب کہانی ہے جوجواب نہیں دیتے ، اچھا ہوتاوہ شخص کہتا کہ میری ماں کا کیس بھی سپریم کورٹ میں لے جایا جائے، پیپلز پارٹی کا کرپشن مخالف مہم چلانا ایسے ہے جیسے بھارت میں بی جے پی مسلمانوں کےحقوق کے لیے مہم چلائے۔
وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کے حوالے سے کہا کہ جبری رخصت پرگزشتہ روزایک انتہائی ایماندارآئی جی کا جوحال کیا گیا وہ بہت افسوس ناک ہے، ہمیں جب معلوم ہوا توہم نے آئی جی سندھ کو پیغام بھیجا لیکن وہ وفاق کے کہنے کے باوجود جبری رخصت پرچلے گئے لیکن اب چاہے وہ زبردستی گئے یا خود سے یہ کہہ نہیں سکتے، وہ بہت ایماندار ہیں اورسندھ میں بہت ساری تبدیلی ان ہی کی وجہ سے آئی ہے۔
اس سے قبل وزیرداخلہ چوہدری نثارنے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ پولیس میں شامل ہونے والے پاکستان کا مان رکھیں، آپ نے قانون کی پاسداری کرنی ہے، اسلام آباد پولیس میں بہت بہتری آئی لیکن ابھی بھی بہت گنجائش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھواورمجرموں، چوروں، کارکنوں کے لیے زمین تنگ کردو، مجھے خوشی ہے آپ اس جہاد میں شامل ہورہے ہیں، ایک جوان سب کچھ بدل سکتا ہے اور وہ تم بھی ہوسکتے ہو، آپ کی ذمہ داری چھوٹی نہیں ہے، آپ کے ہاتھ میں اللہ تعالی نے انصاف کی چھڑی دے دی ہے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ آپ نے ہمیشہ حلال کھانا اور انصاف کرنا ہے، میرہ التجا ہے کہ لوگوں کو انصاف دوگے ، دل میں اللہ کا خوف رکھو گے تو دنیا میں اورآخرت میں بھی فلاح پاؤ گے، آپ حکومت کے نہیں پاکستان کے ملازم ہیں اور حرام میں برکت اور سکون نہیں بس نیک نیتی اور انصاف میں سکون ہے۔ رینجرزکے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ رینجرزنے پولیس کے ساتھ مل کر اسلام آباد کو پر سکون بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اسلام آباد پولیس کو رینجرز کے نوجوانوں کو دیکھ کر اپنا معیار مزید تبدیل کرنا چاہیئے کیونکہ وہ بہترین طرح سے اپنی ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔ چوہدری نثارنے کہا کہ مجھے کرائم ریٹ زیرو کے قریب چاہیئے،آپ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے تربیت لے چکے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ کا پہلا دستہ اسلام آباد پولیس کا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار ملک کے ساتھ وفاداری نبھائیں، آپ کی مراعات جتنی بھی ہوں کم ہیں، آپ سینہ سپرہوکر کام کرتے ہیں، آپ نے بہادری اور طاقت سے دہشت گردی کا مقبلہ کرنا ہے اور میں شہیدوں کے خاندانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے دہشتگردی کا قلع قمہ کیا۔ حکومتیں آنی جانی ہیں، پہلے دھماکے ہوتے رہے، حکومتیں خواب خرگوش کے مزے لیتی رہیں لیکن ہم نے اپنی حکومت میں ہمیشہ عملی کام کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments