منی لانڈرنگ سابق حکومتی شخصیات شامل تھیں 2ہفتے میں پردہ اٹھا ئوں گا:نثار


\"\"

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا کرپشن مخالف مہم چلانا ایسے ہی ہے جیسے بھارت میں بی جے پی مسلمانوں کے حقوق کیلئے مہم چلائے، بلاول کے باورچی بھی سرکاری خزانے سے تنخواہ لیتے ہیں، منی لانڈرنگ کا کیس ضائع کرنے والوں کو سامنے لایا جائیگا۔ بچے کی اُوٹ پٹانگ باتوں کا جواب نہیں دے سکتا، چیخنے چلانے والے مذکر مونث میں بھی فرق نہیں کرسکتے۔ انکے کان میں یہ ڈال دیا گیا ہے کہ عمران سٹائل اپنانے سے وہ بڑے لیڈر بن سکتے ہیں اور کشتی پار لگ سکتی ہے۔ تعجب ہے کہ پیپلز پارٹی بھی کرپشن کیخلاف مہم چلائیگی۔ اسلام آباد میں ریپڈ رسپانس فورس کے پہلے بیچ کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں چودھری نثار نے کہا کہ ایبٹ آباد میں امریکی آپریشن پاکستان کی خود مختاری پر حملہ تھا، ایبٹ آباد کمشن کی رپورٹ منظرعام پر لانے کیلئے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مطالبہ کرونگا، حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔ سابق دور میں خانانی اینڈ کالیا کے ذریعے بڑے پیمانے پر منی لانڈرنگ کی گئی۔ اس منی لانڈرنگ میں سابق دور کی حکومتی شخصیات ملوث ہیں اور تمام ریکارڈ ضائع کردیا گیا۔ منی لانڈرنگ کا کیس ضائع کرنے والوں کو سامنے لایا جائیگا۔ سانحہ کوئٹہ پر کمشن کی رپورٹ پر بہت شور مچایا گیا، بلاول بھٹو سرے اور دبئی کے محل بھول گئے، جس شخص کی والدہ کا نام پانامہ لیکس میں ہے وہ دوسروں پر بات کرتا ہے، عجب کرپشن کی غضب کہانی پر ، یہ جواب نہیں دیتے تھے، ماضی میں بم دھماکے ہوتے رہے، حکمران عوام کو میٹھی گولیاں دیتے رہے، پولیس کی تربیت کمانڈوز کی طرز پر کی گئی ہے، دہشت گردی کے واقعات میں کچہری کے وکلا بھی شہید ہوئے، مجھ پر ان لوگوں کا کیا دباؤ ہوگا جن کے پلے کچھ نہیں، مجھ پر کوئی دباؤ نہیں۔ امریکی فورسز نے یہاں آکر ایک شخص کو قتل کیا اور لے گئے، تین ہفتے زور لگانے کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ سیشن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی جبری رخصت افسوسناک ہے، انکی وجہ سے حالات میں بہت بہتری آئی، مجھ سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے والوں کی اصلیت قوم کے سامنے آگئی، 10 برس میں صرف باتیں ہوئیں کام نہیں، تھائی لینڈ کے وزیر داخلہ کو خط لکھ رہا ہوں، ہمیں کریڈٹ دیں ہم سفاک قاتل رحمن بھولا کو بنکاک سے اٹھا کر لائے۔ وزیر داخلہ نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ پولیس میں شامل ہونے والے پاکستان کا مان رکھیں۔ انکا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھو اور مجرموں، چوروں، کارکنوں کیلئے زمین تنگ کردو، مجھے خوشی ہے آپ اس جہاد میں شامل ہورہے ہیں، آپکے ہاتھ میں اللہ تعالی نے انصاف کی چھڑی دی ہے۔ دل میں اللہ کا خوف رکھو گے تو دنیا میں اورآخرت میں بھی فلاح پاؤ گے، آپ حکومت کے نہیں پاکستان کے ملازم ہیں۔ رینجرز کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ رینجرز نے پولیس کے ساتھ مل کر اسلام آباد کو پر سکون بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ چودھری نثار نے کہا کہ مجھے کرائم ریٹ زیرو کے قریب چاہئے۔ میں شہیدوں کے خاندانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں آنی جانی ہیں، پہلے دھماکے ہوتے رہے، حکومتیں خواب خرگوش کے مزے لیتی رہیں ہم نے دہشت گردی کیخلاف عملی کام کیا۔ پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف قربانیاں دیں۔ آپ کا وزیر داخلہ کسی سے کم نہیں، کسی بھی وقت مقابلہ کرلیں۔ ٹی وی کے مطابق چودھری نثار نے کہا کہ خانانی اور کالیا کے ذریعے پاکستان سے بڑے پیمانے پر منی لانڈرنگ ہوئی گزشتہ حکومت کے اہلکار بھی شامل تھے، آئندہ دو ہفتوں میں حقائق سے پردہ اٹھائوں گا۔ امریکہ میں الطاف کالیا کے پکڑے جانے پر یہاں ایف آئی اے کو جھنجھوڑا، میں نے خاموشی سے انکوائری کرائی تو تشویشناک صورتحال سامنے آئی۔ انہوں نے کہا ایبٹ آباد میں امریکی فورسز کی کارروائی خودمختاری کے خلاف تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments