ایان علی کا جنرل راحیل شریف کے نام خط


محترم جنرل راحیل شریف،\"\"

میں آپ کے نام کے ساتھ ریٹائر نہیں لکھ رہی. مجھے اندازہ ہے کہ فوجی جنرل کبھی ریٹائر نہیں ہوتا۔  یہاں میں آپ سے ایک سوال کرنا چاہتی ہوں، کیا آپ اپنے نام کی طرح سچ میں شریف ہیں؟ سنا ہے آپ نے جنرل پرویز مشرف کو پاکستان سے باعزت طریقے سے فرار کروانے میں بھرپور معاونت کی تھی، آپ کا دبائو عدلیہ اور وزیراعظم دونوں محسوس کرتے ہیں۔

جیسا کہ آپ کو معلوم ہے، اسی عدالت نے میرا بھی ناک میں دم کر رکھا ہے، بلکل مشرف صاحب ہی کی طرح۔ یہاں یہ بات خاطر میں رہے کہ مجھ پر آئین وغیرہ کو توڑنے یا قتل وغیرہ کا کوئی الزام نہیں، میں نے تو کرپشن بھی نہیں کی، مجھ ننھی سی جان پر الزام ہے تو ایک عدد بریف کیس پیسوں کا بھر کر اپنے ملک سے دوسرے ملک لے جانے کا۔ واضح رہے کہ ایسا میں نے کیا نہیں ہے، بس مجھ پر الزام ہے۔\"\"

جج صاحب عدالت میں میرے چکر پر چکر لگوا رہے ہیں اور انصاف کی جگہ بس تاریخ پر تاریخ دے رہے ہیں۔ شاید قابل احترام جج، معزز وزیر داخلہ اور دیگر افسران بالا کو میرا عدالت آنا بہت پسند ہے۔ میں جب عدالت جاتی ہوں تو اکثر لوگ مجھے گھور گھور کر دیکھتے ہیں، کچھ کے منہ سے تو رال بھی ٹپک رہی ہوتی ہے۔ نا جانے وزیر داخلہ مجھے ٹی وی پر حسرت بھری نگاہوں سے دیکھتے ہیں یا نہیں، الفت تو مجھ سے وہ خوب فرماتے ہیں، اپنی اہم ترین پریس کانفرنس میں ملکی مسائل کا ذکر کریں یا نا کریں، موصوف کے دل و دماغ پر میں ضرور سوار رہتی ہوں۔ میڈیا کو بھی مجھ سے خاص ہمدردی ہے، میں ماڈلنگ اور ریمپ وغیرہ کو نا ترسوں، وہ میری عدالت آمد کو ہی ریمپ پر والک بنا کر پیش کرتے ہیں۔

ایسا نہیں ہے کہ کوئی میری مدد کو نہیں آیا، سابق گورنر پنجاب کو تو میں نے اپنا وکیل کر رکھا ہے، مگر لگتا ہے اب سیدھا جج ہی کرنا پڑے گا۔ یوں تو کہا جا رہا ہےکہ آپ کی سبک دوشی کے بعد میری شنوائی اور بے گناہی کے امکانات بڑھ گئے ہیں، پھر بھی میں کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتی۔\"\"

میرا فوج سے کبھی بھی کسی بھی قسم کا کوئی تعلق نہیں رہا۔ میں فوجی گھرانے سے نہیں ہوں۔ اس لیے شاید آپ میری مدد بھی نا کریں۔ ذرا سوچیں میں ایک ماڈل تو ہوں لیکن ایک انسان بھی ہوں، ایک عورت ذات بھی ہوں۔ یہ نام نہاد مرد مجھے اپنی دشمنی کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ جس طرح آپ نے جنرل پرویز مشرف پر عنایت کی تھی، مجھ پر بھی عنایت فرمائیں۔ ایک مرتبہ با عزت بری ہوگئی تو وردی پہن کر تصویر کھنچوائوں گی۔ چلیں ٹھیک ہے، باعزت کا لفظ واپس لیتی ہوں، آپ بس اس عدالت سے میری جان بخشی کروا دیں۔

مجھے امید ہے آپ مجھے شکریہ راحیل شریف کہنے کا بھرپور موقع دیں گے۔

سب کی پیاری

ایان علی


Comments

'ہم سب' کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔ کمنٹ کرنے والا فرد اپنے الفاظ کا مکمل طور پر ذمہ دار ہے اور اس کے کمنٹس کا 'ہم سب' کی انتظامیہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔