امریکا نے پاکستان کو نائٹ وژن آلات فروخت کرنے کی منظوری دیدی


\"\"

واشنگٹن: امریکا کی وزارت دفاع نے پاکستان کو 29 ارب 77 کروڑ روپے کے نائٹ وژن آلات فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔

امریکی وزارت دفاع (پینٹاگون) کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق پاکستان کو 29 ارب 77 کروڑ روپے مالیت کے نائٹ وژن آلات فروخت کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ امریکی کمپنی لوک ہیڈ مارٹن کے ذریعے کئے جانے والے معاہدے میں نائٹ وژن آلات کی تیاری، ٹارگٹ سسٹم کے سافٹ ویئر میں بہتری اور کوبرا ہیلی کاپٹر میں رات میں دیکھنے کی صلاحیت والے آلات کی تنصیب شامل ہے۔

پینٹاگون حکام کا کہنا ہے لوک ہیڈ مارٹن کمپنی ٹارگٹ سائٹ سسٹم فلوریڈا میں تیار کر کے 2022 تک امریکی بحریہ اور پاکستان کے حوالے کرے گی اور پاکستان مجموعی مالیت کا 20 فیصد امریکا کو ادا کرے گا۔ اس سے قبل رواں برس جنوری میں بھی امریکا نے اسی نظام کی پاکستان کو فراہمی کے لیے لوک ہیڈ مارٹن سے 14 ملین ڈالر کا ایک اور معاہدہ کیا تھا جس کے تحت ٹارگٹ سائٹ سسٹم کی پاکستان کو فراہمی آئندہ برس دسمبر میں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ نائٹ وژن کے ذریعے رات میں کارروائیوں اور دن میں دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں مدد ملتی ہے اور یہ سسٹم علاقے کے بارے میں بروقت اور صحیح معلومات فراہم کرتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments