25 دسمبر کو پیدا ہونے والی مشہور شخصیات


\"\"

ہر گذرتے لمحے کے ساتھ انسان اس دنیا کی آبادی میں اضافہ کر رہا ہے۔ آبادی میں اضافے کے ساتھ ساتھ معیشت دانوں اور پالیسی سازوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ یوں تو سال کے کیلنڈر کا ہر دن اہم ہے۔ مگر کچھ تاریخیں اور دن ایسے ہوتے ہیں جو دنیا کو بہت کچھ دے جاتے ہیں۔ اسی طرح مختلف تاریخوں میں پیدا ہونے والے افراد میں سے کچھ لوگ دنیا کے لئے باعثِ رحمت ہوتے ہیں اور کچھ باعث زحمت۔

25 دسمبر کو جہاں ایک طرف مسیحی برادری حضرت عیسی علیہ السلام کی پیدائش کا جشن مناتی ہے تو دوسری جانب پاکستان کے شہری بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یومِ ولادت مناتے ہیں۔ حضرت عیسی علیہ السلام اور قائد اعظم محمد علی جناح کے علاوہ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا یوم پیدائش بھی 25 دسمبر ہے۔ وہ کرسمس کے روز 1971 میں اوٹاوہ کینیڈا میں پیدا ہوئے۔ ٹروڈو 2015 سے تا حال کینڈا کے وزیراعظم ہیں اور اپنے ملک کی تمام کمیونٹیوں میں یکساں مقبول ہیں۔ مصر کے سابق صدر انور سادات بھی 25 دسمبر کو پیدا ہونے والے افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔ وہ 25 دسمبر 1918 کو مصر کے قصبے میت ابوالکوم میں پیدا ہوئے تھے۔ فیلڈ ماشل انور سادات نے 15 اکتوبر 1970 کو جمال عبدالناصر کے انتقال کے بعد مصر کی صدارت سنبھالی تھی۔ اس سے قبل وہ جمال عبدالناصر کے نائب تھے۔ انور سادات نے اپنے دور صدارت میں شام کے ساتھ مل کر اسرائیل سے جنگ چھیڑدی۔ جس میں انھیں کامیابیاں بھی حاصل ہوئیں۔ جنگ بندی کے بعد 19 نومبر 1977 کو انور سادات نے اسرائیل کا باضابطہ دورہ کیا اور بیت المقدس میں اسرائیلی پارلمنٹ سے خطاب کیا۔ یوں وہ اسرائیل کا دورہ کرنے والے پہلے عرب رہنما قرار پائے۔ انھیں اس دورے کی دعوت اسرائیلی وزیر اعظم میناچم بیگن نے دی تھی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان امن معاہدہ طے پایا اور سادات اور بیگن کو امن کے نوبل انعام سے نوازا گیا۔

دورہ اسرائیل کے بعد انور سادات کو مسلم دنیا کی طرف سے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا اور عرب لیگ نے مصر کی رکنیت معطل کردی۔ جس کے بعد مصر عرب دنیا میں تنہا رہ گیا۔ انور سادات نے اپنی صدارت کے آخری ایام میں دائیں اور بائیں بازو کی تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا۔ جس کے نتیجے میں اساتذہ، صحافیوں اور طلبہ تنظیموں کے کارکنوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا۔ اس کریک ڈاؤن کے ایک ماہ بعد 6 اکتوبر 1981 کو قاہرہ میں یومِ فتح پریڈ کے موقع پر انور سادات کو قتل کردیا گیا۔ انور سادات کو خالد اسلامبولی نامی ایک فوجی نے قتل کیا جو فوج میں شامل شدت پسندوں کا کارندہ تھا۔ اپریل 1982 میں اسلامبولی کو پھانسی دے دی گئی۔ انور سادات کے قتل کے مقدمے میں دیگر اسلامی شدت پسندوں کے ساتھ ایمن الظواہری کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ جسے بعد میں رہا کردیا گیا اور وہ وہاں سے افغانستان چلاگیا۔

\"\"

دیگر عالمی رہنماؤں میں کرسمس کے دن پیدا ہونے والوں میں مشرقی نائجیریا کے سابق وزیراعظم مائیکل اوکپارا بھی شامل ہیں۔ وہ 25 دسمبر 1920 کو نائجیریا میں پیدا ہوئے۔ مائیکل اوکپارا نے نائجیریا میں زرعی اصلاحات پر زور دیا۔ وہ نیشنل کونسل آف نائجیریا اینڈ کیمرون کے انقلابی رہنما تھے۔ نائجیریا میں خانہ جنگی کے بعد وہ آئرلینڈ میں جلا وطن کردیے گئے تھے۔ مائیکل اوکپارا 17 دسمبر 1984 کو انتقال کرگئے۔

دیگر سیاستدانوں میں پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم نواز شریف جو 25 دسمبر 1949 کو لاہور میں پیدا ہوئے اور سوڈان کے سابق وزیراعظم صادق الصدیق جو 25 دسمبر 1935 کو سوڈان کے قصبے العباسیہ میں پیدا ہوئے شامل ہیں۔ جبکہ سابق بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی بھی اس فہرست میں شامل ہیں جو 25 دسمبر 1924 کو گوالیار (انڈیا) میں پیدا ہوئے۔ اسرائیلی سیاستدان طالب الصانع بھی کرسمس کے دن 1960 میں اسرائیل میں پیدا ہوئے تھے۔ 1986 میں طبعیات کا نوبل انعام پانے والے جرمن سائینسدان ارنیسٹ رسکا اور امریکی پیتھالوجسٹ جیمس ایونگ بھی 25 دسمبر کو پیدا ہوئے۔ 1970 کے فٹبال کے عالمی کپ میں برازیل کو فتح سے ہمکنار کروانے والے لیجنڈ فٹبالر جیر زنہو بھی کرسمس کے روز پیدا ہوئے۔ برازیل کے عظیم فٹبالر رونالڈو کو بھی جیر زنہو نے ہی متعارف کروایا تھا۔ 25 دسمبر کو پیدا ہونے والوں میں امریکی اداکار ہمفری بوگارٹ کے علاوہ اداکاروں، گلوکاروں، ہدایت کاروں، قلمکاروں، پروڈیوسرز اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کی بھی ایک طویل فہرست شامل ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments