ایان علی کے نام جنرل راحیل شریف کا جوابی خط


\"\" پیاری ایان،

میں بہت کم ٹی وی دیکھتا ہوں، لیکن میں نے اکثر آپ کو دیکھا ہے۔ آپ کا خط ملا، دلی مسرت ہوئی۔ معلوم ہوا کہ یہ ایک کھلا خط ہے، مجھ سے قبل بہت سے لوگ پڑھ چکے ہیں، مایوسی ہوئی۔ آپ کو ایسی شرارتوں سے اجتناب کرنا چاہیے۔ میرے نام سربند  اور مہربند خطوط ہی ارسال کیا کریں، مجھے مسرت ہوگی۔ چاہیں تو آپ مجھ سے کھانے پر بھی ملاقات کر سکتی ہیں، قوم کی بیٹی کو کچھ وقت تو میں دے ہی سکتا ہوں۔

آپ نے خط میں ذکر کیا تھا، فوجی کبھی ریٹائر نہیں ہوتا، ایسا نہیں ہے۔ آپ میری مثال ہی لے لیں، جب تک میں وردی میں تھا آپ نے ایک جملہ کہنے کی ہمت نہیں کی اور میرے سبکدوش ہوتے ہی آپ نے مجھے اس قدر عزت بخش دی۔

جب تک عہدہ تھا، مشرف بھی خاموش رہے۔ ریٹائر ہوتے ہی نا جانے مشرف کو کیا ہو گیا۔ وہ سب کچھ کہہ گئے جو کہ راز ہونا چاہیے تھا۔ کچھ باتیں سب پر عیاں ہونے کے باوجود راز ہی رہیں تو بہتر ہوتا ہے۔ کہتے ہیں کہ جس پر احسان کرو اس کے شر سے بچو۔ مجھے یہ اصول دھیان میں رکھنا چاہیے تھا۔ اپنے خط کے آخری حصے میں آپ نے اپنی صفائیاں پیش کرتے ہوئے مجھ سے مدد طلب کی تھی۔ میں آپ کو اس پیچیدہ صورتحال سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ میں آپ کی کسی قسم کی مدد نہیں کر سکتا، نہ ہی میں یہ مشرف کا دعویٰ مسترد کر سکتا ہوں، مجھے یوں ہی خاموش رہنا ہو گا۔\"\"

اندر کی بات آپ کو کوئی چڑیا نہ بتا دے، اس ڈر سے خود ہی بتانے جا رہا ہوں، یہ آپ کے اور میرے درمیان راز رہے گا۔ دراصل مشرف نے وطن لوٹ کر غلطی کی تھی، اب چونکہ وہ پھنس چکے تھے تو انہیں مصیبت سے نکالنے کی ذمے داری مجھ پر آ گئی تھی، آگے جو بھی ہوا، مجھے اس کا علم نہیں۔ میری نیک خواہشات آپ کے ساتھ  ہیں۔

آپ نے اپنے خط میں فوجی لباس میں زیب تن ہوکر تصویر بنوانے کا عندیہ دیا تھا۔ آپ کا خیال اچھا ہے، اگر آپ اس تصویر میں کسی فوجی کو بھی شامل کر لیں۔

اس خط کو راز رکھیے گا اور آئندہ شرارت سے اجتناب کرتے ہوے، بند خط کے ذریعے رابطہ کیجیے گا۔ امید ہے کہ کسی روز کھانے پر ملاقات ہو گی۔  آپ بے فکر رہیں، خبر نہیں بنے گی۔ کسی کو کانوں کان علم نہیں ہو گا۔ ایسی ملاقاتوں میں ہم مہارت رکھتے ہیں۔

جنرل (ریٹائرڈ) راحیل شریف


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments