نفرت کون پھیلا رہا ہے؟


\"Zunaira_Saqib\"چچ چچ ۔ کتنی نفرت ہے اس ملک میں۔ مجھے تو سمجھ نہیں آتا لوگ قتل و غارت کے لئے وجہ کہاں سے ڈھونڈ لیتے ہیں ؟ کیا بنے گا اس ملک کا ؟

روزانہ کی بنیاد پر ہم یہ باتیں کر کے اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ ہو جاتے ہیں۔ کبھی یہ سوال پوچھنے کی زحمت اپنے آپ سے گوارا نہیں کرتے کے آخر یہ نفرت ملک میں آئی کہاں سے ہے ۔ کچھ بھلے لوگوں کا خیال ہے کے سب یہودی سازش ہے۔ کچھ سادے لوگ یہ بھی سمجھتے ہیں کے امریکہ اور مغرب کے پاس پاکستان کو کمزور کرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں ہے۔ کم از کم اسی فیصد توانائیاں وہ پا کستان کے خلاف سازشیں کرنے میں لگا دیتے ہیں۔ باقی جو بیس فیصد بچ جاتا ہے اس سے وہ سائنس وغیرہ میں فضول میں آگے نکلے جا رہے ہیں۔ اب بھی یہ تو الله کا وعدہ ہے نہ کے وہ کافروں کو دنیا میں عزت دیتا ہے۔ تو وہ دنیا میں عزت لے لیں ہم ذرا پاؤں پسارے بیٹھے ہیں آخرت میں عزت کے لئے۔

کوئی ان سے پوچھے کے یہ نفرت جو ہمارے ملک میں بھری پڑی ہے۔ مذہب، ذات، مرتبے اور تعلیم کی بنیاد پر، کیا یہ ہمارے گھروں میں نہیں سکھائی جاتی؟ کیا یہ وہ جھوٹ کا پودا نہیں جو کے ہم اپنے بچوں کے دلوں میں ان کے پیدا ہونے پر بو دیتے ہیں؟ اور جب جھوٹ اور نفرت کی کھاد سے سینچا ہوا یہ پودا ایک درخت بن جاتا ہے تو ہم کہتے ہیں چچ چچ اتنی نفرت کہاں سے آئی؟

ذرا ایک منٹ رکیے ، آئیں ذرا تھوڑا سا احتساب ہو جائے۔ ذرا وہ جھوٹ اور نفرت د یکھیں جو ہم سب اپنے اپنے گھروں میں سکھاتے ہیں۔

گھر میں کام کرنے والی ماسی عیسائی ہے۔ وہ کپڑے اور باتھ روم دھو سکتی ہے لیکن کھانا اس کو الگ برتن میں ملے گا۔ کیوں کے ہمارے برتن ناپاک ہو جاتے ہیں۔

کوڑا اٹھانے والے اور گٹر کھولنے والے چوڑھے ہوتے ہیں۔

ہمارے فرقے کے سوا سب فرقے والے کافر ہیں۔

ہمارے تاریخی اور علاقائی ہیرو سب کے سب مسلمان ہیں۔

ہندووں نے سوائے عورتوں کی عزت لوٹنے اور پوجا پاٹ کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا۔

قادیانی واجب القتل ہیں۔

اگر لڑکی ہو اور کوئی دست درازی کر جائے تواعلان کرنے کی ضرورت نہیں۔ عزت خراب ہو جائے گے۔

مسلم امّہ ہماری دوست ہے ۔ مغرب کافر اور ہمارا دشمن ہے۔ البتہ چین اس الزام سے بری الذمہ ہے۔

ہندوستان نے 1965 میں رات کے اندھیرے میں پاکستان پر حملہ کیا۔

مغرب کی ترقی کی واحد وجہ اسلام سے قربت اور ہمارے زوال کی واحد وجہ اسلام سے دوری ہے۔

جو لڑکیاں خاندان کی عزت پر بٹہ لگائیں ان کو غیرت کے نام پر مارنا جائز ہے۔

اگر ان میں سے ایک بھی جھوٹ کا پودا آپ نے بھی اپنے گھر میں لگایا ہے تو جان لیجئے کہ آپ بھی اس ملک میں نفرت پھیلانے میں برابر کے حصے دار ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
3 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments