پاکستان سپر لیگ اور پاکستان


\"Abdul_Basit\"تحریر: عبدالباسط۔۔۔

افسوس صد افسوس۔ مذہبی جنونی اورسیکولر انتہا پسند۔ دونوں ہی پاکستان سے پیار نہیں کرتے۔ کل پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب ٹیلی ویژن پہ دکھائی جا رہی تھی۔ وہاں سب کچھ تھا، جوش، جذبہ، ننگے جسم ،مدہوش رقص، آتش بازی، روشنیوں کی چکا چوند، سب کچھ ۔ لیکن پاکستان نہیں تھا ۔ وہ کہیں دور کھڑا سوچ رہا تھا کہ کیا ہی اچھا ہوتا اگر پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کی ثقافت بھی ہوتی۔ جو کچھ ہوا مجھے اس پہ اعتراض نہیں ہے۔ دنیا کو جانیں، آگے بڑھیں ۔ لیکن دکھ اس بات کا ہے کہ جس طرح مذہبی انتہا پسند صرف خاص قسم کے لباس اور زباں کو مذہب سمجھتے ہیں، اسی طرح لبرل اور سیکولر انتہا پسند بھی یہ سمجھتے ہیںں کہ شاید جن قوموں نے ترقی کی ہے، وہ ننگے ناچ اور بیہودہ مناظر سے کی ہے۔ جناب، یہ سب کچھ انکی کسی ثقافت کا حصہ تو ہو سکتا ہے لیکن ترقی کا راز نہیں ۔ ترقی، سائنس، ٹیکنالوجی، تعلیم، صحت، اور معیشت کی ترقی کو کہا جاتا ہے ۔ دوسروں کی اندھی تقلید کو ترقی نہیں کہا جاتا۔

کاش ہم یہ سمجھ جائیں کہ بڑا آدمی وہ نہیں جو خود کو بڑے لوگوں کی چیزوں سے وابستہ کر لے۔ بلکہ بڑا آدمی وہ ہے جو خود سے وابستہ چیزوں کو بڑائی عطا کرے۔ کیا ہی اچھا ہوتا اگر کوئی گھبرو جوان پنجابی پگ اور کھسے کے ساتھ اسٹیج پہ پنجاب کی ثقافت دکھاتا ۔ کوئی پختون جوان پشتو زبان کے گیت سناتا ۔ کوئی بلوچی رقص ہوتا ۔ کوئی سندھی اجرک کا پرچار کرتا۔ فضا امن اور محبت بھرے لوک گیتوں سے گونج اٹھتی ۔ ہم دنیا کو بلھے شاہ کا پیغام دیتے ۔ دنیا کو بتاتے کہ ہم امن پسند قوم ہیں ۔ وادی کیلاش کے رنگ، پٹھانوں کا ٹرک آرٹ، پنجابی ہیر اور لعل شہباز قلندر کے نغمے دنیا کو سنائے جاتے ۔ قومی لباس میں ملبوس کوئی جوڑا تقریب کی میزبانی کرتا ۔ قومی ترانہ کے بعد نصرت فتح علی خان کی اللّه ہو، اللّه ہو کی صدا، نور جہان کی آواز، مہدی حسن کا جادو اور عالم لوہار کی جگنی وہاں ہوتے۔ کسی عربی شیخ سے افتتاح کروانے کی بجائے قومی سیاست دانوں سے افتتاح کروایا جاتا ۔ اور عہد کیا جاتا کہ اگلے سال یہ تقریب دبئی کے صحرا میں نہیں بلکہ پنجاب ،سندھ ،بلوچستان اور خیبر پختون خواہ کے اسٹیڈیم میں ہو گی ۔ اگر اتنا پیسہ اور وقت لگا کے بھی ہم نے دوسروں کی ثقافت کو ہی ترویج بخشنی ہے تو پھر تو اسکا کوئی فائدہ نہیں ۔

اپنی مٹی ہی پہ چلنے کا سلیقہ سیکھو
سنگ مر مر پہ چلو گے تو پھسل جاؤ گے


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
4 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments