حلب جل رہا ہے، کوئٹہ تو ٹھنڈا پڑا ہے


\"\"

عیار منجن فروش: بھولے ریلی کی تیاری کر۔

بھولا سرفروش: کیا ہوا امیر صاحب؟

نامراد پوچھتا ہے کہ کیا ہوا۔ ادھر برما اور حلب میں تجھے پتہ نہی کیا ہو رہا ہے مسلمانوں کے ساتھ؟

امیر صاحب برما کے روہنگیا بنگالیوں کو تو بنگلہ دیش بھی لینے سے انکاری ہے۔ برما سے ہمارا کوئی تعلق واسطہ بھی نہیں ہے کہ ہم اس پر دباؤ ڈال سکیں۔ ہم بنگلہ دیش میں مقیم بہاری پاکستانیوں کو لینے پر بھی راضی نہیں ہیں تو روہنگیا کو کہاں سے لیں گے۔ پھر ہم کیا کریں گے؟

بھولے ہم ریلی نکالیں گے۔

\"\"

امیر صاحب حلب میں تو مسلمان ہی مسلمان کو مار رہا ہے۔ ادھر کس کے خلاف ریلی نکالنی ہے؟

بھولے، میرے بچے، کچھ مسلمان دوسروں سے زیادہ مسلمان ہوتے ہیں۔

امیر صاحب ادھر اپنے پاکستان میں بھِی پچاس ساٹھ ہزار بندہ دہشت گردوں کے ہاتھوں مر چکا ہے۔ اس پر ریلی نہ نکالیں؟

بھولے، ادھر تو را اور بلیک واٹر نے بندے مارے ہیں۔ ان کے خلاف ریلی نکالی تو وہ سمجھیں گے کہ وہ کامیاب ہو گئے ہیں اور ہم بے بس ہو کر بس اپنی بسیں جلانے اور سگنل توڑنے کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتے ہیں۔

امیر صاحب پھر حلب اور برما کے خلاف ریلیاں نکالنے سے کیا دشمن یہ نہیں سمجھیں گے کہ وہ کامیاب ہو گئے ہیں؟

نہیں بھولے۔ اگر انہیں پتہ ہوتا کہ پاکستان نام کا کوئی ملک بھی ہوا کرتا ہے تو پھر ہی وہ دشمن خوش ہوتے۔

امیر صاحب چکوال میں ابھی مہینے پہلے فساد ہوا تھا۔ ادھر پر بھی ریلی نہ نکال لیں؟

\"\"

چکوال میں تو سارے غیر مسلم رہتے ہیں۔ ریلی صرف مسلمانوں کی حمایت میں ہی نکالی جا سکتی ہے۔

امیر صاحب چکوال میں تو ننانوے فیصد سے بھی زیادہ مسلمان رہتے ہیں۔

بھولے ایک فیصد تو غیر مسلم ہیں ناں۔ جب وہ ختم ہو جائیں گے تو ہم ان کی یاد میں ریلی نکالیں گے۔

امیر صاحب پشاور تو آپ کا اپنا شہر ہے۔ ادھر ہزاروں بندہ مرا ہے دہشت گردی میں۔ ریلی ادھر سے شروع نہ کر دیں؟

بھولے ادھر بھی چکوال والا مسئلہ ہے۔ ادھر ننانوے فیصد مسلمان ہوں گے، مگر ایک آدھا فیصد سکھ بھی تو رہتے ہیں۔

\"\"

امیر صاحب پھر اپنی حلب والی ریلی کو ادھر کوئٹے شوئٹے کی طرف سے چکر لگوا کر نہ لے جائیں؟ ادھر تو سو فیصد مسلمان ہی رہتے ہیں۔

بھولے، اب سعودی عرب نے ہمارے اوپر پابندیاں لگانی شروع کی ہیں اور ایران ہمیں دورے کروا رہا ہے تو ہمیں کوئٹہ کے ہزارے بھی مسلمان مسلمان سے لگنے لگے ہیں۔ مگر پہلے یقین تو ہونے دو۔ تم باتیں نہیں بناؤ۔ ٹرک کا بندوبست کرو اور دھیان سے دیکھ لینا کہ اس کی ساری بتیاں جلتی ہیں یا نہیں۔

امیر صاحب جو حکم آپ کا۔ ٹرک بھی تیار ہے اور اس کی بتی بھی جل رہی ہے۔ آپ جب حکم کریں ریلی نکال کر قوم کو اس کے پیچھے لگا دیں گے۔


بھولے یہ تو تیرے ساتھ ہینڈ ہو گیا ہے۔۔۔
عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments