جس اسپتال میں صفائی نہیں ہوگی وہاں کی انتظامیہ سے صفائی کرواؤں گا، مراد علی شاہ


\"\"

کراچی: وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صفائی ستھرائی کی ذمے داری اسپتال انتظامیہ کی ہوتی ہے اور جس اسپتال میں صفائی نہیں ہوگی وہاں کی انتظامیہ سے صفائی کرواؤں گا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں محکمہ صحت کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیرِ صحت، وزیر ورکس اینڈ سروسز اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔ ترجمان وزیر اعلی ہاؤس کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے صرف پروجیکٹس کے فیتے کاٹنے کا شوق نہیں، خدا کے واسطے عوام پر رحم کریں، آپ کام کریں گے تو ہم عوام کی خدمت کرسکیں گے۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے افسران پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ جب میں نے ناراضگی ظاہرکی تو5 اسکیمز کا کام ایک دن میں ہوگیا، اس کا مقصد آپ کام کرسکتے ہیں لیکن کرنا نہیں چاہتے، مجھ پر عوام کی ذمے داری ہے اورمجھے عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے کرنے ہیں۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ میں پروجیکٹس کی تکمیل میں تاخیر کو عوام کے خلاف سازش سمجھتا ہوں، مجھے یہ نہ سمجھائیں کہ ڈیزائن اور انجینئرنگ کا کام کیسے ہوتا ہے، میں جانتا ہوں اچھا کوالٹی کا کام کیسے مقررہ وقت میں ہوتا ہے جب کہ وزیراعلی نے کارکردگی پر نظر رکھنے کے لئے پروجیکٹس پر کام کرنے والے انجینئرز کے موبائل نمبرز بھی لے لئے ہیں۔

وزیراعلی نے شہر کے مضافاتی علاقوں میں محکمہ صحت کے ترقیاتی کاموں میں تاخیرپراظہارِ برہمی کیا، انہوں نے کہا کہ اگر آپ کام نہیں کریں گے تو میں صبح 8 بجے اجلاس کروں گا، اگر یہی حال رہا تو ورکس ڈیپارٹمنٹ کا تمام کام آؤٹ سورس کردوں گا، مارکیٹ میں اچھے پروفیشنل لوگ موجود ہیں اس لیے اب افسران اپنا قبلہ درست کریں۔

اسپتالوں میں صفائی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شہرکے اسپتالوں میں صفائی نہیں، میں اچانک وزٹ کروں گا، صفائی ستھرائی کی ذمے داری اسپتال انتظامیہ کی ہوتی ہے اور جس اسپتال میں صفائی نہیں ہوگی وہاں کی انتظامیہ سے صفائی کرواؤں گا، کسی اسپتال میں ادویات کی کمی کی شکایت نہیں ملنی چاہیئے جب کہ میں ہر 15 دن میں پروگریس معلوم کرتا رہوں گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments