بابا آدھو کاکا کی قدیم ملامتی مناجات کا مکمل متن۔۔۔ ہم سب پر پہلی بار


گزشتہ برس حکومت پاکستان کی طرف سے سی پیک کے صدیوں پرانے کھنڈرات کی دریافت اور تحقیق کے لئے وادی سون سکیسر کے عالمی شہرت یافتہ ماہر آثار قدیمہ ڈاکٹر اعجاز خان اعوان کی قیادت میں ایک مہم شانگلہ اور چیلاس کے استوائی جنگلات میں روانہ کی گئی تھی۔ سیٹلائٹ سے موصول ہونے والی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ اس تحقیقی ٹیم نے سرتوڑ کوششوں کے بعد ایک قدیم نیٹ کیفے سے سات سو فٹ نیچے کھدائی کے بعد عظیم صوفی بزرگ آدھو کاکا کا معبد دریافت کر لیا ہے۔ بعض مخطوطوں میں مشرقی فلسفے کے اس امام کا مکمل نام عدنان خان کاکڑ بھی لکھا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پیچیدہ زبانوں کے شہرہ آفاق ماہر ڈاکٹر عاصم بخشی نودریافت معبد کے دروازے پر کندہ ایک مناجات کا متن جاننے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اکیسویں صدی عیسوی کے ابتدائی برسوں میں \”ہم سب\” نامی ایک معتوب فرقے کے پیروکار گرم مرطوب موسموں میں چمکتے پیتل جیسے جسموں پر حیدر آبادی کیلے کا پتا باندھ کر حضرت بابا آدھو کاکا (المعروف بہ عدنان خان کاکڑ) کی یہ مناجات گایا کرتے تھے

اے قائد ولولہ، ہم تیری عظمت کے سامنے سر جھکاتے ہیں،
سورج، مع اپنے چپڑ قناتیے سیاروں کے، آپ کے کانوں کی اوٹ سے طلوع ہوتا ہے ۔۔۔۔

اے عظیم قائد ، تو ہم سب کی غریب دنیا میں سونے سے بنا سامری بچھڑا ہے
اے قائد ولولہ، دنیا ایک باغیچہ اطفال ہے، نظریات چھوٹی چھوٹی گیندیں ہیں، تو یہ گیندیں اچھالتا ہے تو باحجاب کنواریوں کے دل دہل جاتے ہیں

پنجاب یونیورسٹی میں ما بعد جدیدیت کے بھوتوں سے ملاکھڑا کرتے شاہین بچوں کے دل سہم جاتے ہیں

تو اپنے قلم کی نوک سے غبارے پھوڑتا ہے تو انار کلی میں عنایت اللہ اینڈ سنز کے ملازمین ہڑتال پر چلے جاتے ہیں
تو اپنے کمپیوٹر کے کی بورڈ پر انگلیاں رکھتا ہے تو دارالسلام برونائی میں اسٹاک ایکسچینج کا گراف اوندھے منہ گر جاتا ہے

جس روز تو ایک بھنبھناتی تحریر سے اہل پاکستان کی نیند حرام نہ کرے، اس روز عمران خان دھرنا دیتا ہے
تو ایک غریب الدہر عنوان تخلیق کرتا ہے تو ضمیر عالم کا فشار خون بلند ہو جاتا ہے

اے قائد، تو علم کے سوکھے دریا میں چپو چلاتا ہے تو۔۔۔۔
تربیلا کی جھیل میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول پر آ جاتی ہے
بحیرہ مردار میں مچھلیاں فیملی پلاننگ کے دفتر کا گھیراؤ کر لیتی ہیں

اے قائد ولولہ۔۔۔ ہم تجھ سے التجا کرتے ہیں کہ۔۔۔
بھائی صالح خان ترین عرف خواجہ ظلمت پرست کی خطائیں معاف فرما
اے قائد ولولہ، تجھے مہاتما بدھ کے تین بندروں کی قسم ہے، تجھے ٹمبکٹو کے داخلی معاملات میں مداخلت سے گریز کرنا چاہیے

اے قائد ولولہ، رب عظیم نے تجھے جو خصوصی صلاحیتیں عطا کی ہیں، تو ان نعمتوں کا کفران کرے گا اگر تو نے سعودی عرب اور ایران میں بیک ڈور ڈپلومیسی کے ذریعے ایک بین الکلیاتی مشاعرے کا اہتمام نہ کیا۔

اے ہم سب کے کھیون ہار، تیرا قلم معصوم فرزندان نظریہ پاکستان کے دلوں میں ہمیشہ زعفران کاشت کرتا رہے
تیری نیک نامی کا چرچا دنیا میں اس طرح پھیلے کہ تیرا حجری مجسمہ یروشلم میں نیک لوگوں کی شاہراہ پر نصب کیا جائے
سرگودھا یونیورسٹی کی ہونہار طالبات ترے بلاگ کے جاپ سے صبح کی اسمبلی میں تقدیس کا رنگ بھر دیں

تجھے اکادمی ادبیات کا تاحیات رکن بننا نصیب ہو۔
تجھے پاکستان میں گولن تحریک کا اعزازی کونسلر مقرر کیا جائے

ترے دسترخوان پر کبھی ہری مرچ کا ظہور نہ ہو
تیرے بلاگ پر خبث باطن سے لبریز تبصرے کرنے والے مداحوں کے دائیں انگوٹھے پر شہد کی مکھی کاٹے

اے قائد ولولہ انگیز، زمین پر اکڑ کے چل کہ تیرے لئے چین کی کمیونسٹ پارٹی نے ایک خصوصی چنگ چی رکشا تیار کروایا ہے
تجھے فیدل کاسترو کی واحد بیوہ جنگلی جڑی بوٹیوں کا گلدستہ پیش کرے گی

انجمن اصلاح معاشرہ (اکبری منڈی) تجھے ایک سپاس نامہ پیش کرے گی ۔۔۔ دو ہزار صد الفاظ کی مقفیٰ تحریر میں فل اسٹاپ اور کوما تو خود لگائے گا

ہم خدائے بزرگ و برتر سے دعا کرتے ہیں کہ آنے والی صدیوں میں ترے مجسمے پر ڈینگی سپرے کرنے والے یاتری۔۔۔
حدود آرڈیننس کے مقدمات میں باعزت بری ہوں۔۔۔
ان کی الیکسا ریٹنگ بڑھتی رہے
اور تری دلیل رد کرنے والوں کی ہارڈ ڈسک کریش ہو


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments