جوہر ٹاؤن لاہور میں دو لٹیروں نے ریستوران میں 60 افراد کو لوٹ لیا


ارقم ظہیر نے سوشل میڈیا پر انکشاف کیا ہے کہ 26 نومبر کو وہ جوہر ٹاؤن لاہور کی مین بلیوارڈ پر واقع ”چائے خاص“ نامی ریستوران میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ بیٹھے تھے۔ رات 10:55 بجے پستولوں سے مسلح دو ڈاکو وہاں آئے اور پورے فلور پر موجود تقریباً  60 افراد کو لوٹ لیا۔ لٹنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

ارقم ظہیر کے مطابق یہ ایک اوپن کیفے ہے جس پر سیڑھیاں فرسٹ فلور تک جا رہی ہیں اور اس کی اینٹرنس پر کوئی سیکیورٹی گارڈ نہیں ہے۔ ایک ڈاکو دروازے پر کھڑا ہوا اور دوسرے نے میزوں پر جا کر موبائل فون اور بٹووں سمیت سب کچھ لوٹنا شروع کر دیا۔ انہوں نے تقریباً دو منٹ میں اپنا کام مکمل کیا اور تقریباً پچاس لاکھ روپے مالیت کی اشیا لوٹ لیں۔ اس کے بعد وہ نہایت سکون اور اطمینان سے رخصت ہو گئے۔

اس واقعے کے بعد لٹنے والے شاک میں تھے۔ ارقم ظہیر کے بیان کے مطابق ریستوران کا مالک اس واقعے سے لاتعلق سا رہا اور وہ ایف آئی آر رجسٹر کروانے میں بھی ہچکچاہٹ کا شکار تھا۔ چند گھنٹے تک مسلسل اصرار کے بعد صبح تقریباً چار بجے وہ آخر کار ارقم ظہیر کے ساتھ ایف آئی آر درج کروانے پولیس سٹیشن گیا۔

بیان کے مطابق تھانے کے اہلکاروں نے اس واقعے میں کوئی خاص دلچسپی نہیں دکھائی اور کوئی تفتیش نہیں کی گئی۔ ایف آئی آر میں صرف پندرہ موبائل فون کے چوری ہونے کا کہا گیا۔ ریستوران کا مالک سی سی ٹی وی فوٹیج شیئر کرنے پر بھی آمادہ نہیں ہے۔

پوسٹ میں ایف آئی آر کا عکس بھی موجود ہے۔ ایف آئی آر میں ریستوران کے مالک محمد حسن مدعی ہیں اور اس لکھا گیا ہے کہ انہوں نے چائے خاص کے نام سے شادی وال چوک جوہر ٹاؤن میں ریستوران بنایا ہوا ہے۔ رات ساڑھے دس بجے رات وہ اپنے ریستوران میں موجود تھے کہ دو لڑکے وہاں آئے اور پہلے تھوڑی دیر بیٹھے رہے، پھر انہوں نے پستول نکال کر کسٹمرز سے گن پوائنٹ پر تقریباً 20 موبائل مالیت تقریباً 8 لاکھ اور نقد رقم تقریباً نوے ہزار چھین لی اور موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).