چوہدری نثار دہشت گردوں کے وکیل ہیں : مولابخش چانڈیو


\"\"مشیراطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار دہشت گردوں کے حمایتی اور وکیل ہیں اس لیے ان سے مخالفت ہے جو دشمنی میں بھی تبدیل ہوسکتی ہے۔
میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مشیراطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ رینجرز کو اختیارات دینے کا معاملہ امن وامان سے جڑا ہوا ہے جو خالصتاً ریاستی معاملہ ہے لیکن کچھ لوگ اس معاملے پر بھی سیاست کرتے ہیں اور ایک جماعت کو سندھ میں کرنے کو کچھ نہیں مگرپھر بھی رینجرزکا معاملہ اٹھایا ہوا ہے جب کہ رینجرز کا معاملہ ایک دو روز میں خوش اسلوبی سے حل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی سے تکلیف ہے کہ وہ دہشت گردوں کے حمایتی اور وکیل ہیں اس لیے ان سے مخالفت ہے جو دشمنی میں بھی تبدیل ہوسکتی ہے جب کہ چوہدری نثار کس کے لیے کام کرتے ہیں سمجھ نہیں آتا۔
مشیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ پالیسی ساز قومی اداروں میں تمام صوبوں کی نمائندگی ہونی چاہئے لیکن ابھی یہ حال ہے کہ چھوٹے صوبوں کے وزیراعلیٰ کی اہمیت نہیں ہے جب کہ اس حکومت کی نااہلیوں نے ہر دن کو سیاسی طور پر گرم کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بڑے تدبر والے لوگ پاناماکا نام سنتے ہی بدک جاتے ہیں اور جب آپ پاناما کے مسئلے میں استثنیٰ مانگ رہے ہوتو مطلب ہے کہ آپ نے جھوٹ بولا ہے لہٰذا وزیراعظم ذمہ داری قبول کریں اور مستعفی ہوجائیں۔
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ اگر چوہدری نثار چاہتے ہیں کہ ہم ان کی تعریف کریں تو وہ پاکستانی بنیں ، انہوں نے پھر اچھے اور برے دہشت گردوں کا تذکرہ چھیڑا ہے، جب راحیل شریف فوج کے سربراہ تھے تو سب وزرا پریشان تھے اور یہ لوگ بولتے تک نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اوربلاول بھٹوزرداری نے کس وقت پارلیمنٹ میں آنا ہے فیصلہ قیادت کرے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments