عمران خان کا وزیراعظم بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، سعد رفیق


\"\"

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما  خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میڈیا پر جنگ لڑ رہی ہے جب کہ ہم اس لیے پریس کانفرنس کرتے ہیں تاکہ حقائق عوام تک پہنچا سکیں، پی ٹی آئی نے جن وکلا کا انتخاب کیا وہ غیر سنجیدہ ہیں اور پی ٹی آئی خود اپنے مقدمے میں سنجیدہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو نواز شریف فوبیا ہے اور انہیں خواب میں بھی نواز شریف نظرآتے ہیں تاہم ان کے پاس الزام اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں جب کہ ان کوصرف دوسروں کے استعفے مانگنے آتے ہیں خود استعفیٰ نہیں دیتے۔

سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان اداروں کو دباؤ میں لانے کی سازش کرتے ہیں جب کہ ان کا وزیراعظم بننے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا لہذا انہیں چاہیے کہ خیبرپختونخوا میں کام کریں کیونکہ گھیراؤ اور دھرنوں سے ملک آگے نہیں جاتا جب کہ انہوں نے سی پیک پرگمراہی پھیلانے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جسے کوئی پارٹی منہ نہیں لگاتی وہ پی ٹی آئی کے پاس چلا جاتا ہے، ہم قیام پاکستان سے پہلے سے سیاست کرتے ہیں لیکن انہوں نے سیاست میں بدتمیزی اور بدتہذیبی کا کلچر فروغ دیا جب کہ ان کی جماعت میں ایسے بھی لوگ ہیں جو کو نسلر نہیں بن سکتے۔

سعد رفیق نے کہا کہ ججزتحریک میں عمران خان اسلام آباد میں چھپے تھے لیکن نواز شریف شیر کی طرح نکلے تھے جب کہ دوسرے دھرنے میں بنی گالہ میں کون چھپا تھا، باہر کارکن پکڑے جارہے تھے اور یہ گھر میں پش اپ لگارہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بال ٹیمپرنگ سے کیریئر شروع کیا اب سیاست اور جمہوریت کو ٹیمپر کررہے ہیں، یہ الیکشن کمیشن میں فنڈنگ کیس کا جواب کیوں نہیں دیتے جب کہ ہم نے سپریم کورٹ سے استثنیٰ نہیں مانگا کیونکہ سیاست دانوں کا فیصلہ عوامی عدالت میں ہوتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments