ایلومیناٹی۔ خوفناک سازشی باطنی تنظیم کی کہانی


منطقی ذہن رکھنے والے ہر ذی شعور اور صاحب مطالعہ شخص کی طرح آپ نے اکثر ایلومیناٹی نامی بدنام زمانہ تنظیم کے بارے میں سنا ہو گا جو کہ ہر دم مسلمانوں کے خلاف خفیہ سازش میں مصروف رہتی ہے۔ آئیے اس کی تاریخ، عزائم اور نہایت ہی خفیہ نشانات کے بارے میں جانتے ہیں جو سب کے سامنے ہوتے ہوئے بھی ایک عام آدمی کو دکھائی نہیں دیتے ہیں۔ لیکن ہر بڑے واقعے کے بعد اس تنظیم کا نام ابھرتا ہے تو یہ اپنے غلام میڈیا کے ذریعے اپنے وجود کو سازشی تھیوری قرار دے کر صاف بچ نکلتی ہے حالانکہ منطقی ذہن رکھنے والا ہر شخص اصل سچ جانتا ہے اور سازشی تھیوریوں کو حقیقت سمجھتا ہے۔ ایلومیناٹی کا ہدف ایک عالمی حکومت کا قیام ہے جس کی راہ میں صرف اور صرف ہمارے پڑھے لکھے اخباری دانشور حائل ہیں جو کہ قوم کو بروقت سازش سے آگاہ کر کے ایلومیناٹی کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنا دیتے ہیں۔

یہ رسوائے زمانہ تنظیم دنیا کی حکومت اور معیشت کے علاوہ مذہب تک کو کنٹرول کرنے کی کوشش کرتی ہے اور ان تینوں میدانوں میں اپنے ایجنٹوں کو لیڈر بنانے کی کوشش کرتی ہے۔ یہ پیسہ بنانے کے لئے حکومتیں بنانے اور گرانے سے لے کر کھیل کے میدان میں میچ فکس کرنے تک ہر کام کر گذرتی ہے خواہ اس کے لئے اسے قتل و غارت اور بلیک میلنگ پر ہی کیوں نہ کرنا پڑیں۔ یہ خفیہ باطنی تنظیم مذہب کی خاص طور پر دشمن ہے کیونکہ یہ بکرے کے سر والے بافومت نامی شیطان کی پوجا کرتی ہے۔ یہ پڑھ کر  آپ چونک اٹھے ہوں گے اور آپ کی توجہ کالے بکرے کی سری کی کالے جادو میں اہمیت کی طرف مبذول ہوئی ہو گی۔

ایلومیناٹی کا مخرج لاطینی زبان کا لفظ ایلومیناٹس ہے جس کا مطلب ہے دانشمند اور روشن دماغ شخص۔ یہ تنظیم جرمنی کے علاقے بویریا میں یکم مئی 1776 کو قائم کی گئی تھی۔ نوٹ کریں کہ 1776 وہی سال ہے جب دنیا بھر میں گمراہی پھیلانے والے ملک امریکہ نے برطانیہ سے آزادی کا اعلان کیا تھا۔

اس تنظیم کا بانی آدم وائس ہاپٹ نامی شخص تھا۔ اس نے اس خفیہ تنظیم کے اہداف طے کرتے ہوئے عوام پر مذہبی غلبے اور ریاستی طاقت کے اندھے استعمال کے خاتمے کو بنیادی مقصد بنایا اور مذہب اور حکومت کو خود سامنے آئے بغیر کنٹرول کرنے کی حکمت عملی بنائی۔

اس زمانے میں جرمنی پر رومی کیتھولک چرچ کے خوف خدا رکھنے والے نہایت رحم دل پادریوں کا غلبہ تھا جو کہ جرمن عوام کو تبلیغ اور انکویزیشن کے آلات کے ذریعے راہ راست پر رکھے ہوئے تھے۔ ان ہی مذہبی راہنماؤں کی مدد سے بویریا کے حکمران چارلس تھیوڈور نے 1784 سے لے کر 1790 تک ایلومیناٹی اور دوسری باطنی تنظیموں کو بھرپور طریقے سے کچلنے کی کوشش کی۔ لیکن اس وقت تک ایلومیناٹی نے یورپ اور امریکہ کے اہم ترین افراد کو اپنا ممبر بنا لیا تھا جو کہ حکومت، سیاست، تجارت، یونیورسٹیوں، حتی کہ چرچ تک میں اہم پوزیشنوں پر فائز تھے۔ محب وطن عوام کے غصے کو دیکھتے ہوئے حکومت نے بھرپور کریک ڈاؤن کیا تو یہ تنظیم زیر زمین چلی گئی اور خفیہ رہتے ہوئے دنیا کو کنٹرول کرنے کی سازشیں کرنے لگی۔

جیسا کہ ذکر ہوا ہے کہ ایلومیناٹی نے ہی 1776 میں امریکہ کو برطانیہ سے آزاد کرایا تھا۔ اسی وجہ سے امریکی کانگریس کی عمارت کیپیٹل ہل بنائی گئی تو عین گنبد کے نیچے امریکہ کے بانی جارج واشنگٹن کا ایک ایسا مجسمہ رکھا گیا جو بعینہ بافومت شیطان کے انداز میں بنایا گیا تھا۔ جب محب وطن صحافیوں نے یہ نوٹ کیا تو اس پر اتنا غل مچا کہ اسے ایک غیر نمایاں جگہ پر منتقل کرنا پڑا۔

یہ مادر پدر آزاد امریکہ جو کہ درحقیقت ایلومیناٹی کا غلام ہے، ایلومیناٹی کی دنیا پر غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کی جانب ایک اہم قدم تھا۔ ہم دیکھ ہی رہے ہیں کہ کس طرح دنیا کی دوسری تمام عظیم ترین سپر طاقتوں یعنی سلطنت عثمانیہ، بہادر شاہ ظفر کے ہندوستان، سپین، چین، آسٹرو ہنگرین سلطنت اور آخر میں روس کی تباہی کو یقینی بنایا گیا تاکہ امریکہ دنیا کی واحد سپر پاور بن سکے۔

بیسویں صدی کے اہم واقعات جن میں ایلومیناٹی کی سازش کا ہاتھ دیکھا جا سکتا ہے وہ پہلی جنگ عظیم، برطانوی بادشاہ ایڈورڈ ہشتم کو امریکی مطلقہ مسز والس سمپسن سے شادی کے ذریعے تخت سے ہٹانا، دوسری جنگ عظیم، پرل ہاربر پر جاپانی حملہ، اسرائیل کا قیام، امریکی صدر کینیڈی کا قتل، ایرانی انقلاب اور ایران عراق جنگ، اندرا گاندھی کا قتل، جنرل ضیا الحق کا قتل، نائن الیون، مشرق وسطی کی موجودہ جنگیں، اور مشہور قوال امجد صابری کا قتل شامل ہیں۔

مضمون کے اگلے حصے میں ہم ایلومیناٹی کے ان مشہور نشانات کا ذکر کریں گے جو ہر روز ہم اپنے ارد گرد دیکھتے رہتے ہیں مگر اس بات سے بے خبر ہیں کہ ان کے پیچھے خوفناک سازشی باطنی تنظیم ایلومیناٹی ہے۔

Published on: Jan 18, 2017


ڈارک ویب کی خوفناک تنظیم اور ڈاکٹر شاہد مسعود کی دلیری
ایلومیناٹی۔ خوفناک سازشی باطنی تنظیم کی کہانی
ایلومیناٹی کے دس نشان
ملحد یہودی تنظیم ایلومیناٹی کی مسلم دشمنی اور دیگر سازشیں – ۱
ملحد یہودی تنظیم ایلومیناٹی کی مسلم دشمنی اور دیگر سازشیں – ۲
ایلومیناٹی۔ خوفناک سازشی باطنی تنظیم کی کہانی
پاکستان کے خلاف ایلومیناٹی کی بھیانک عالمی سازش کا انکشاف
پرویز ہود بھائی کی یونیورسٹی میں روحانی تعلیم کی بے جا مخالفت

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments