ایلومیناٹی کے دس نشان


(ایلومیناٹی۔ خوفناک سازشی باطنی تنظیم کی کہانی)

ایلومیناٹی کے دس نشان ہمیں عام دکھائی دیتے ہیں۔ اس سے ان کے دنیا پر غلبے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

سب پر نظر رکھنے والی آنکھ

ایلومیناٹی کا سب سے مشہور نشان ایک آنکھ کا نشان ہے۔ جیسا کہ گزشتہ مضمون میں ذکر ہوا تھا، ایلومیناٹی نے قیام کے ساتھ ہی امریکہ پر قبضہ کر لیا تھا۔ اسی وجہ سے جب امریکہ کی کانگریس نے سرکاری مہر بنائی تو تھامس جیفرسن، جان ایڈمز اور بینجمن فرینکلن نے چند دیگر افراد کے ساتھ مل کر ایک ایسی مہر بنائی جس کے سامنے کی طرف تو تیرہ تیر اور ایک زیتون کی شاخ تھامے عقاب تھا لیکن اس کے پچھلی طرف ایلومیناٹی کے نشان اہرام اور آنکھ تھے۔

اس آنکھ کو ’سب پر نظر رکھنے والی آنکھ‘ کہا جاتا ہے۔ اب جبکہ امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی وغیرہ ساری دنیا کی ہر ڈیجیٹل کمیونیکشن کو ریکارڈ کرتے ہیں تو اس آنکھ کے لئے طے شدہ ہدف حاصل کیا جا چکا ہے۔ اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ چلنے والا نوٹ ایک ڈالر کا ہے۔ اس پر بھی آپ کو یہ آنکھ خود کو گھورتی ہوئی ملے گی۔

عوام کو بہکانے کے لئے امریکی حکومت یہ دعوی کرتی ہے کہ یہ خدا کی طرف اشارہ ہے جو کہ سب کو دیکھتا ہے مگر ایلومیناٹی اسے شیطان کی آنکھ قرار دیتے ہوئے اپنا نشان قرار دیتے ہیں۔

اہرام

ایلومیناٹی اپنی تنظیم کو اہرام کی شکل سے عبارت کرتے ہیں۔ سب سے اوپر والا پتھر ان کی لیڈر شپ کی نمائندگی کرتا ہے اور نیچے درجہ بدرجہ ان کی تنظیم کے عہدے داران اور کارکنان کے درجے ہیں۔

لیکن یہ اہرام مکمل نہیں ہے۔ ایلومیناٹی کہتے ہیں کہ ان کے منصوبے ابھی مکمل نہیں ہوئے ہیں اور یہ نامکمل اہرام اسی چیز کو ظاہر کرتا ہے۔ ایلومیناٹی مسلسل کوشش کر کے اپنے اہداف حاصل کر رہے ہیں اور اہرام کو مکمل کر رہے ہیں۔

دانش کی دیوی منروا کا الو

ایلومیناٹی کے لیڈر خود کو زمین کے دانش مند حکمران قرار دیتے ہیں۔ اسی وجہ سے وہ عقل و دانش کی رومی دیوی منروا کے نشان الو کو اپنی شناخت کے لئے استعمال کرتے ہیں۔

کیلیفورنیا کے ریڈ ووڈ جنگل میں ایلومیناٹی کا خفیہ ترین امریکی ہیڈ کوارٹر ’بوہیمین گروو‘ ہے جو کہ اپنی دیواروں پر اور لیٹر ہیڈ پر اس الو کا نشان استعمال کرتا ہے۔

آگ

بھڑکتا ہوا آگ کا شعلہ نہ صرف روشنی اور دانش کو ظاہر کرتا ہے بلکہ یہ زمانہ قدیم سے ہی شیطان کا نشان سمجھا جاتا ہے جس کی ایلومیناٹی عبادت کرتے ہیں۔

کیا آپ نے نوٹ کیا ہے کہ امریکہ پہنچنے والے بحری جہاز سب سے پہلے کیا دیکھتے تھے؟ لبرٹی کا مجسمہ، ایک عورت جو ایک مشعل اٹھائے کھڑی ہے

ایلومیناٹی پر تحقیق کرنے والے بتاتے ہیں کہ لیڈی لبرٹی دراصل بابل کی سیمی رامس نامی دیوی ہے اور یہ زمین کے پرانے حکمرانوں کی تباہی اور نئے حکمرانوں کی آمد کا اعلان ہے۔

اس کے سر سے نکلتی ہوئی کرنیں سورج کی روشنی علامت ہیں۔ بائبل میں شیطان کو لوسیفر کہا گیا ہے جس کا ایک مطلب صبح کا تارا ہے اور دوسرا مشعل بردار۔ یوں یہ روشنی بھی شیطان کی علامت ہے۔

پنج کونا ستارا

زمانہ قدیم سے ہی یورپی جادوگر پنج کونے ستارے کا حصار بنا کر اس کے بیچ میں شیطان کا سر بناتے ہیں اور وہاں بیٹھ کر کالا جادو کرتے ہیں۔ ان کے عقیدے کے مطابق یہ شیطان کا نشان ہے۔ زمانہ قدیم سے یہ عقیدہ چلا آ رہا ہے کہ ایسا پنج کونہ ستارا جس کی نوک اوپر ہو، شیطان اور بلاؤں سے بچاتا ہے لیکن ایسا پنج کونہ ستارا جس کی ایک نوک نیچے اور دو اوپر ہوں، وہ شیطان کا گھر ہے۔

جب امریکہ آزاد ہوا تو جارج واشنگٹن اور تھامس جیفرسن نے فرانسیسی ماہر تعمیرات چارلس لینفینت کو واشنگٹن کا صدر مقام تعمیر کرنے کا حکم دیا تو اس نے اس کی سڑکیں ایسی بنائیں جو کہ ایلومیناٹی کے اس شیطانی ستارے کی طرح تھیں۔

666 کا نمبر

انجیل مقدس میں دجال کا نشان 666 کا نمبر بتایا گیا ہے۔ یہ دجال ایلومیناٹیوں کا وہ حکمران ہے جو کہ ساری دنیا پر ان کی حکومت قائم کر دے گا۔

موجودہ دور میں خاص طور پر یہ نشان میوزک کمپنیوں کے اشتہارات اور لوگو میں دکھائی دیتا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ ایلومیناٹی موسیقی پر خاص توجہ دے رہے ہیں تاکہ صالح نوجوانوں کو بہکا کر راہ راست سے ہٹا سکیں۔

کھوپڑی اور ہڈیاں

کھوپڑی اور ہڈیوں کا نشان بھی ایلومیناٹی کسرت سے استعمال کرتے ہیں۔ آپ نے مقبول فلم سیریز پائریٹس آف دی کیریبین دیکھی ہو گی اور اس کے ذریعے اس نشان کو عام افراد میں مقبول ہوتے بھی دیکھا ہو گا۔

جب ایلومیناٹی کسی شخص کو اپنا رکن بناتے ہیں تو اسے باری باری تین کمروں سے گذرنا پڑتا ہے۔ پہلے کمرے میں ایک ڈھانچہ پڑا ہوتا ہے جس کے قدموں پر ایک تلوار اور تاج پڑا ہوتا ہے۔ امیدوار سے یہ پوچھا جاتا ہے کہ کیا یہ ہڈیاں ایک بادشاہ کی ہیں، امیر کی یا فقیر کی۔ اس سے امیدوار کو یہ احساس دلایا جاتا ہے کہ زندگی کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

سانپ کا نشان

روایت ہے کہ جنت میں حضرت آدم کو شیطان نے سانپ کے روپ میں بہکایا تھا اور ان کو علم کے درخت کا پھل کھا کر جنت سے نکل جانے پر مجبور کر دیا تھا۔

یورپ میں زمانہ قدیم سے ہی سانپ کو ممنوعہ علم اور دانش کی علامت ٹھہرایا جاتا رہا ہے۔

زہریلا اور انسانوں کے لئے ضرر رساں ہونے کے سبب مغرب میں سانپوں کو عام طور پر برائی کی نشانی کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

فرعون کی لاٹھ

ایلومیناٹیوں نے مصری فرعون کی لاٹھ کو دنیا کے اہم ترین شہروں میں لگایا ہوا ہے جن میں لندن، پیرس اور واشنگٹن بھی شامل ہیں۔ واشنگٹن کی لاٹھ ان کی فوجی طاقت کا مظہر ہے، نیویارک اور لندن کی لاٹھ ان کی معاشی حکومت کو ظاہر کرتے ہیں اور ویٹیکن میں سینٹ پیٹر کے چوک میں لگی ہوئی لاٹھ ان کی مذہبی حکومت کی علامت ہے۔

اس مصری لاٹھ کو اگر فضا سے دیکھا جائے تو یہ ایلومیناٹیوں کی اہم ترین نشانی یعنی آنکھ کی پتلی کی مانند دکھائی دیتی ہے۔

راجہ تتلی (مونارک بٹرفلائی)

راجہ تتلی کہلانے والی تتلیوں کی یہ مشہور قسم دنیا پر ایلومیناٹیوں کے راج کی علامت کے طور پر استعمال کی جاتی ہے۔

ایلومیناٹی اپنے دجالی میڈیا اور جدید مغربی تعلیم کے ذریعے انسانوں کے ذہنوں کو کنٹرول کر کے ان کو اپنا غلام بنا لیتے ہیں۔ لیکن معاملہ اس سے کہیں زیادہ خوفناک ہے۔

ایلومیناٹیوں نے نازیوں کی برین واش کرنے کی تکنیک سیکھی اور اسے مزید بہتر کیا۔ اب وہ اہم لوگوں کو پکڑ کر نازی طریقے پر عمل کرتے ہوئے بے پناہ ذہنی و جسمانی تشدد کا نشانہ بناتے ہیں حتی کہ وہ اپنے ذہن کا کنٹرول کھو بیٹھتے ہیں۔ اس کے بعد ان کے ذہنوں میں ایلومیناٹیوں کی غلامی کے نظریات بھرے جاتے ہیں۔ محب وطن محققین کے اندازے کے مطابق اس طریقے سے ایلومیناٹی صرف امریکہ میں ہی بیس لاکھ لوگوں کو اپنا غلام بنا چکے ہیں۔ اس خفیہ پروگرام کا نام مونارک مائنڈ کنٹرول پراجیکٹ ہے۔

Published on: Jan 19, 2017


ایلومیناٹی۔ خوفناک سازشی باطنی تنظیم کی کہانی
ایلومیناٹی کے دس نشان
ملحد یہودی تنظیم ایلومیناٹی کی مسلم دشمنی اور دیگر سازشیں – ۱
ملحد یہودی تنظیم ایلومیناٹی کی مسلم دشمنی اور دیگر سازشیں – ۲
ایلومیناٹی۔ خوفناک سازشی باطنی تنظیم کی کہانی
پاکستان کے خلاف ایلومیناٹی کی بھیانک عالمی سازش کا انکشاف
پرویز ہود بھائی کی یونیورسٹی میں روحانی تعلیم کی بے جا مخالفت

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar

Subscribe
Notify of
guest
2 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments