ٹرمپ نے زرداری کو مزید بھاری کر دیا ہے


\"\"

جب ڈانلڈ ٹرمپ نے صدر منتخب ہوتے ہی دنیا بھر میں سب سے پہلے فون پر بات چیت کرنے کے لئے میاں صاحب کو چنا تھا تو دنیا بھر میں سنسنی پھیل گئی تھی۔ یہی نہیں بلکہ انہوں نے تو میاں صاحب کے باقاعدہ قصیدے پڑھے تھے۔ میاں صاحب نے ٹرمپ کو فون کیا تو وہ کہنے لگے کہ ’میاں صاحب، آپ کی بہت اچھی ریپوٹیشن ہے۔ آپ کمال کے آدمی ہیں۔ آپ خیرہ کن کام کر رہے ہیں جو ہر طرف دکھائی دے رہا ہے۔ میں آپ سے ملاقات کی امید میں گھڑیاں گن رہا ہوں۔ حل طلب مسائل کو سلجھانے کے لئے آپ جیسا حکم کریں، میں ویسا رول ادا کرنے کے لئے تیار ہوں اور اس کا خواہش مند ہوں۔ یہ میرے لئے بہت عزت کی بات ہو گی اور میں ذاتی طور پر یہ کروں گا‘۔ پاکستان کے دورے کی دعوت پر ٹرمپ نے کہا کہ وہ پاکستان آنے کے لئے کے بے تاب ہیں۔

ہمارے مخبر کی اطلاع کے مطابق میاں صاحب نے ممنون ہو کر کچھ پھول اور موچی دروازے کے مشہور حلوائی حافظ کی برفی اپنے خاص نمائندے طارق فاطمی کے ذریعے واشنگٹن بھیجی۔ صدر ٹرمپ کو شاید برفی پسند نہیں آئی اور انہوں نے تقریب حلف برداری کے دعوت نامے میں آصف علی زرداری صاحب کا نام لکھ دیا۔ یوں آج سابق صدر پاکستان جناب آصف علی زرداری نئے امریکی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے اور میاں صاحب شدید سردی کی زد میں آئے یورپ کی سیر کیا کریں گے اور غم غلط کریں گے۔

\"\"

صدر ٹرمپ بھی بلا کے شریر ہیں۔ پہلے بھارت کو جناب نواز شریف کا ڈراؤنا خواب دکھا کر ڈرا دیا، اور اب جناب نواز شریف کو زرداری صاحب دکھا کر بے خوابی کا شکار کر دیا ہے۔ ادھر بلاول اچانک پنجاب کو فوکس کر رہے ہیں حالانکہ کئی برس سے پیپلز پارٹی کی قیادت پنجاب کو عاق کیے بیٹھی تھی۔

زرداری صاحب کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کو صدر ٹرمپ نے دعوت دے کر بلایا تو ضرور ہے مگر ان دونوں کی آپس میں ملاقات نہیں ہو گی۔ ہمارا خیال ہے کہ ضرور ہو گی۔ عام طور پر مسلم لیگ ن کے سامنے کوئی اپوزیشن نہ دیکھ کر اور سی پیک وغیرہ کے منصوبوں کی کامیابی کے امکانات دیکھ کر یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ 2018 کا الیکشن مسلم لیگ ن ہی جیتے گی۔ مگر اب صدر ٹرمپ نے جس طرح اپنا وزن بھی سب سے بھاری زرداری کی ٹوکری میں ڈال دیا ہے، اس کے بعد سیاسی تھالی میں موجود بہت سے الیکٹ ایبل بینگن اور بے پیندے کے لوٹے پیپلز پارٹی کی طرف لڑھکیں گے۔

آپ کو ہماری بات پر یقین نہیں آتا تو جناب فیصل صالح حیات سے ہی پوچھ لیں، وہ ابھی ابھی تو پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments