مجھے شریک حیات میں سانجھ قبول نہیں


\"\"انسان پر اُتنی ہی آزمائش ہوتی ہے جتنی اُس میں ہمت ہوتی ہے مگر کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ وہ ہمت ہار جاتا ہے۔ ہمت نا بھی ہارے تو اُسے سب کچھ بکھرتا ضرور محسوس ہوتا ہے۔ اپنے پیاروں کو اگر وہ نا بھی بتا سکے اندر ہی اندر بہت سے طوفان اُٹھ رہے ہوتے ہیں۔ دوستوں کو دلاسا اور چاہنے والوں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہیں نا کہیں اسے خود بھی بہت طاقت کی ضرورت ہوتی ہے۔یہ طاقت جسمانی نہیں بلکہ روحانی ہوتی ہے اور ٹوٹتے دل کو سمیٹنے کے لیئے اس کے بغیر گزارہ ممکن نہیں ہے۔

بہت سہل انداز میں یہ کہہ دیا جاتا ہے کہ مرد کو چار شادیوں کی اجازت ہے اور عورت کو یہ سمجھنا چاہیئے کہ یہ سب کُھلے دل سے قبول کر کے ہی زندگی سکون سے گزر سکتی ہے۔انتہائی ادب کے ساتھ میرا اس بات سے اختلاف بہت شدید ہے۔ جس کے ساتھ زندگی گزارنے کے حسین خواب دیکھے ہوں، اُسے جیون ساتھی مان کر اپنے سُکھ دُکھ میں شریک کیا ہو، صرف جسم ہی نہیں بلکہ اُسے روح تک رسائی دی ہو تو ایسا کیسے ممکن ہے کہ آپ خوشی خوشی اُس شخص کی محبت کی بارش کسی اور پر برسانے کے لیئے خود کو آمادہ کر لیں؟ جو لمحہ اُس کی سنگت میں آپ بِتانا چاہتے ہیں وہی لمحہ آپ کا محبوب کسی اور کی بانہوں میں گزار رہا ہو اس بات کا غم کتنا گہرا ہوسکتا ہے یہ کیوں نہیں سوچا جاتا؟

 مجھے یہ مثال مت دیجیئے گا کہ انسانی تاریخ میں تعدد ازدواج کی روایت ہزاروں برس پرانی ہے۔ اور یہ کہ ہمارے بزرگوں میں تعدد ازدواج کی مثالیں ملتی ہیں۔ ایک طرف ہماری زبان یہ کہتے نہیں تھکتی کہ ہم اپنے آبا و اجداد کی جوتیوں کی خاک کے برابر بھی نہیں ہیں۔ اور پھر ہم بزرگوں کی آڑ میں اپنے لئے ان جیسے حقوق پر اصرار کیوں کرتے ہیں؟ ہم عورتوں سے یہ توقع کیوں کرتے ہیں کہ وہ اپنی حق تلفی اور ناانصافی کو مردانہ بالادستی کے نام پر قبول کر لیں گی۔

جب آپ خود یہ برداشت نہیں کر سکتے کہ دل پر آپ کے نام کی مُہر لگائی خاتون کو کوئی دیکھے بھی تو خود ہر عورت کا آنکھوں سے ایکسرے کرنا فرض کیوں سمجھتے ہیں؟ کبھی سوچیں کہ اُس کے دل پر کیا گزرتی ہوگی۔۔۔ پھر اتنی آسانی سے کہہ دیتے ہیں کہ عورت تھوڑی عقل والی کمزور مخلوق ہوتی ہے۔۔۔

ذرا وقت نکال کر سوچیں اتنے بےحس اور ظالم کیسے ہوجاتے ہیں آپ؟

ہمیں ان معاملات پر کھلے دل سے غور کرنا چاہیے


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
11 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments