فیس بک کے پیجز کا تفریحی مواد


\"\"سوشل میڈیا پاکستانی عوام کے لئے ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں وہ اپنے اوپر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز اٹھا سکتے ہیں اور اپنی طاقت سے کسی بھی مظلوم کو انصاف دلا سکتے ہیں۔ چاہے وہ خواجہ سراؤں پر ہونے والا ظلم ہو یا طیبہ پر ہونے والا تشدد، اب کوئی مظلوم چپ چاپ ظلم برداشت نہیں کرتا۔ آج آپ بس ایک ویڈیو بنائیں اور اسے سوشل میڈیا کے حوالے کر دیں۔ عوام کی طاقت اس ویڈیو کو پارلیمنٹ کے ایوانوں تک لے جائے گی۔

جہاں سوشل میڈیا ہمارے معاشرے میں اتنا اہم کردار ادا کر رہا ہے وہیں اس کا ایک نہایت خطرناک پہلو ہم فراموش کئے بیٹھے ہیں۔ فیس بک پر کئی پیجز ہیں جن کا بظاہر مقصد تو عوام کو تفریح فراہم کرنا ہے لیکن اس تفریح کی آڑ میں وہ ہماری نوجوان نسل کو کس راہ پر لے کر جا رہے ہیں اس کو ہم نے بالکل نظر انداز کیا ہوا ہے۔ ان میں سے اکثر صفحات کو نوجوانوں کی بڑی تعداد نے لائک کیا ہوا ہے۔ وہ روز ان پوسٹس کو چیک کرتے ہیں، لائک اور کمنٹ کرنے کے علاوہ شئیر بھی کرتے ہیں۔ ایسے یہ پوسٹس ہم سب کی نیوز فیڈ میں آ جاتی ہیں۔

\"\" ذرا یہ پوسٹ ملاحظہ کریں۔ سب اپنی سالگرہ بتاؤ جن کی ایک جیسی ہو وہ ایک دوسرے کے ساتھ سیٹنگ کر لیں۔ کبھی دوستی کرنے کی فرمائش بھی کی جاتی ہے۔ کچھ پوسٹس میں لڑکے لڑکیوں کی ٹیم بنوا کر عجیب عجیب فرمائشیں کی جاتی ہیں۔ لڑکیاں اپنے پسندیدہ رنگ کا پہلا لفظ لکھیں اور لڑکے اس رنگ کو بوجھیں۔

میں ایسے پیجز فی الفور رپورٹ کر دیتی ہوں۔ لیکن پھر چند دن بعد کسی اور پیج کی طرف سے ویسی ہی ملتی جلتی پوسٹ نیوز فیڈ میں موجود ہوتی ہے۔ ہم سب کو ایسے پیجز کو رپورٹ کرنا چاہئے لیکن کیا رپورٹ کرنا اس مسئلے کو حل کر دے گا؟ بالکل نہیں۔ ہمیں ان پیجز کے ایڈمنز کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے۔ یہ ایڈمنز پندرہ سے پچیس سال کے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ہیں۔ یہ اپنا پورا دن اور پوری رات ان صفحوں کو دیتے ہیں۔ اپنے اس وقت اور محنت کے بعد جو مواد وہ فیس بک پر ڈالتے ہیں وہ کسی طرح بھی ایک صحت مند دماغ کی تخلیق نہیں لگتا۔

\"\"ایسے پیجز کو چلانے والوں کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے۔ ایسی پوسٹس سے آپ وقتی طور پر لائکس اور کمنٹس تو حاصل کر لیتے ہیں لیکن ان کا اصل میں آپ کو کیا فائدہ مل رہا ہے؟ جس دن آپ یہ پوسٹس کرنا چھوڑ دیں گے کوئی آپ کو یاد بھی نہیں کرے گا۔ اگر آپ کو سوشل میڈیا پر اپنا نام بنانا ہے تو اپنی صلاحیتوں کا صحیح استعمال کریں۔ کامیابی اتنی آسانی سے نہیں مل جاتی۔ اس کے لئے محنت اور وقت لگتا ہے۔ آپ یہ دونوں چیزیں لگائیں۔ جلد ہی کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔

ایسے بہت سے لوگ ہیں جنہوں نے فیس بک پر اپنا ٹیلنٹ دکھا کر نام کمایا۔ فہرست لمبی ہے لیکن میں یہاں دی ایڈیٹس نامی پیج کا ذکر کرنا چاہوں گی۔

 اس پیج کو میں نے بہت سال پہلے لائک کیا تھا۔ اسے کراچی کے تین نوجوان چلا رہے ہیں۔ شروع شروع میں یہ چھوٹے چھوٹے موضوعات پر مزاحیہ ویڈیوز بنا بنا کر فیس بک پر ڈالتے تھے۔ آہستہ آہستہ ان کے فالوورز کی تعداد بڑھتی گئی۔ ان کی مقبولیت دیکھتے ہوئےمختلف ٹی وی چینلز نے انہیں انٹرویو کے لئے بلایا۔ کئی یونیورسٹیز کے پروگرامز میں انہوں نے پرفارم کیا۔ آج ان کی ہر ویڈیو کو مختلف کمپنیاں سپانسر کرتی ہیں اور یہ تینوں اپنی کل وقتی نوکری کے ساتھ ساتھ ایک اچھی خاصی رقم یہاں سے بھی کماتے ہیں۔

\"\"اسی طرح اور بھی بہت سے پیجز ہیں جو کہ اپنی محنت کے بل بوتے پر آج سوشل میڈیا پر چھائے ہوئے ہیں۔ آپ لوگ بھی اپنے پیج کو کامیاب بنا سکتے ہیں لیکن اس کے لئے ایسی فضول پوسٹس کرنا کسی طور بھی مناسب نہیں ہے۔ ایسی پوسٹس نہ صرف نوجوانوں کے بگاڑ کا باعث بن رہی ہیں بلکہ آپ سب کے وقت اور محنت کو بھی ضائع کر رہی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments