ٹرمپ کے فیصلے پر میرا دل ٹوٹ گیا ہے – ملالہ یوسفزئی


میرا دل ٹوٹ گیا ہے کہ آج صدر ٹرمپ نے ان بچوں، ماؤں اور باپوں پر دروازے بند کر دیے ہیں جو کہ تشدد اور جنگ سے جان بچا کر بھاگ رہے ہیں۔ میرا دل ٹوٹ گیا ہے کہ امریکہ اپنی مہاجرین اور تارکین وطن کو خوش آمدید کہنے کی قابل فخر تاریخ سے منہ موڑ رہا ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے تمہارے ملک کو بنانے میں مدد کی، جو ایک نئی زندگی گزارنے کا موقع پانے کے لئے سخت ترین محنت کرنے پر آمادہ ہیں۔

میرا دل ٹوٹ گیا ہے کہ وہ شامی مہاجر بچے جنہوں نے چھہ سال تک ایک ایسی جنگ برداشت کی جس میں ان کا کوئی قصور نہ تھا، انہیں تعصب کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ان لڑکیوں کے لئے میرا دل ٹوٹ گیا ہے جو میری دوست زینب کی طرح ہیں جسے صومالیہ، یمن اور مصر کے تین ملکوں سے جنگ کی وجہ سے فرار ہونا پڑا حالانکہ وہ ابھی سترہ برس کی بھی نہیں ہوئی تھی۔ دو برس پیشتر اسے امریکہ آنے کے لئے ویزا مل گیا تھا۔ اس نے انگریزی سیکھی، ہائی سکول کی تعلیم حاصل کی اور اب وہ کالج میں پڑھ رہی ہے تاکہ ہیومن رائٹس کی وکیل بن سکے۔

زینب اس وقت اپنی ننھی بہن سے جدا ہو گئی تھی جب وہ مصر کی بدامنی سے بچ کر بھاگی تھی۔ آج اس کی اپنی عزیز ننھی بہن سے ملنے کی امید دھندلا گئی ہے۔

دنیا میں موجود اس غیر یقینی اور اضطرابی وقت کے پیش نظر میں صدر ٹرمپ سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ دنیا کے سب سے زیادہ لاچار بچوں اور خاندانوں سے منہ نہ موڑیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments