سیاسی جلسوں میں طلبہ کو شامل کریں


\"\"پچھلے دو تین سالوں سے ہمارے پیارے ملک پاکستان میں دو چیزیں باقاعدگی سے ہو رہی ہیں۔ شادیاں اور سیاسی جلسے۔ شادی سے تو آج تک کسی بھلے مانس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا سوائے اس کے کہ بچوں سے نکل کر بڑوں کی فہرست میں آ گیا۔ مردوں کو اپنی مردانگی دکھانے کا موقع مل جاتا ہے اور صنفِ نازک ڈھیروں کپڑوں اور زیورات کے ساتھ اپنے آپ کو سجانے کا لائسنس حاصل کر لیتی ہیں۔ خیر اس کالم میں بات کرتے ہیں سیاسی جلسوں کی جو کہ آئے روز ملک کے کونے کونے میں ہوتے رہتے ہیں۔

ان جلسوں میں کیا ہوتا ہے؟ سیاستدان سٹیج پر آتے ہیں۔ اپنی دھواں دھار تقریر سے مخالف پارٹی کے پرخچے اڑاتے ہیں اور سلام کر کے اگلے جلسے کی طرف چل پڑتے ہیں۔ اب ہم آتے ہیں عوام کی طرف۔ عوام دھکے کھاتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچتے ہیں۔ کوئی دل کا مارا ملک کی خاطر آتا ہے تو کوئی پیٹ کی خاطر بریانی کی خوشبو سونگھتا سونگھتا آ جاتا ہے۔ لیکن آخر میں خبریں آتی ہیں کہ یہ جلسہ بھی بد انتظامی کا شکار ہو گیا۔ کوئی بے ہوش ہوا تو کہیں خواتین کو ہراساں کیا گیا۔ کہیں کھانا کم مقدار میں تھا تو کہیں کارکنان کرسیاں تک اٹھا کر لے گئے۔

یہاں ہمیں سوچنا چاہئے کہ یہ سیاستدان تو چند گھنٹوں کے اس جلسے کے لئے ہی کوئی مناسب انتظام نہیں کر پاتے تو یہ پانچ سال کے لئے ہمارا ملک کیسے چلائیں گے؟ کیا سیاستدان کی تیاری صرف تقریر کی پریکٹس کرنے تک رہ جاتی ہے؟ گھروں میں بھی جب دعوت ہوتی ہے تو خاتونِ خانہ کئی بار سارے انتظام چیک کرتی ہے کہ کہیں کوئی مسئلہ نہ ہو۔ کھانا مناسب مقدار میں ہے یا نہیں۔ صفائی مکمل ہے یا نہیں۔ اپنے بچوں کو سمجھاتی ہے کہ مہمانوں کے سامنے تہذیب کے دائرے میں رہیں اور اپنی شرارتوں سے انہیں تنگ نہ کریں۔ ہمارے سیاستدان کو ان گھریلو خواتین سے ہی کچھ سیکھ لینا چاہئے۔ اگر جلسہ منعقد کرنے سے پہلے ہوم ورک کر لیا جائے تو یہ نا خوشگوار واقعات کبھی بھی نہیں ہوں گے۔

ایسے جلسوں کا ایک مناسب انتظام کرنا بالکل بھی مشکل نہیں ہے۔ آئے روز کسی نہ کسی پارٹی کا کہیں نہ کہیں جلسہ ہوتا ہے تو ان جلسوں کو کامیاب بنانے کے لئے طالب علموں کی مدد لی جا سکتی ہے۔ آپ اس علاقے کی یونیورسٹی میں جائیں اور مختلف ڈیپارٹمنٹ سے والینٹئرز لیں۔ طلبہ میں کچھ کر دکھانے کا جنون ہوتا ہے اور یہ مناسب موقع کی تلاش میں ہوتے ہیں۔ آپ انہیں یہ موقع دیں، یہ آپ کو بہترین کام کر کے دیں گے۔ بس جلسے کے اختتام میں ہر والینٹئر کو ایک سرٹیفکیٹ دے دیں۔

اس سے آپ کو بطور سیاستدان کئی فائدے ہوں گے۔ آپ طلبہ کی ایک بڑی تعداد کو اپنا حامی بنا لیں گے۔ یہ طلبہ اپنے ساتھ عوام کی ایک بڑی تعداد جلسہ گاہ میں لائیں گے جس سے آپ کی عوامی طاقت میں اضافہ ہوگا۔ لوگوں کو احساس ہوگا کہ آپ ملکی ترقی کے لئے انہیں ساتھ لے کر چلیں گے۔ وہ آپ پر زیادہ بھروسہ کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ ایک کامیاب جلسہ کرنے میں بھی کامیاب ہو جائیں گے۔ جس میں نہ خواتین کو ہراساں کیا جائے گا نہ ہی کھانا کم پڑے گا اور نہ ہی دھکم پیل ہوگی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments