احتیاط لازم ہے، گھر بھی واپس جانا ہے


\"\"استاد: پاکستان کے کتنے صوبے ہیں۔
شاگرد: 5۔
استاد: شاباش تمام صوبوں کے نام بتاؤ۔
شاگرد:  خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ، گلگت بلتستان۔
استاد: اور پانچواں صوبہ
شاگرد: سر جی میری امی نے کہا تھا کہ سکول سے سیدھے گھر واپس آنا
………………………………….
پاکستانی: تمہیں پتہ ہے ہمارا صوبہ آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے۔
۔۔۔: اور میرا صوبہ رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے۔
پاکستانی: ہاں تمہارے صوبے کی تو ساری آبادی میرے ایک ضلع میں سما جائے گی۔
۔۔۔۔: بالکل اسی طرح میرے صوبے کے ایک ضلع میں تمہارا پورا صوبہ سما جائے گا۔
پاکستانی: ہاں لیکن یہ بھی تو دیکھو میرے صوبے میں کس رفتار سے ترقیاتی کام ہو رہا ہے ہم کس رفتار سے آگے بڑھ رہے ہیں۔
۔۔۔: ہاں اور تمہیں نہیں پتہ ہم کس رفتار سے کم ہو رہے ہیں اور گم ہو رہے ہیں۔
پاکستانی: او بھائی چپ کرجا مجھے اپنے گھر جانا ہے
۔۔۔: ہاں میں بھی اپنے گھر جانا چاہتا ہوں مگر فاصلہ کم ہی نہیں ہو رہا۔ ہر روز سفر کرتا ہوں اور ہر روز سفر بڑھ جاتا ہے۔
………………………………….
پہلا : تم بتاؤ کس جانور کا نام لینے سے منہ 40دن تک پلید رہتا ہے
دوسرا: اچھا تم بڑے ہوشیار ہو میں اس جانور کا نام لے لوں اور میرا منہ پلید ہو جائے چلو میں اس کے نام کے ہجے کر دیتا ہوں تاکہ تمھیں پتہ چلے کہ مجھے اس کا نام آتا ہے۔۔۔۔سین۔۔۔۔واو۔۔۔۔رے
پہلا: زبردست چلو اب دوسری پہیلی بوجھو وہ کون سا صوبہ ہے جس کا نام لینے سے بندہ 20 روز تک غائب رہتا ہے۔
دوسرا: بھائی میں نے تمہارا کیا بگاڑا ہے جانور کے نام کے تو پھر بھی میں نے ہجے کر دئیے اس صوبے کے نام کے تو ہجے بھی نہیں کرسکتا ورنہ میرے ہجے ہو جائیں گے۔ احتیاط لازم ہے تمہاری بھابھی نے آج ویسے بھی کہا تھا کہ گھر جلدی آجانا۔
………………………………….
مدعی: جناب والا مجھے ایک مقدمہ دائر کرنا ہے مگر اس مقدمے کا وکیل میں خود ہوں گا۔
جج: اچھا مقدمہ کس کے خلاف ہے۔
مدعی: جناب والا یہ مقدمہ ریاست کے ایک یونٹ کا ہے اور ریاست کے خلاف ہے۔
جج: دیکھو میں بہت مصروف ہوں اور میرے پاس ویسے بھی مقدموں کا ڈھیر لگا ہے اس لئے یہ مقدمہ میری عدالت میں دائر نہیں ہو سکتا ویسے بھی مجھے گھر جانا ہے۔
………………………………….
۔۔۔۔: ایڈیٹر صاحب یہ ایک پریس ریلیز لایا تھا ذرا چھاپ دیں کیونکہ ہمارے اتنے اہم مسئلے کو آپ لوگ میڈیا میں جگہ نہیں دے رہے تو میں پریس ریلیز لکھ کر لے آیا ہوں کہ چلو وہ ہی چھاپ دیں۔
ایڈیٹر: ہاں ہاں بھئی کیوں نہیں لاؤ دکھاؤ کیا لکھا ہے۔۔۔ اررے اتنا خطرناک مواد لکھ کر لائے ہو تم چاہتے ہو یہ پریس ریلیز چھپے اور پھر میری گمشدگی کی خبر میڈیا اور سوشل میڈیا کی زینت بنے۔ نہ بھائی مجھے معاف رکھو میں نے بیٹی کو سکول سے لینا ہے اور گھر واپس لے جانا ہے۔ اب تمہارے لڑکے واپس نہیں آئے تو اس کا مطلب یہ تو نہیں کہ پمارے بھی بچے گھر نہ پہنچیں۔ احتیاط کرو احتیاط لازم ہے۔

………………………………….

شاعر: بڑی ایک سلگتی سی نظم لکھ کر لایا ہوں اور اس نظم کی ساری تلخی میں نے ایک صوبے کی تلخ حقیقت سے کشید کی ہے تو عرض کیا ہے۔۔۔ اررے حاضرین آپ کیوں بھاگنے لگے نظم تو سن لیجئے بہت دکھ اور تلخی ہے مگر حقیقت ہے یوں سمجھئے نظم نہیں ہے نوحہ ہے نوحہ!
حاضرین: شاعر صاحب اپنی نظم اور اپنا آپ سنبھال کر رکھئے کسی اور معاشرے میں پڑھیے گا ہمیں اپنے گھر بھی جانا ہے۔
………………………………….
ایڈیٹر: اس کالم کے ساتھ نہ لکھنے والے کا نام ہے نہ لکھاری کی تصویر ہے یہ کالم ہم نہیں شائع کر سکتے۔
لکھاری: سرکار معاملہ بہت نازک ہے اور احتیاط لازم ہے اگر لکھاری کی تصویر کالم کے ساتھ لگ گئی اور نام بھی تو۔۔۔۔۔صاحب احتیاط لازم ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments