عبارت اشتہاربرائے بسنت و ویلینٹائن ڈے ۔۔۔ برائے منظوری حکام مجاز


\"\"خبردار!

صوبے بھر میں عوامی مقامات پر سانس لینے پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔

جس ہوا میں آپ سانس لیتے ہیں، ہو سکتا ہے اسی ہوا میں کوئی جرائم پیشہ بھی سانس لے رہا ہو۔

واضح رہے

سانس لینے کے لیے عائد یہ پابندی سراسر آپ کے مفاد میں ہے۔

اس پابندی سے بچنے کے لیے آج ہی لائسنس حاصل کریں۔ یہ لائسنس تمام تحصیل لیول پر دستیاب رہیں گے۔

مزید برآں یہ کہ ہوا بھی چوں کہ سانس لینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لیے تاحکم ثانی اس پر بھی پابندی ہو گی۔

انتباہ!

اپنے حصے کی ہوا لینے کی آخری تاریخ کل کی ہے۔

کل کے بعد آنے والے تمام معزز سائلین سے معافی مانگ لی جاوے گی!

\"\"

نیز

سانس لینے کے مہلک کاروبار میں ملوث سہولت کاروں سے بھی آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

مشتری ہوشیار باش

ایسے تمام پبلک مقامات جہاں کھل کر سانس لی جا سکے، حکومت کی نظر میں ہیں۔

دو یا دو سے زیادہ آدمی جہاں بھی سانس لیتے پائے گئے، ان کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا آزادانہ استعمال کیا جاوے گا۔

یہ پابندی آپ کی جانوں کے تحفظ کے لیے ہے۔

نہ آپ سانس لیں گے اور نہ آپ کی جانیں ہوں گی اور یوں آپ مکمل تحفظ کا شکار رہیں گے۔

یاد رہے!

آپ کا تحفظ جیسا کہ آپ جانتے ہیں، آپ کی اپنی ذاتی ذمہ داری ہے۔ اس ذیل میں حکومت ھذا گاہے گاہے مختلف اعلانات کر چکی ہے۔

مزید براں اس ضمن میں پہلے ہی سینکڑوں گرفتاریاں کی جا چکی ہیں۔

اگر آپ اپنا تحفظ نہیں کر سکتے تو عوامی مقامات پر سانس لینے سے گریز کریں۔\"\"

خلاف ورزی کرنے والوں کو بذریعہ اعلان ھذا متنبہ کیا جاتا ہے کہ عدم پابندی کی صورت میں تاحیات قید بامشقت کا سامنا کیا جا سکتا ہے۔

ایک بار پھر مشتہر کیا جاتا ہے کہ سانس لینے کے لیے جگہ فراہم کرنے والے بھی جرم میں برابر کے حصہ دار قرار پائیں گے۔ اور عبرت ناک سزا کے حق دار ہوں گے۔

عوام الناس سے اپیل کی جاتی ہے کہ اپنی ذمہ داری نبھائیں۔ جہاں کہیں دو یا دو سے زیادہ افراد سانس لینے میں ملوث پائے جائیں، فورا درج ذیل نمبروں پر رابطہ کر کے اطلاع دیں۔ اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

سانس لینے کے نام پر جرائم کا تحفظ جرم ہے۔

موت کے اس کھیل میں حصہ دار آپ بھی ہو سکتے ہیں!

سانس لینے پر پابندی کو کامیاب بنائیں۔

انسانی جانوں کا تحفظ، ہمارا فرض، آپ کی ذمہ داری!

(منجانب: ادارہ تحفظ عدم برداشت)

حسنین جمال

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

حسنین جمال

حسنین جمال کسی شعبے کی مہارت کا دعویٰ نہیں رکھتے۔ بس ویسے ہی لکھتے رہتے ہیں۔ ان سے رابطے میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں۔ آپ جب چاہے رابطہ کیجیے۔

husnain has 496 posts and counting.See all posts by husnain

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments