قوم کے خون کے ایک ایک قطرے کا فوری بدلہ لیں گے، سربراہ پاک فوج


\"\"

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی ٹویٹس کے مطابق آرمی چیف نے سیہون شریف میں خودکش حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردوں سے فوری انتقام لیاجائے گاجو بھی دہشت گرد ہیں ان کو چھوڑا نہیں جائے گا۔انھوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ پرسکون رہے، آپ کی فوج دشمن قوتوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی، ہم اپنی قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔

علاوہ ازیں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دشمن ایجنسیاں علاقائی امن واستحکام سے کھیلنا بند کر دیں، ہم تحمل کی موجودہ پالیسی کے باوجود جواب دے سکتے ہیں، افغانستان میں دہشت گرد محفوظ پناہ گاہوں میں دوبارہ منظم ہونے اور ہمارے معاشرے میں مایوسی اور بے یقینی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، دشمن کے ناپاک عزائم کوکامیاب نہیں ہونے دیںگے، اپنی زمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیںگے اوردوسروں سے بھی اسی بات کی توقع کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے گزشتہ روز مہمند اور باجوڑ ایجنسی کا دورہ کیا اور فوجی جوانوں، قبائلی مشران سے ملاقات کی۔آرمی چیف نے غلنئی میں دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں شہیدہونے والوں کے لواحقین سے بھی ملاقات اوران سے اظہار تعزیت کیا۔انھوں نے مہمند میں خودکش حملے میں شہریوں کے نقصان کوکم سے کم بنانے کیلیے قانون نافذ کرنے والے اداروں خاص طور پر لیویز کے کردار اور گزشتہ ہفتے پاکستانی چیک پوسٹ پر افغانستان سے کیے جانے والے حملے کا بھرپور جواب دینے پر اہلکاروں کی تعریف کی۔انھوں نے کہا کہ ہمارے بہادر شہریوں، فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان تعاون، دہشت گردی کے خلاف ہماری کامیابی کی بنیاد ہے۔ آرمی چیف نے مقامی قبائل کو یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج فاٹا میں سڑکوں، صحت، تعلیم اور کمیونٹی کیلیے ترقیاتی منصوبوں اور انفرا اسٹرکچر کی بہتری کیلیے اپنی کوششںی جاری رکھے گی۔

آرمی چیف نے کہا کہ فوج فاٹا کو وہاں کے عوام کی خواہشات کے مطابق قومی دھارے میں لانے کے اقدامات کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔ آواران میں پاک فوج کے کیپٹن طحہ، سپاہی کامران ستی اور سپاہی مہتر جان کی بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہادت پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا آج ہمارے مزید 3 بیٹوں نے مادروطن کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ہے۔ دہشت گردوں کو شکست دینے کیلیے کوئی بھی ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتا۔آرمی چیف سے سے سری لنکا نیوی کے کمانڈر وائس ایڈمرل وجے گونارتنے نے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے۔ مہمان شخصیت نے دہشتگردی کے خلاف کامیابیوں، قربانیوں اور علاقائی سلامتی کیلیے پاک فوج کے کردار کو سراہا۔

میجر جنرل آصف غفور کے مطابق سیہون شریف دھماکے پر آرمی چیف کی ہدایت پر فوری طور پر پاک فوج، رینجرز اور میڈیکل ٹیمیں جائے وقوع پربھجوا دی گئیں ہیں۔ آرمی چیف کی ہدایات پر سی ایم ایچ حیدر آباد میں بھی زخمیوں کیلیے خصوصی اقدامات کردیے گئے ہیں۔دریں اثنا ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہو رہی ہے لیکن ہم ملک کا دفاع کرتے ہوئے ان حملوں کا بھرپور جواب دیں گے۔ درگاہ لعل شہباز قلندرؒ پر خودکش حملے کے بعد میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں کی ہدایات بھی افغانستان سے آرہی ہیں۔ دہشت گردی کے واقعات افغانستان کے اندر سے محفوظ پناہ گاہوں سے کئے جا رہے ہیں اور ان حملوں کی ہدایات دشمن قوتیں دے رہی ہیں۔ ہم دفاع بھی کریں گے اور بھرپور جواب بھی دیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments