دہشت گردوں کی نشان دہی ہو گئی ہے : شہباز شریف


\"\"وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف پولیس کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ لاہور دھماکے کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے، دہشت گردوں کی نشان دہی ہو گئی ہے جس پر میں آئی جی پنجاب اور پولیس افسروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم پاکستان سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ لڑیں گے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچا کر رہیں گے۔ دہشت گردوں سے گن گن کر بدلہ لیں گے۔ قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم اپنے ایک ایک شہید کا بدلا لیں گے۔ دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی جاتی ہے، جہاں ان کا مرکز ہے۔ لاہور دھماکے کے پیچھے بھی یہی لوگ ملوث تھے۔ لاہور میں دھماکا کرنے والے خود کش بمبار کا تعلق بھی افغانستان سے تھا۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ لاہور حملے کے سہولت کار انوار الحق کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے ہے۔ سہولت کار انوار خود کش بمبار کو لاہور لایا۔ شہباز شریف نے کہا کہ شہدا کی جدائی کا صدمہ الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔ دھماکے میں جاں بحق پولیس افسروں کی جدائی تکلیف دہ ہے۔ میں نے شہدا کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور لواحقین کا حوصلہ بلند کرنے کے لئے ان سے ملا۔ شہدا کے معصوم اور کمسن بچوں کی باتیں سن کر آنکھیں بھر آئی تھیں۔ ایک شہید کی ماں نے کہا کہ میں دوسرے بچے کو بھی پولیس میں بھیجوں گی۔ میں دھماکے کے زخمیوں سے بھی ملا اور ان کے عزم میں بھی کمی نہیں دیکھی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہمارا فوجی عدالتوں پر موقف بڑا واضح ہے۔ فوجی عدالتیں قائم ہونی چاہئیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت فوجی عدالتوں کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ دہشت گردوں کو ڈر ہونا چاہیے کہ کارروائی پر موت کی سزا ملے گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں سلیپرز سیلز اور سہولت کاروں کا الزام لگایا جاتا رہا۔ دہشت گردوں کو پنجاب کا لوکل سہولت کار نہیں ملتا۔ دہشت گردوں نے باجوڑ ایجنسی سے سہولت کار حاصل کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments