سانحہ سہون پر اشتعال پھیلانے والے دہشت گردوں کے ساتھی ہیں: وزیراعلیٰ سندھ


\"\"وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ درگاہ لعل شہباز قلندر میں ہونے دھماکے میں پر پوری قوم افسردہ ہے لیکن سانحے کے بعد عوام میں اشتعال پھیلانے والے بھی دہشت گردوں کے ساتھی ہیں۔
لعل شہباز قلندر کے مزار کے دورے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سانحہ سہون پر پوری قوم غم اور صدمے سے دوچار ہے اور عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے لیکن اتنے دلخراش واقعہ کے بعد عوام کے غم کو کم کرنے اور کندھا دینے کے بجائے ان میں اشتعال پھیلانے کی کوشش کرنے والے بھی دہشت گردوں کے ساتھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد تمام فورسز بالخصوص پاکستان ائیرفورس اور نیوی نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں لیکن فورسز کی امدادی سرگرمیوں سے پہلے سندھ حکومت حالات پر قابو پا چکی تھی۔
مراد علی شاہ نے اعتراف کیا کہ اندرون سندھ میں علاج کی بہترین سہولیات موجود نہیں جس کی وجہ سے سہون دھماکے کے زخمیوں کو کراچی اور دیگر شہروں کے ہسپتالوں میں منتقل کرنا پڑا اور طبی سہولیات کا فقدان ہی ہلاکتوں میں اضافے کی وجہ بھی بنا تاہم ہم سے جو بھی ہوسکا ہم نے کیا، طبی سہولیات کی کمی کے پیش نظر ہی کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے متاثرہ طالب علم کو علاج کے لئے امریکا بھیجنا پڑا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ انسانی اعضا کے کچرے اور نالے کی خبر نے ہلا کررکھ دیا جس کی شدید مذمت کرتا ہوں اور کوتاہی برتنے والے افراد کو سخت سزا ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سہون دھماکے میں 88 بے گناہ جانوں کے زیاں پر افسوس ہے، سانحہ سہون کے بعد سے شدید غم اور سخت تکلیف میں ہوں اور انسانی اعضا والے واقعے کے بعد مجھے بہت شرمندگی ہوئی، ذمہ داروں سے کہتا ہوں کہ مجھے مزید تکلیف نہ دی جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments