پی ایس ایل کے فائنل کے دوران لاہور کی کوئی سڑک بلاک نہیں ہوگی، راناثنااللہ


لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پنجاب کے وزیرقانون رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے تمام انتظامات مکمل اورسیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے، خوشی کے موقع پرعوام کو کوئی تکلیف نہیں دینا چاہتے، فائنل کے موقع پرکرفیو کی صورت حال نہیں ہوگی، سیکیورٹی کے انتظامات صرف وہاں ہوں گے جہاں ٹیم ٹھہرے گی یا ٹیموں کا آنا اور جانا ہوگا، کسی علاقے اور سڑک کو بلاک نہیں کیا جائے گا، شہر بھر میں تمام روٹس پر بسیں چلائی جائیں گی، اسٹیڈیم کے اطراف پارکنگ تک ٹریفک کو رواں رکھا جائے گا اور پارکنگ ایریا سے اسٹیڈیم تک فری سروس فراہم کی جائے گی لیکن پھر بھی اگر کوئی پیدل جانا چاہے توجا سکتا ہے۔

 

راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے انعقاد کے فیصلے کو پوری قوم نے سراہا اور پوری قوم ہی پرجوش نظر آرہی ہے، پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد دہشت گردوں کے لئے پیغام ہے اورعوام نے بھی ثابت کردیا کہ وہ دہشت گردی کے خوف کو مسترد کرتے ہیں، ہم نے عوام کی مدد سے پنجاب کو پرامن ثابت کردیا اب پورے ملک کو پرامن بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میگا ایونٹ پاکستان کی ساکھ بہتر بنانے کا باعث بنے گا ایسےایونٹ ہرمعاشرے کا حصہ اورقومی ضرورت ہوتے ہیں لیکن منفی سیاست کرنے والےعناصر پی ایس ایل فائنل لاہورمیں کرانے کے خلاف ہیں اور اس پر بھی سیاست چمکا رہے ہیں حسد اور عناد کی وجہ سے منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے محدود سوچ کے مالک سیاستدان اپنی سوچ سے باہر نہیں نکلتے اور پی ایس ایل کی مخالفت کررہے ہیں۔

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ ہم پرامن قوم ہیں اور پرامن طریقے سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر طبقے کے افراد نے قربانیاں دی ہیں اور اب بھی  دہشت گردوں کےعزائم کو خاک میں ملانے کے لئے پوری قوم متحد ہے عوام کی مدد سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ لڑیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).