آپ کے مسائل اور ان کا حل


قبلہ کالے شاہ المعروف سائیں لفنگا سرکار جدید دور کے ماڈرن درویش اور پیشہ ور ستارہ شناس ہیں۔ انہیں اجرام فلکی اور فلمی ستاروں کے چالے اور چالوں کی خوب پہچان ہے۔ سرکار بخوبی جانتے ہیں کہ زحل کب ساڑھ ستی میں داخل ہوکر نحس اثرات مرتب کرتا ہے اور نرگس کس لیے دبئی کا سعدسفر اختیار کرتی ہے ۔ تاہم کالے شاہ زیادہ تر اجرام فلکی کی مدھم لو کی بجائے فلمی ستاروں کی چکا چوند روشنی میں آپ کے مسائل کا حل بیان کرنا پسند فرماتے ہیں ۔ اس کارِ خیر کی خاطر شوبز کی تقریبات اور فیشن شوز میں جا کر ان ستاروں کی چالوں(جنہیں وہ شطرنجی چالوں کا نام دیتے ہیں) میں بڑے بڑے مسائل کا حل ڈھونڈ نکالنا آپ کا معمول ہے ۔ ملاحظہ کیجئے۔

مسئلہ: میری پہلی شادی غیروں میں ہوئی مگر جلد ہی طلاق ہو گئی ۔ دوسری شادی اپنوں میں کی لیکن اس خاوند نے بھی ملنسارانہ چال چلن کا الزام لگا کر فارغ کردیا۔ تیسری شادی تو بمشکل دو ماہ ہی چل سکی ۔ اب چوتھی دفعہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی ہوں لیکن کم بخت شوہر بہت شکی مزاج ہے اور ہر وقت میری نگرانی کرتا ہے ۔ براہِ کرم اپنے ستاروں کی روشنی میں اس مسئلے کا حل بتائیے ۔

حل: ہمارے فلمی ستارے آپ کو آفریں کہتے ہیں لیکن اس طرح کے مسائل کا انہیں کوئی خاص تجربہ نہیں ،کیونکہ وہ تو خود کبھی کبھار ہی شادی وادی کرتے ہیں۔ البتہ ہم آپ کا مسئلہ حل کر سکتے ہیں۔ اتفاق سے ہم خود بھی آپ کی طرح بہت ہی ملنسارانہ چال چلن کے حامل واقع ہوئے ہیں۔ بس آپ آستانے پر تشریف لائیے ۔ مل بیٹھ کر کوئی حل نکال لیں گے ۔

مسئلہ: سیہون شریف کی دھمال سے ہماری مایہ ناز اخلاقیات کو پہلے ہی بہت ابکائیاں آتی تھیں ۔ بزرگوں کے کالم پڑھ کر معلوم ہوا ہے کہ سانحہ سیہون شریف کے بعد شیما کرمانی کے وہاں جا کر دھمال ڈالنے سے ہمارے ایمان و اخلاق کو مزید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ آپ کے ستارے کیا کہتے ہیں؟

حل: سانحہ سیہون شریف کے بعد ہمارے ستاروں کا موقف درست ثابت ہو گیا ہے کہ ناچنے والے نہیں، نہ ناچنے والے خطرناک ہوتے ہیں ۔ ناچنے والوں کا خون نہ ناچنے والوں نے بہایا جبکہ ناچنے والے تو مکھی بھی نہیں مار سکتے ۔ فلمی ستارے تو دبے دبے لفظوں میں یہ بھی کہتے ہیں کہ ایسے نہ ناچنے والوں کے حمایتی اور سہولت کار بھی ملک وقو م کے لیے زہر قاتل ہیں، جو مخلوق خدا کی چیتھڑے اڑانے والوں کی بجائے شیما کرمانی کی مذمت کرتے ہیں۔

مسئلہ: شاہ جی ! یہ عمرانی معاہدہ کیا ہوتا ہے اور ملک میں تبدیلی کے ذریعے نیا عمرانی معاہدہ کرنے پر کیوں زور دیا جا رہا ہے ۔ کیا اس سے ہمارے مسائل حل ہو جائیں گے ؟

حل: مسائل حل ہونے کے بارے میں تو ستارے کچھ نہیں کہہ سکتے ،البتہ عمرانی معاہدہ سے مراد یہ ہے کہ عوام اب عمران خان کا حق حکمرانی تسلیم کرتے ہوئے ان کے ساتھ معاہدہ کرلیں اور ن لیگ کے ساتھ غیر عمرانی معاہدہ ختم کر دیں ۔زور تو بہت دیا اور لگایا جا رہا ہے مگر عوام کا کچھ بھروسہ نہیں کہ وہ کیا گل کھلائیں گے ۔

مسئلہ: کچھ لوگ سپر لیگ کے فائنل کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں۔ کیا اس موقع کو باہمی اتحاد کے ذریعے دشمنوں کے دانت کھٹے کرنے کا ذریعہ نہیں بنایاجا سکتا؟

حل: بنایا جا سکتا ہے مگر اس سے ہمیں نظر لگ سکتی ہے ۔ دنیا غلط فہمی کا شکار ہو سکتی ہے کہ شاید یہ قوم کسی مسئلے پر متحد ہو گئی ہے ۔

مسئلہ: مرشد کامل ! آپ کے ستارے ہمارے مستقبل کے بارے میں کیا پیش گوئی کرتے ہیں؟

حل: ہم نے اس اہم اور سنجیدہ مسئلے کے لیے ایک معروف فلمی ستارے کے ساتھ ان کیمرہ سیشن منعقد کیا۔ ہمیں ستارہ ہذا کی چکا چوند روشنی میں سب کچھ نظر آ گیا ، سوائے آپ کے مستقبل کے ۔ طویل اجلاس کے بعد یہ بھید کھلا کہ مستقبل ان کا ہوتا ہے ، جن کا ماضی کو ۔ جن کا ماضی مارشل لاﺅں اور ایمر جنسیوں سے لبریز ہو ، ان کے مستقبل تک ستاروں کی روشنی نہیں جاتی۔

مسئلہ: بڑی مشکلوں سے میرا نام ای سی ایل سے خارج ہوا اور میں آپ کی دعا سے وکٹری کا نشان بناتے ہوئے جہاز میں سوار ہو گئی ۔ اب خدارا اپنے ستاروں کو گردش میں لا کر منی لانڈرنگ کے اس جھوٹے مقدمے سے بھی میری جان چھڑائیں ۔

حل: اپنی ٹیڑھی میڑھی انگلیوں سے وکٹر ی کا نشان بنا کر عوام کامنہ چڑھانے سے تو یہاں قومی وسائل لوٹنے والا ڈھیٹ بھی باز نہیں آتا، آپ توخیر اپنی مخروطی انگلیوں سے وکٹری کا نشان بناتے بڑی ڈیسنٹ لگ رہی تھیں۔ ہم حیران ہیں کہ آپ تو خود شوبز کا آتش گیر ستارہ ہیں او ر آپ جیسے سپر ستارے جب گردش میں آتے ہیں تو گردش دوراں بھی تھم جاتی ہے ۔ تاہم آپ کی چال میں کوئی نہ کوئی جھول ضرور ہے ورنہ پکڑی ہی کیوں جاتیں ؟ اگر آئین کے آرٹیکل چھ کے گناہ گار آزادی سے بیرون ملک جا کر گلچھرے اڑا سکتے ہیں تو چند ٹکوں کے ساتھ پکڑی جانے والی کو اتنی دیر سے کیوں اجازت ملی ؟ بہرحال حوصلہ رکھیں ، ایسے بے بنیاد مقدمات میں کسی کو سزا نہیں ہوتی۔ آپ باعزت بری ہیں۔

مسئلہ: کالے شاہ سرکار ! دہشت گردی کے مسئلے پر کچھ لوگوں کاموقف ہے کہ دشمن باہر نہیں ، ہمارے اندر ہے ۔ یہ اندر کا دشمن کون ہے ؟
حل: ہم نے آپ کے سوال کے لیے کل رات گئے فلمی ستاروں سے رجوع کیا تھا مگر وہ اس وقت شوٹنگ سے فارغ ہوکر مستی کے موڈ میں تھے اور کورس کی شکل میں بلھے شاہ کا کلام گارہے تھے ۔ ہماری بات کو درخور اعتنا سمجھے بغیر انہوںنے کورس جار ی رکھا ” بُکل دے وِچ چور ، نی میری بُکل دے وِچ چور ….“

مسئلہ: باوا سرکار ! ایک طرف پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ پے در پے اضافوں کے بعد حالت یہ ہے کہ ”نہ بس چل رہا ہے ،نہ بس چل رہی ہے “ اور دوسری طرف بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے زندگی معطل کر کے رکھ دی ہے ۔ آپ اس کا کچھ حل فرمائیں۔

حل: ایک فیشن شو میں شوبز کے ستاروں کی کیٹ واک یعنی ہوشربا چالوں میں ان مسائل کا یہ حل نکلا ہے کہ گھر کے تہہ خانے سے اپنی پطرسی سائیکل نکال لیں۔ اس کو مرمت کرائیں اور زندگی کی شاہرا ہ پر نئی شان سے رواں دواں ہو جائیں۔ ورزش الگ ، بچت الگ۔ دوسرے مسئلے کا حل یہ ہے کہ گھر کے سٹور سے لالٹینیں اور دستی پنکھے نکالیں اور ان کو جھاڑ پونجھ لیں ۔ لوک ورثہ زندہ کرنے کا موقع بھی ملے گا اور خرچہ بھی نہیں ہوگا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).