افغانستان سے دہشت گردوں کے پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے، 5 اہلکار شہید


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق رات گئے افغانستان سے دہشت گردوں نے مہمند ایجنسی میں 3 پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے کئے جنہیں پاک فوج کے جوانوں نے موثر نگرانی کے عمل کے باعث ناکام بنا دیا۔ دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوئے جب کہ بھرپور جوابی کارروائی میں 10 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آڑ کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں میں نائیک ثناء اللہ، نائیک صفدر، سپاہی الطاف، سپاہی نیک محمد اور سپاہی انور شامل ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی کو سراہا اور وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک کے مشترکہ دشمن ہیں اور سرحد پر افغانستان کی جانب سے موثر سیکیورٹی کی ضرورت ہے تاکہ دہشت گردوں کی آزادانہ آمدورفت کو روکا جا سکے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).